بی جے پی کے خلاف عام آدمی پارٹی کا احتجاج - سشما راجے اور ایرانی کی برطرفی کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-30

بی جے پی کے خلاف عام آدمی پارٹی کا احتجاج - سشما راجے اور ایرانی کی برطرفی کا مطالبہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
عام آدمی پارٹی نے آج بی جے پی کے خلاف احتجاج میں شدت پیدا کردی اور مرکزی وزرا سشما سوراج، سمرتی ایرانی اور چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ پارٹی نے ان تینوں سے جڑے ہوئے مسائل پر وزیر اعظم کی خاموشی پر سوال اٹھایا ۔ پارٹی کی محاذی تنظیموں نے یہاں جنتر منتر پر ایک ریالی کے لئے سینکڑوں مظاہرین کو جمع کیا جنہوں ںے بعد ازاں پارلیمنٹ کی جانب مارچ کیا لیکن پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن کے قریب پولیس نے انہیں روک دیا۔ عام آدمی پارٹی دہلی کے کنوینر علیپ پانڈے کی زیر قیادت احتجاجیوں نے تینوں بی جے پی قائدین کے خلاف نعرے لگائے ۔ انہوں نے200کروڑ روپے کے اسکام میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر مہاراشٹرا کے وزیر پنکج منڈے کے خلاف بھی نعرے بازی کی ۔ پانڈے نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وہ خاموش ہیں کیوں کہ راجے جیسے قائدین نے110ارکان اسمبلی کی طاقت دکھائی ہے ۔ مودی جی مجبوراً خاموش ہیں۔ راجے نے ایسی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے جس سے مودی کوخوفزدہ ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی بے عملی کی بی جے پی کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی جیسی سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی خاموشی پر کانگریس کو چکانی پڑی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مودی ان تینوں کے استعفیٰ کو یقینی نہیں بناتے ہیں تو ملک کے عوام یہ سمجھیں گے کہ انہوں نے اپنا فرض انجام نہیں دیا ہے ۔ پانڈے نے وسندھرا راجے پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے للت مودی جیسے مفرور ملزم کی مدد کرتے ہوئے غداری کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سشما سوراج نے للت مودی کی حمایت کی۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سشما سوراج اور راجے کو دستور کی کوئی پرواہ نہیں اور انہیں پورا تحفظ حاصل ہے ، لہذا انہیں اپنے عہدوں پر برقرار رہنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ مظاہرین نے نعرے بازی کی"مودی مودی بھائی بھائی، مودی جی منہ تو کھولو، برشٹاچار پر کچھ تو بولو" کئی عام آدمی پارٹی قائدین بشمول ارکان اسمبلی سوربھ بھردواج اور الکا لامبا نے احتجاج میں حصہ لیا ۔ بھردواج نے کہا کہ پارٹی اپنے مطالبات کا سلسلہ مسلسل جاری رکھی گی اور ملزم وزرا کی برطرفی تک احتجاج چلتا رہے گا ۔ پارٹی قائدین کو کئی بار والینٹرس کو یہ ہدایت دیتے سنا گیا کہ وہ پولیس کے ساتھ متصادم نہ ہوں ۔ پولییس نے چار مظاہرین کو گرفتار کرلیا جنہیں بعد ازاں رہا کردیا گیا ۔ ایک احتجاجی کو ہاسپٹل میں شریک کرانا پڑا کیون کہ وہ بیمار ہوگیا تھا۔

AAP protest on Monday to demand sacking of Irani, Sushma, Raje

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں