پی ٹی آئی
مودی حکومت آج ایک اور تنازعہ میں گھر گئی ۔ ٹی وی اداکار اور بی جے پی رکن گجیندر چوہان کو ایف ٹی آئی آئی کی گورننگ کونسل کا صدر نشین بنانے پر ادارہ کے طلباء نے احتجاج کرتے ہوئے اسے ادارہ کی توہین قرار دیا ۔ فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا( ایف ٹی آئی آئی) کے طلبا اداکارکو اس عہدہ سے ہٹانے کے مطالبہ پر اٹل ہیں ۔ ٹی وی سیرئیل مہابھارت میں یدھشٹر کا کردار ادا کرنے والے چوہان نے اس احتجاج کو سیاسی محرکات پر مبنی قرار دیا اور کہا کہ کوئی شخص اپنے ذاتی مفاد کے لئے طلبا کو بھڑکارہا ہے۔ چوہان کے تقرر کے خلاف طلبا کا احتجاج چوتھے دن میں داخل ہوگیا ہے ۔ ایف ٹی آئی آئی طلبا اسوسی ایشن وزارت اطلاعات و نشریات سے اس باتے میں جواب کی منتظر ہے ۔ چوہان نے کہا کہ وہ طلبا کے احتجاج کے خلاف ہے اور انہیں اس بات پر افسوس ہے کہ ان سے واقفیت کے بغیر ان کی صلاحیتوں کے بارے میں سوال اٹھائے جارہے ہیں ۔ اداکار نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر احتجاجی طلبا سے بات چیت کے خواہاں ہیں ۔ اسی دوران سوراج ابھیان کے لیڈر یوگیندر یادو نے طلبا کی تائید کے لئے ادارہ کا دورہ کیا اور ان کے مطالبہ کو منصفانہ قرار دیا ۔ یادو نے الزام لگایا کہ مودی حکومت لفظ، خود مختارکے مفہوم سے نا آشنا ہے ۔ یہ پہلا ادارہ نہیں ہے جہاں خود مختاری کو ختم کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف زعفرانی رنگ دینے کا سوال نہیں ہے بلکہ حقیقی سوال ان تمام اداروں کی توہین کا ہے جہاں مناسب اہلیت نہ رکھنے والے افراد کا تقر ر کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ایک باوقار ادارہ پر یہ ایک حملہ ہے جو قوم کے مفاد میں نہیں ہے ۔ یادو نے کہا کہ سابق حکومت نے بھی ایسی حرکت کی تھی، لیکن موجودہ حکومت نے حدیں توڑ دیں ۔ دستاویزی فلمسازآنند پٹوردھن نے بھی احتجاج کی تائید کی اور کیمپس کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے اداروں میں بڑھتے ہوئے سیاسی اثرات کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے والے طلبا کو مبارکباد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سارے ملک میں جو کچھ ہورہا ہے اس سے وہ واقف ہیں اور اس پر انہیں حیرت نہیں ہے ۔ ایف ٹی آئی آئی کے طلبا کی انجمن نے الزام لگایا کہ چوہان اس عہدہ کی مناسب اہلیت نہیں رکھتے۔
Mahabharat actor as FTII prez sparks students' protest
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں