یو این آئی
کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کی چیف منسٹر بہار نتیش کمار سے ملاقات کے ایک دن بعد کانگریس نے آج کہا کہ پارٹی بہار میں آنے والے اسمبلی انتخابات کے لئے سیکولر اتحاد تشکیل دینے کی کوشش کررہی ہے ۔ نتیش کمار نے کل یہاں کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ انہوں نے جنتا پریوار کے قائدین سے اپنی طے شدہ ملاقات سے قبل راہول گاندھی سے ملاقات کی۔جنتا پریوار نے بہار اسمبلی انتخابات کے لئے مجوزہ اتحاد اور قیادت کے مسئلہ پر کسی مفاہمت پر پہنچنے ملاقات کی تھی۔ اے آئی سی سی ترجمان آر پی این سنگھ نے آج صبح یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی جی نے کل چیف منسٹر بہار سے ملاقات کی ۔ یہ ملاقات بہار میں آنے والے اسمبلی انتخابات کے لئے سیکولر اتحاد تشکیل دینے کی کوششوں کا ایک حصہ تھی۔ ہم تمام سیکولر جماعتوں کو ایک چھپر تلے لانا چاہتے ہیں ۔ راہول گاندھی کی نتیش کمار کے ساتھ ملاقات کے بارے میں بتاتے ہوئے اے آئی سی سی جنرل سکریٹری پی سی چاکو نے کہا کہ کانگریس بی جے پی کو شکست دینے بہار میں وسیع تر اتحاد قائم کرنے کے حق میں ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ راشٹریہ جنتادل ، جنتادل یو اور دیگر جمہوری جماعتیں بی جے پی سے لڑنے متحد ہوجائیں ۔ واضح رہے کہ سابق جنتادل کے شرکا6سیاسی جماعتیں بشمول جنتادل یو ، راشٹریہ جنتادل اور سماج وادی پارٹی نے متحدہ جنتادل کے احیا کے لئے اپنے انضمام کا اعلان کیا ہے ۔ بہار میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا ہے ۔
Congress trying to form secular front for Bihar polls
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں