بی جے پی دہلی کو کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کرنے کی خواہاں - راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-13

بی جے پی دہلی کو کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کرنے کی خواہاں - راہول گاندھی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
راہول گاندھی نے آج شہر میں ہڑتالی صفائی کرمچاریوں سے ملاقات کرتے ہوئے بلند بانگ دعوے کرنے کے باوجود خدما ت کی فراہمی میں ناکامی پر مرکز اور حکومت دہلی کو نشانہ تنقید بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ایک دوسرے پر ذمہ داری عائد کررہے ہیں۔ تنخواہوں کی عد م ادائیگی کی وجہ سے 2جون سے ہڑتال کرنے والے صفائی کرمچاریوں کے دھرنے میں شامل ہوتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر نے انہیں تیقن دیا کہ وہ اب ان کی ذمہ داری ہیں ۔ راہول نے کہا کہ اگر آپ دہلی حکومت کے پاس جائیں تو وہ کہے گی کہ مرکز ذمہ دار ہے اگر آپ مرکز کے پاس جائیںتو دہلی حکومت اس کی ذمہ دار ہے ۔ یہ سب بہانے ہیں اور آپ جب تک اپنی طاقت کا مظاہرہ نہیں کریں گے کچھ حاصل نہیں ہوگا ۔ میں یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ میں آپ کی ذمہ داری لوں گا۔ یہاں آپ کے ساتھ بیٹھ کر میں بھی اپنی کچھ طاقت اس میں ڈال رہا ہوں ۔ میرے پاس وقت ہے آپ مجھ سے کہیں اور میں یہاں ایک گھنٹہ ، دو گھنٹے یہاں تک کہ دس گھنٹے بھی ٹھہرنے کو تیار ہوں ۔ آپ نے جو قدم اٹھایا ہے وہ درست سمت میں ہے ۔ آپ کو مانگنے سے کچھ نہیں ملے گا۔ آپ کو منظم ہوکر اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔ انہوں نے پیتڑگنج میں مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن کے صفائی کرمچاریوں سے بات چیت کی ۔ انہوں نے ملازمین سے کہا کہ وہ اپنی طاقت اور اتحاد کا مظاہرہ کریں تاکہ ان کے مسائل کی یکسوئی ہوسکے ۔ ان کے ساتھ جتنے دن وہ چاہیں اتنے دن بیٹھنے کا وعدہ کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ اگر آپ اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں تو آپ کاکام پانچ منٹ میں ہوجائے گا ۔ راہول نے صفائی کرمچاریوں کو سپاہی قرار دیا اور انہیں تیقن دیا کہ وہ جب بھی انہیں بلائیں گے وہ ان کے ساتھ دھرنا دینے کے لئے پہنچ جائیں گے چاہے اس میں15دن ہی کیوں نہ لگیں ۔ نیلے رنگ کے جینس اور سفید کرتے میں ملبوس راہول گاندھی صفائی کرمچاریوں کے ساتھ زمین پر بیٹھ گئے اور ان کی شکایات کی سماعت کی ۔ واضح رہے کہ شمالی دہلی میونسپل کارپویشن( این ڈی ایم سی) اور مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن( ای ڈی ایم سی) دونوں ہی فنڈس کی قلت کا شکار ہیں اور اپنے ملازمین کو تنخواہیں ادا کرنے سے قاصر ہیں ۔ ہڑتالی صفائی ورکرس عام آدمی پارٹی حکومت کے خلاف کئی دن سے احتجاج کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کجریوال حکومت ان کی مالی مشکلات کی ذمہ دار ہے ۔ کجریوال نے اعلان کیا تھا کہ ان کی حکومت دونوں میونسپل کارپوریشنس کے صفائی ورکرس، ڈاکٹروں اور اساتذہ کی اپریل اور مئی کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے فنڈس فراہم کرے گی۔

دریں اثنا نئی دہلی سے آئی اے این ایس کی علیحدہ اطلاع کے بموجب دہلی میں صفائی کرمچاریوں کی ہڑتال آج ختم کردی گئی ہے ۔ عام آدمی پارٹی حکومت کی جانب سے بلدی ملازمین کی تنخواہوں کے لئے513کروڑ روپے جاری کئے جانے کے بعد ہڑتال ختم کردی گئی۔ ایک یونین لیڈر نے یہ بات بتائی۔

AAP, BJP indulge in 'garbage politics'; Delhi still stinking

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں