کشمیر میں علیحدگی پسندوں کا سوپور چلو احتجاجی پروگرام ناکام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-20

کشمیر میں علیحدگی پسندوں کا سوپور چلو احتجاجی پروگرام ناکام

سری نگر
یو این آئی
وادی کشمیر میں آج سو پور ہلاکتوں کے خلاف غیر اعلانیہ ہڑتال کی گئی جس کی وجہ سے وادی بھر میں معمول کی زندگی درہم برہم رہی۔ قابل ذکر ہے کہ حریت کانفرنس کے دونوں گروپوں ، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ اور ڈیمو کرٹک فریدم پارٹی نے سو پور میں گزشتہ ہفتے نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں ہلاک کئے گئے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرنے اور اہلیان سو پور کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کے لئے آج سو پور میں تمام حریت لیڈروں کے ایک اجتماعی احتجاجی ماچ کی اپیل کی تھی جس کو ریاستی حکومت نے تقریبا تمام علیحدگی پسند لیڈران کو نظر بند یا گرفتاراور وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں سخت ترین پابندیاں نافذ کرکے ناکام بنادیا۔ اگرچہ کسی بھی علیحدگی پسند جماعت نے ہڑتال کی کال نہیں دی تھی لیکن وادی کشمیر کے ان تمام علاقوں میں جن کو پابندیوں سے مستثنیٰ رکھا گیا تھا، سو پور ہلاکتوں کے خلاف مکمل ہڑتال کی گئی۔ گرمائی دارالحکومت سری نگر میں دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جب کہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل رہی ۔ تاہم بالائی شہری اور سیول لائنز میں اکا دکا نجی و مسافر گاڑیاں چلتی ہوئی نظر آئیں ۔ غیر اعلانیہ ہڑتال کی وجہ سے سرکاری دفاتر ، بینکوں اور تعلیمی اداروں میں بھی معمول کا کام کاج متاثر رہا۔ خیال رہے کہ شمالی کشمیر کے ایپل ٹاؤن سوپر میں نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں شہریوں کے پے در پے ہاتھوں کے خلاف17جون کو وادی کشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی تھی۔ شمالی کشمیر کے قصبہ بارہمولہ سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق جہاں ایپل ٹاؤن سوپور اور پلہالن میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ رہیں وہیں دیگر قصبوں اور دیگر تحصیل ہیڈ کوارٹروں میں ہڑتال کی وجہ سے کاروباری اور دیگر سر گرمیاں مفلوج ہوکر رہ گئیں ۔ وادی کشمیر کے دوسرے حصوں بشمول وسطی کشمیر کے گاندر بل اور بڈ گام اضلاع سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ان اضلاع میں بھی ہڑتال کی گئی ۔ اسی دوران معمر علیحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی کو پولیس کی بھاری جمعیت نے اس وقت گرفتار کرلیا جب انہوں نے پولیس محاصرہ توڑ کر شمالی کشمیر کے ایپل ٹاؤن سوپور جانے کی کوشش کی ۔ گیلانی دفتر کے گرد پولیس حصار کو توڑنے میں کامیاب ہوئے، لیکن دفتر سے باہر نکلنے کے سارے راستے پولیس نے سیل کردیے تھے اور پولیس نے ان کی گاڑی کو روک کر باضابطہ طور پر گرفتار کر کے ہمہمامہ تھانے پہنچادیا ۔ ان کے ساتھ سید امتیاز حیدر، سید ظہور الحق گیلانی ، رمیض راجہ، عمر عادل ڈار کو بھی گرفتار کیاگیا ۔ اس موقع پر نعرہ بازی بھی ہوئی۔ قابل ذکر ہے کہ گیلانی نے حریت کانفرنس کے اعتدال پسند گروپ کے چیر مین میر واعظ مولوی عمر فاروق، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیر مین محمد یاسین ملک اور ڈیمو کرٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ کے ساتھ مشاورت کے بعد سو پور میں شہریوں کی پے درپے ہلاکتوں کے خلاف آج سو پور میں تمام حریت لیڈروں کے ایک مشترکہ احتجاجی مارچ کی کال دی تھی جس کو ریاستی حکومت نے سخت پابندیاں نافذ کرکے ناکام بنادیا۔

Government halts separatists march towards Sopore; restrictions imposed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں