بہار میں کسی کو وزارت اعلیٰ کا امید وار نہیں بنایا جائے گا - بی جے پی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-17

بہار میں کسی کو وزارت اعلیٰ کا امید وار نہیں بنایا جائے گا - بی جے پی

پٹنہ
آئی اے این ایس
بی جے پی نے آج کہا کہ وہ اپنے چیف منسٹری کے امید وار کا اعلان نہیں کرے گی اور اس کے بجائے وزیر اعظم نریندر مودی کے نام پر بہار میں آنے والے اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرے گی ۔ مرکزی وزیر برائے کیمیکلس و فرٹیلائزرس اور بہار کے لئے پارٹی انچارج اننت کمار نے کہا کہ بی جے پی اپنے چیف منسٹری کے امید وار کا اعلان نہیں کرے گی۔ ریاست کے اس سرکردہ سیاسی عہدہ کے لئے بی جے پی کے پاس کئی با صلاحیت قائد موجود ہیں لیکن وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے نام پر اسمبلی انتخابات لڑے گی ۔ انہوں نے یہاں میڈیا کو بتایا کہ نریندر مودی بی جے پی کا چہرہ ہیں ۔ ہماری پارٹی ان کی زیر قیادت اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرے گی۔ بی جے پی کی اصل حریف جماعت حکمراں جنتا دل یو، آر جے ڈی، کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے اتحاد نے نتیش کمار کو اس سرکردہ عہدہ کے لئے اپنا امید وار بنانے کا8جون کو اعلان کیا ۔ اننت کمار نے کہا کہ پارٹی نے گزشتہ ایک سال کے دوران مختلف ریاستوں میں نریندر مودی کے نام پر اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کیا۔ مرکزی وزیر نے راشٹریہ جنتادل کے صدر لالو پرساداور چیف منسٹر بہار کے بار بار کیے جانے والے اس مطالبہ کو کوئی اہمیت نہیں دی کہ بی جے پی کو بھی اپنے چیف منسٹری کے امید وار کا اعلان کرنا چاہئے ۔ بی جے پی کی حلیف جماعت لوک سمتا پارٹی نے کل کہا کہ اس کے پارٹی صدراور مرکزی وزیر اوپیندر خشواہاکو اپوزیشن اتحاد کا چیف منسٹری کا امید وار بنایاجانا چاہئے ۔ بہر حال بی جے پی کی ایک اور حلیف مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کی لوک جن شکتی پارٹی نے گزشتہ ہفتہ یہ اعلان کیا تھا کہ پاسوان ، این ڈی اے کے چیف منسٹری کے امید وار نہیں ہوں گے ۔ سابق چیف منسٹر بہار جتن رام مانجھی جنہوں نے ریاست میں این ڈی اے اتحاد میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے ، کہا ہے کہ وہ اس اعلیٰ عہدہ کے دوڑ میں شامل نہیں ہیں اور بی جے پی لیڈرہی امید وار ہوگا ۔ بہار کی ذات پات کی سیاست میں بی جے پی کے زائد از ایک درجن لیڈروں کا تعلق اعلیٰ ذات سے ہے۔ پسماندہ ذاتوں نے وزارت اعلیٰ کے امیدوار کی حیثیت سے پیش کیے جانے کے لیے اپنا دعویٰ سامنے رکھا ہے۔

It's Modi vs Nitish in Bihar: BJP not to announce CM candidate, says will contest on Modi's name

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں