قانون کی حکمرانی پر مرکزی حکومت کا دہرا معیار - نتیش کمار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-16

قانون کی حکمرانی پر مرکزی حکومت کا دہرا معیار - نتیش کمار

پٹنہ
پی ٹی آئی
چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج مرکز پر دہرا معیار اختیار کرنے کا الزام عائد کیا اور قانون کی حکمرانی کے تئیں اس کے پابند عہد ہونے پر سوالیہ نشان لگایا۔ انہوں نے یہ بات للت مودی تنازعہ میں وزیر خارجہ سشما سوراج کا این ڈی اے حکومت بی جے پی اور آر ایس ایس کی جانب سے متحدہ دفاع کرنے کے پس منظر میں کہی۔ انہوں نے پٹنہ میں چیف منسٹر کی سرکاری قیام گاہ میں جنتادربار کے موقع پر اخباری نمائندوں سے کہا کہ جس طرح این ڈی اے حکومت، بی جے پی اور آر ایس ایس، سشما سوراج کی مدافعت میں یک جٹ ہوئے ہیں اس سے واضح ہوتا ہے کہ بی جے پی کا پسندیدہ اور ناپسندیدہ لوگوں کے معاملہ میں قانون کی حکمرانی پر دہرا معیار ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپنوں کے معاملہ میں بی جے پی ایسے لوگوں کی بھی مدد کردیتی ہے جنہوں نے جرم کیا ہو لیکن وہ جنہیں پسند نہیں کرتی ان کے خلاف سخت کارروائی پر اترآتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھگوا جماعت نے واضح کردیا ہے کہ وہ قانون کی حکمرانی کے معاملہ میں دہرے معیار کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ چیف منسٹر بہارنے کہا کہ اپنا آدمی کچھ بھی ہواسے بچانا چاہئے ، مدد کرنا ہے ۔ نتیش کمار نے سوال کیا کہ مجھے بتایاجائے کہ کتنے کیسس میں انسانی بنیادپر کارروائی کی گئی؟ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ سشما سوراج کی حمایت کرتے ہوئے خطرناک صورتحال پیدا کی جارہی ہے ۔ سشما سوراج نے منی لانڈرنگ کیس کے ایک بھگوڑے سابق آئی پی ایل کمشنر کی مدد کی جس کے پیچھے2010سے انفورسمنٹ ڈائرکٹریٹ( ای ڈی) پڑی ہے۔ للت مودی کو سشما سوراج کی مدد کے انکشاف کے بعد پوری حکومت بشمول وزیر اعظم شک کے دائرہ میں آگئی ہے ۔ کمار نے این ڈی اے حکومت کے سینئر وزرا کے اس دعویٰ کی تردید کرتے ہوئے کہ میڈیا میں انکشاف تک وزیر اعظم کو جانکاری نہیں تھی ، کہا کہ حکومت میں ہر کوئی بشمول وزیر اعظم وزیر خارجہ کی بھگوڑے للت مودی کو مدد سے واقف تھا ۔ چیف منسٹر بہار نے کہا کہ ایسا شخص جو اپنے وزرا کی پل پل کی خبر رکھتا ہو، طیارہ میں سفر کے دوران جینس پہننے والے اپنے ایک وزیر کو طیارے سے اتر جانے اورلباس تبدیل کرنے کے لئے کہتا ہو ، کیا اس سے یہ توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ اپنی ایک سینئر وزیر کے کام کاج سے لاعلم رہتا ہو ۔ سابق آئی پی ایل کمشنر کو سشما سوراج کی مدد کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ ابھی تو صرف ابتدائی تفصیلات میڈیا میں آئی ہیں، بہت کچھ آگے سامنے آئیگا۔ نتیش کمار نے کہا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ آیا وزیر خارجہ نے للت مودی کی مدد کے سلسلہ میں اپنے رفیق ووزیر فینانس ارون جیٹلی سے منظوری لی یا نہیں ۔ چیف منسٹر بہار نے کہا کہ حکومت کا حکمرانی میں شفافیت کا دعویٰ بے نقاب ہوچکا ہے اور للت مودی معاملہ مرکزی حکومت کے ورک کلچر کے تعلق سے بہت کچھ بیان کرتا ہے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ وزیر خارجہ سشما سوراج جس تنازعہ میں گھری ہیں اس میں پوری حکومت ملوث ہے۔ انہوں نے تاہم یہ کہتے ہوئے سشما کے استعفیٰ کا مطالبہ نہیں کیا کہ وہ صرف تنازعہ کے تعلق سے بات کررہے ہیں ۔

Lalit Modi visa row: Nitish Kumar accuses BJP of double standards

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں