یوم یوگا - دنیا میں امن و ہم آہنگی کے نئے دور کے آغاز کی علامت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-22

یوم یوگا - دنیا میں امن و ہم آہنگی کے نئے دور کے آغاز کی علامت

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ملک میں پہلے عالمی یوم یوگاتقاریب کی قیادت کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ دنیا میں امن و ہم آہنگی کے ایک نئے دور کے آغاز کی یہ علامت ہے۔ خود بھی یوگا کے پرجوش حامی وزیر اعظم نے تاریخی جن پتھ پر آج صبح یوگا کے مظاہرہ میں35ہزار افراد کے ساتھ خود کو شامل کرتے ہوئے سبھی کوحیران کردیا۔ ان میں سیاسی قائدین ، سرکاری عہدیدار ، سپاہی اور طلبہ سبھی شامل تھے ۔ مودی نے اس موقع پر اپنی تقریر میں کہا کہ کیا کسی نے سوچا تھا کہ یہ راج پتھ ایک دن یوگ پتھ بن جائے گا؟ ہم محض ایک دن کا اہتمام نہیں کررہے ہیں بلکہ انسانی ذہن کو امن و ہم آہنگی کے ایک نئے دور کے آغاز کی تربیت دے رہے ہیں ۔ یہ انسانی فلاح و بہبود کا پروگرام ہے تاکہ خیر سگالی کے پیام کو پھیلایاجائے ۔64سالہ مودی نے جن کے بارے میں کہا گیا تھا کہ وہ صرف تقریب سے خطاب کریں گے ، دوسرے شرکاء کے ساتھ زمین پر بیٹھ کر تقریبا21آسن کئے ۔ 30منٹ کی یہ بڑی تقریب صبح7بجے شروع ہوئی ۔ شرکا کی رہنمائی کے لئے بڑے اسکرین لگائے گئے تھے جس پر انگریزی اور ہندی میں ہدایات دی جارہی تھیں ۔ مودی نے اقوام متحدہ اور177ممالک کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے21جون کو عالمی یوم یوگا کی حیثیت سے قبول کرنے عالمی ادارہ میں ہندوستانی قرار داد کی تائید کی۔ وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے گزشتہ سال ستمبر میں اپنے پہلے ختاب کے موقع پر یہ تجویز پیش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر لوگوں کے لئے یوگا صرف ایک جسمانی ورزش ہے لیکن یہ ایک بڑی غلطی ہے ۔ اگر ایسا ہوتا تو سرکس میں کام کرنے والے بچے یوگی کہلاتے ۔ چنانچہ یوگاصرف جسم کو ہی لچکدار نہیں بناتا بلکہ کئی پہلوؤںسے انسان کا ارتقاع ہوتا ہے ۔ وزیر اعظم نے مختلف آسنوں کو یوگا کی وسیع تر تصویر کا آغاز قرار دیتے ہوئے اسے کسی شوکے آغاز اورمختلف آلات موسیقی کی دھنوں سے تعبیر کیا ۔ مودی کے ساتھ ڈائس پر رام دیو اور مختلف مذاہب و یوگا ادارو ں کے قائدین موجود تھے ۔ چیف منسٹردہلی اروند کجریوال لفٹننٹ گورنر نجیب جنگ ، کئی بیرونی ممالک کے سفارتکاروں نے بھی اس یوگا پروگرام میں حصہ لیا ۔ امریکی سفیر برائے ہند ریچرڈ ورما نے بھی اس میں حصہ لیا۔مودی نے کہا کہ یہ پروگرام محض عوام کے فائدہ اور پیاروخیر سگالی کے پیام کو پھیلانے کے مقصد سے شروع کیا گیا ہے ۔ اس کا مقصد دنیا کو کشیدگی سے آزاد بنانا اور ہم آہنگی کے پیام کو عام کرنا ہے ۔ یاد رہے یوگاکے بارے میں بعض اقلیتی گروپوں کی جانب سے مخالفت کی گئی جس کے بعد حکومت نے اس پروگرام سے سوریا نمسکار کو خارج کردیا ۔ بعض مسلم گروپوں نے دعوی کیا کہ یہ سوریہ نمسکار شرک ہے جو ان کے مذہب کے خلاف ہے ۔ ذرائع کے مطابق راج پتھ کیت قریب میں بڑی تعداد میں غیر ملکی سفارتکار موجود تھے ۔ وزیر خارجہ نے ملک میں موجود152غیر ملکی مشن کے سفارتکاروں کو اس میں مدعو کیا تھا جن میں سے بیشتر مشن کے نمائندوں نے اس میں شرکت کی ۔ آج کا دن191ممالک کے291شہروں میں منایا گیا ۔ اطلاع کے مطابق افغانستان اور چند افریقی ممالک کے سفارت کاروں نے بھی اس میں شرکت کی لیکن پاکستان کے کسی نمائندہ کی شرکت کی توثیق نہیں ہوسکی ۔
اقوام متحدہ سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب ہندوستان نے آج کہا ہے کہ یوگا کو کسی مخصوص مذہب کا نہیں سمجھنا چاہئے اور اس قدیم روحانی عمل سے منفی رجحانات کو دور کیاجاسکتا ہے اور تشدد اور تصادم سے متاثردنیا میں انسانیت کو امن کی راہ پر گامزن کیاجاسکتا ہے ۔ اقوام متحدہ میں پہلے بین الاقوامی یوم یوگا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر کارجہ سشما سوراج نے کہا کہ پوری دنیا ایک خاندان ہے اور ہم یوگا کے ذریعہ اسے متحد کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت جب کہ نسلی تصادم اور انتہا پسند تشدد سے معاشروں کے عدم استحکام کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے یوگا ایسے منفی رجحانات روکنے کا صحیح ذریعہ ثابت ہوسکتا ہے اور ہمیں امن و ہم آہنگی کی راہ پر گامزن کرسکتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یوگا واسو دیوا کٹمم کی ہندوستانی روایت کے مطابق بھائی چارے و ہم آہنگی کے پیام کو فروغ دینے کے لئے اقوام متحدہ کے لئے ایک مضبوظ آلہ بن سکتا ہے ۔ اقوام متحدہ پر ہونے والی اس تقریب میں سکریٹری جنرل بان کی مون، جنرل اسمبلی کے صدر سام کوٹیسا، دھارمک گروسری سری روی شنکر اور رکن کانگریس تلسی گواڈ بھی شریک تھیں۔

نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی ایک اور اطلاع کے بموجب وزیر اعظم نریندرمودی نے یوگا کو کمرشیل بنانے کے خلاف انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر اسے کاروبار کا ذریعہ بنا لی اگیا تو اس عالمی ورثہ کو شدید نقصان پہنچے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یوگا لالچ، تشدد، بیماریون اور تصادم پر قابو پانے کا ذریعہ ہے۔ اس کے ساتھ ہم اجتماعی نظم کے ساتھ موثر انداز میں کرنے کی تربیت بھی ہے ۔ اگر ہم نے اسے پیشہ وارانہ بنادیا تو ہم خود اسے نقصان پہنچانے کا سبب بنیں گے ۔ مودی نے کہا کہ یوگا بیچنے کی چیز نہیں ہے ۔ یہ کوئی برانڈ نہیں جسے فروخت کیا جائے۔

India displays Yoga power to world; PM Narendra Modi calls International Yoga Day a start of 'new era'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں