ممبئی میں الفلاح اسلامک فاؤنڈیشن انڈیا کے دارالافتا کا قیام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-16

ممبئی میں الفلاح اسلامک فاؤنڈیشن انڈیا کے دارالافتا کا قیام

Mufti-Azizur-Rahman
12/جون 2015ء کو جمعہ کے روز بزم محمدی، ریکلمیشن، باندرہ (ویسٹ) میں الفلاح اسلامک فاؤنڈیشن، انڈیاکےدارالافتاء کا قیام عمل میں آیا۔ مذکورہ فاؤنڈیشن کے روح رواں جواں سال عالمِ دین مولانا ندیم احمد انصاری ہیں، جن کے سیکڑوں مضامین اور درجنوں کتابیں منظر عام پر آچکی ہیں، ونیز مولانا کے مضامین ماہنامہ دار العلوم(دیوبند)، بحث و نظر(حیدرآباد)، اذانِ بلال(آگرہ) اور ندائے اعتدال(علی گڑھ) جیسے موقر ہندوستانی رسائل اور مشہور اردو روزناموں کے علاوہ عرب ممالک کے جرائد میں شایع ہوتے رہتے ہیں۔ حال ہی میں مولانا کی مشہور کتاب "تعلیم اسلام" کو کئی مدارس میں داخلِ نصاب کیا گیا ہے۔
مولانا عرصہ سے عوام کی مزید دینی رہنمائی کے لیے ایک دارالافتاء قایم کرنا چاہتے تھے اور ان کا یہ دیرینہ خواب گذشتہ دنوں شرمندۂ تعبیر ہوا، جس کا افتتاح جمعہ 12/جون کو مولانا مفتی عزیز الرحمن فتحپوری (مفتئی اعظم مہاراشٹر) کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
حضرت مفتی صاحب نے جمعہ کی نماز سے قبل اپنے پُر مغز کلام میں مسائل اور افتاء کی اہمیت کو واضح کیا اور لوگوں کو اس سے استفادے کی طرف توجہ دلائی۔ مفتی صاحب نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ عبادت صرف نماز، روزےکی ادائیگی کا نام نہیں زندگی میں پیش آمدہ تمام معاملات کو اللہ اور اس کے رسولﷺ کے طریقے کے مطابق ادا کرنے پر عبادت کا ثواب ملتا ہےاور اسلام تو حضرت آدم علیہ السلام کے زمانے سے موجود ہے ہاں حضرت محمدﷺ کے ذریعے سے اس کی تکمیل کر دی گئی، اب کوئی نیا نبی یا نئی شریعت نہیں آئے گی اور قیامت تک حضرات علماء کرام امت کی رہنمائی کریں گے۔قرآن کریم کےمطابق ہر زمانے میں ایک ایسی جماعت کا ہونا ضروری ہے، جو لوگوں کی دینی رہنمائی کر سکے۔
قرآن کریم نے جو ارشاد فرمایا:"فاسئلوا أہل الذکر إن کنتم لا تعلمون" اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ہر آدمی کے لیے قرآنی علوم تک رسائی ممکن نہیں، اس کے لیے انھیں علماء سے استفادہ کرنا ناگزیر ہے تاکہ وہ اسلام کے احکامات پر صحیح معنوں میں عمل کر سکیں، یہ دار الافتاء اسی لیے قایم کیے جاتے ہیں تاکہ لوگ یہاں آئیں اور اپنے دینی و شرعی مسائل کا حل معلوم کریں۔جمعہ کی نماز کے بعد حضرت مفتی صاحب نے دارالافتاء کے لیے خصوصی دعا بھی کروائی جس میں مسجد کے ذمہ داران اور متعدد حضرات شریک رہے۔
دار الافتاء کی اس افتتاحی تقریب میں مفتی عزیز الرحمن فتحپوری کے علاوہ مفتی جسیم الدین قاسمی ، مفتی حسیب الرحمن فتحپوری، مفتی بلال ،مفتی نثار احمد قاسمی، مولانا راشد قاسمی، مولانا سیف اللہ ،مسجد کے ذمہ داران( جناب ذاکراور جناب مشتاق) اور مولانا ندیم احمد انصاری کے طلبہ میں سے خضر منگرول والا، سیف مومن، حنظلہ، فیضان اور عرفان وغیرہ بہت سے حضرات نے شرکت کی۔

Darul Ifta inaugurated by AlFalah Islamic Foundation in Mumbai

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں