للت اور راجے نے سرکاری جائیداد کو لکژری ہوٹل میں تبدیل کر دیا - کانگریس کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-30

للت اور راجے نے سرکاری جائیداد کو لکژری ہوٹل میں تبدیل کر دیا - کانگریس کا الزام

نئی دہلی
آئی اے این ایس
کانگریس نے آج کہا کہ چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے کی آئی پی ایل کے سابق صدر نشین للت مودی کے ساتھ راست معاملتیں ہیں۔ کانگریس قائد جے رام رمیش نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وسندھرا راجے ، ان کے لڑکے وشینت سنگھ ، بہو نہاریکا سنگھ اور للت مودی کی ملکیت کمپنی نینت پرائیویٹ لمٹیڈ نے حکومت راجستھان کی جائیداد حاصل کرلی اور اسے ایک خانگی اعلیٰ لکژری ہوٹل میں تبدیل کیا ہے۔ انہوں نے اس میں100کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی ہے۔ رمیش نے الزام لگایا کہ دھول پور پیالیس کا انتظام اب نینت ہریٹیج پرائیویٹ لمٹیڈ کے ہاتھ میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک جوائنٹ وینچر کمپنی نینت ہریٹیج پرائیوٹ پراپرٹیز لمٹیڈ کا انصرام کررہی ہے جو دھول پور پیالیس کے انتظامت کی بھی ذمہ دار ہے ۔ رمیش نے حکومت راجستھان کے دستاویزات دکھاتے ہوئے کہا کہ ان سے قطعی طور پر یہ ثابت ہوتا ہے کہ دھول پور پالیس کبھی دھول پور کے شاہی خاندان کی خانگی ملکیت نہیں رہا۔ پی ٹی آئی کے بموجب رمیش نے چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے پر الزام عائد کیا کہ وہ ایک خانگی کمپنی کے ذریعہ للت مودی کے ساتھ جبری اور غیر قانونی طور پر دھول پور پیالیس پر قابض ہیں ۔ سینئر پارٹی قائد جئے رام رمیش نے دعویٰ کیا کہ وسندھرا راجے کے ناراض شوہر ہیمنت سنگھ نے ایک عدالت میں یہ اعتراف کیا تھا کہ یہ پیالیس حکومت راجستھان کی ملکیت ہے ۔ انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ1954تا2010محکمہ مال کے کئی دستاویزات سے یہ ظاہر وہتا ہے کہ یہ پالیس حکومت کی ملکیت ہے لیکن راجے اور للت مودی کی کمپنی نینت ہیریٹیج ہوٹلس نے اسے ایک اعلیٰ لگژری ہوٹل میں تبدیل کردیا ہے ۔
پٹنہ سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب راشٹریہ جنتادل کے صدر لالو پرساد یادو نے آج این ڈی اے اتحاد کو فاشسٹوں کا ٹولہ قرار دیتے ہوئے زور دے کر کہا کہ آنے والی اسمبلی انتخاباتمیں عوام انہیں سبق سکھائیں گے ۔ لالو پرساد نے نئی دہلی روانہ ہونے سے پہلے یہاں پی ٹی آئی کو بتایا کہ این ڈی اے فاشسٹوں کی جماعت ہے وہ اقتدار سے ابھی بہت دور ہے۔ اس کے باوجود اس کے قائدین کا حقیقی کردار سامنے آرہا ہے ۔ وہ ایک دوسرے پر جنگل راج کا الزام لگاتے ہیں لیکن خود چیف منسٹر کا خزانہ توڑنے کی بات کرتے ہیں۔ عوام انہیں آنے والے اسمبلی انتخابات میں سبق سکھائیں گے ۔ آر جے ڈی صدر راشٹر یہ لوک سمتا پارٹی کے ریاستی صدر ارون کمار کے اس بیان پر رد عمل ظاہر کررہے تھے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کی ذات سے تعلق رکھنے والے عوام نے چوڑیان نہیں پہنی ہیں اور وہ چیف منسٹر بہار کے خزانہ کا تالا توڑ دیں گے اگر وہ جنتادل یو رکن اسمبلی اننت سنگھ اور ان کے ساتھیوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنائیں گے ۔ لالو پرساد نے اس بات کی نشاندہی کی کہ این ڈی اے کے دیگر شراکت دار جیسے بی جے پی اور لوک جن شکتی پارٹی نے ایسے بیان پر اپنی برہمی تک ظاہر نہیں کی ہے اور نہ اس کی تردید کی ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ سب ایک دوسرے سے ملے ہوئے ہیں اور اس بیان کو ان کی تائید حاصل ہے ۔

Lalit Modi, Raje conspired to convert govt property into luxury hotel, alleges Congress

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں