شمالی کشمیر کے سوپور ضلع میں ایک اور قتل - ایک ہفتہ میں چوتھا واقعہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-16

شمالی کشمیر کے سوپور ضلع میں ایک اور قتل - ایک ہفتہ میں چوتھا واقعہ

سری نگر
یو این آئی
نامعلوم بندوق برداروں نے آج شمالی کشمیر کے ایپل ٹائون شپ سو پور میں ایک بار پھر حملہ کرتے ہوئے ایک سابق عسکریت پسند کو ہلاک کردیا۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ سوپور میں گزشتہ ایک ہفتہ سے بھی کم کے عرصہ میں یہ چوتھی ہلاکت ہے ۔ یہ علاقہ سخت گیر حریت کانفرنس کے صدر نشین سید علی شاہ گیلانی کا گڑھ تصور کیاجاتا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بندوق برداروں نے آج صبح8:30بجے منڈ جی علاقہ میں ایک سابق عسکریت پسند اعجاز احمد ریشی پر انتہائی قریب سے فائرنگ کردی ۔ 35سالہ ریشی کو فوری ایک ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔ ریشی گزشتہ24گھنٹوں کے دوران سوپور میں ہلاک کئے جانے والے دوسرے سابق عسکریت پسند ہیں۔ قبل ازیں کل بادام باغ میں ایک سابق عسکریت پسند معراج الدین کو ہلاک کردیا گیا تھا جب کہ بومائی میں ایک دکاندار خورشید احمد کو گولی مار دی گئی تھی ۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران شیخ الطاف الرحمن بھی بندوق برداروں کی گولیوں کا نشانہ بنے ہیں ۔ سید شاہ گیلانی نے الزام عائد کیا ہے کہ ان ہلاکتوں کے پس پردہ سیکوریٹی ایجنسیوں کا ہاتھ ہے ، جب کہ اعتدال پسند حریت کانفرنس کے صدر نشین میر واعظ عمر فاروق نے الزام عائد کیا کہ چن قتل کے یہ واقعات وزیر دفاع منوہر پاریکر کے اس بیان کے بعد پیش آرہے ہیں جس میں انہوں نے اس خطہ میں عسکریت پسندی کا مقابلہ کرنے ’’اخوانیوں‘‘(خود سپرد عسکریت پسند) کے سیکوریٹی فورسس کے ساتھ مل کر کام کرنے کو حق بجانب قرار دیا ہے ۔ پی ٹی آئی کے بموجب حکمراں پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی نے آج شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میںسو پور ٹائون شپ میں حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ ایسے حملوں سے سوائے شخصی المیوں کے پیدا ہونے کے کوئی اور مقصد حل نہیں ہوگا۔ پارٹی جنرل سکریٹری رفیع احمد میر نے یہاں بتایا کہ پی ڈی پی ، بے معنی تشدد میں ایک اور قیمتی جان کے ضائع ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتی ہے۔ ایسی ہلاکتوں سے سوائے شخصی المیوں کے کوئی اور مقصد حل نہیں ہوگا۔ رفیع احمد نے آج کے واقعہ کو انتہائی بزدلانہ حرکت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہذب سماج میں بے قصوروں کی ہلاک کرنے کا کوئی جواز نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں موت اور تباہی کا لا متناہی سلسلہ ختم ہونا چاہئے ۔ تاکہ یہ ترقی کرسکے ۔ ایسے شرمناک واقعات کا دوبارہ پیش آنا بد بختانہ ہے۔ ایسے واقعات کے نتیجہ میں اب تک صرف تباہ شدہ خاندان پیدا ہوئے ہیں ، اور سماج میں یتیموں اور بیوائوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔
یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایپل ٹائون شپ میں حالات ابتر ہوتے جارہے ہیں، جہاں بندوق برداروں نے آج صبح ایک اور شخص کو ہلاک کردیا، اپوزیشن نیشنل کانفرنس کے کار گزر صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ حکومت دعویٰ کررہی ہے کہ حالات بہت اچھے ہیں ۔ سابق چیف منسٹر نے سو پور میں ہ لاکتوں کے واقعات کو وزیر دفاع منوہر پاریکر کے اس بیان سے جوڑا کہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے عسکریت پسندوں کا استعمال کیاجائے گا۔ نامعلوم بندوق بردار کے ہاتھوں آج ایک سابق عسکریت پسند کی ہلاکت پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے توئٹر پر کہا کہ سوپور میں ایک اور فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ۔ صورت حال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔ اس کے باوجود اس حکومت کے معذرت خواہ اور چیف منسٹر آپ کو بتائیں گے کہ جموں و کشمیر میں حالات بہت اچھے ہیں۔ عمر عبداللہ نے کل کہا تھا کہ حکومت کو ان ہلاکتوں کی روک تھام کے لئے فوری اقدامات کرنا چاہئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ اس میں کون ملوث ہے ، کیوں کہ انہیں انٹیلجنس رپورٹوں تک رسائی حاصل نہیں ہے ۔

Ex-militant shot dead in Sopore; fourth killing in 7 days

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں