جنوبی کشمیر میں عسکریت پسندوں اور سیکوریٹی فورسس میں 14 گھنٹے تک لڑائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-23

جنوبی کشمیر میں عسکریت پسندوں اور سیکوریٹی فورسس میں 14 گھنٹے تک لڑائی

سری نگر
یو این آئی
جنوبی کشمیر کے ضلع کلگام میں عسکریت پسندوں کے ساتھ سیکوریٹی فورسس کی14گھنٹے طویل لڑائی میں لشکر طیبہ کے دو مبینہ کارکن ہلاک اور دو فوجی جوان زخمی ہوگئے جب کہ ان ہلاکتوں پر برہم عوام کے مظاہرہ کے نتیجہ میں پولیس کے آنسو گیس شیل لگنے سے ایک شہری جاں بحق ہوگیا ۔ وزارت دفاع کے ترجمان لفٹننٹ کرنل این این جوشی نے کہا کہ وہ عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے بعد انکاؤنٹر اگرچہ ختم ہوگیا لیکن علاقہ میں کسی دھماکو مادہ یا بم وغیرہ کے نہ پائے جانے کو یقینی بنانے کے لئے تلاشی مہم جاری رکھی گئی ہے ۔ ترجمان کے مطابق یہ عسکریت پسند کل رات سے ایک مکان میں روپوش تھے ۔ جب سیکوریٹی فورسس نے انہیں گھیر لیا تو انہوں نے فائرنگ شروع کردی ۔ تقریبا14گھنٹے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ کرنل جوشی کے مطابق دونوں عسکریت پسندوں کی نعشیں نکال لی گئی ہیں جن میں ایک کی شناخت جاوید احمد بھٹ کی حیثیت سے کی گئی اور دوسرے کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے ۔ مکان سے ایک اے کے رائفل، ایک خود کار رائفل اور دیگر اسلحہ بارود برآمد کیا گیا۔ دفاعی ترجمان نے کہا کہ لڑائی میں دو فوجی جوان بھی زخمی ہوئے۔ یہ لڑائی کل رات شروع ہوئی تھی ، جس کے خلاف برہم عوام نے مظاہرہ کیا ۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس شل برسائے ۔ گڑ بڑ کل رات اس وقت شروع ہوئی جب سیکوریٹی فورسس کی ایک ٹیم نے کلگام کے ریدوانی بالا علاقہ میں تلاشی مہم شروع کی ۔ فورسس کا دعویٰ ہے کہ انہیں یہاں عسکریت پسند وں کے موجود ہونے کی خفیہ اطلاع ملی تھی ۔ سیکوریٹی فورسس کی مہم کے خلاف اطراف کے خلاف اور آزادی کی حمایت میں نعرے لگانے شروع کئے ۔ انہوں نے علاقہ کی ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ مظاہرین نے بتایا کہ انہیں نماز تراویح ادا کرنے مسجد جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ سیکوریٹی فورسس نے مظاہرین کو منتشر کرنے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس شل برسائے ۔ آنسو گیس شل لگنے سے ایک شخص آصف رشید زخمی ہوگیا ۔ جسے شریک ہسپتال کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔صبح فجر کی نماز کے ساتھ ہی سینکڑوں کی تعداد میں لوگ پھر سے اکٹھا ہوگئے اور احتجاج شروع کیا۔ تاہم ناکہ بندی کئے گئے علاقہ میں داخل ہونے ہجوم کی کوشش کو سیکوریٹی فورسس نے ایک بار پھر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کرتے ہوئے ناکام بنادیا۔ علاقہ میں سیکوریٹی فورسس کے زائد دستے تعینات کردئیے گئے ہیں جبکہ اعلیٰ سیول و پولیس عہدیدار صورتحال پر قابو پانے موقع پر پہنچ گئے

جموں سے یو این آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب پاکستان نے رنبیر سنگھ پورہ سیکٹر میں ہلکے اسلحہ سے فائرنگ کرتے ہوئے ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی سپاہیوں نے آج صبح آر ایس پورہ سیکٹر میں ہلکے اسلحے سے ایک مرتبہ فائر کیا۔ بی ایس ایف کے سپاہیوں نے اسی نوعیت کے اسلحہ سے ایک راؤنڈ فائرنگ کرتے ہوئے جواب دیا جس میں کوئی زخمی نہیں ہوا اورنہ ہی کوئی نقصان پہنچا۔

Gunbattle between militants, security forces in south Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں