یو این آئی
مرکزی وزیر خزانہ اور وزیر اطلاعات و نشریات ارون جیٹلی نے ملک کی ترقی اور معاشی نشو ونما کے خلاف محاذ سنبھالنے پر آج کانگریس کو لتاڑتے ہوئے اس بات پر اطمینا ن کا اظہار کیا کہ ان کی حکومت تحویل اراضی بل اور جی ایس ٹی بل کو پارلیمنٹ میں بہر صورت پاس کرائے گی ۔ جیٹلی نے آج کانگریس کو الٹی میٹم دیتے ہوئے یہ اشارہ دیا کہ اگر کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیاں ایوان میں واپس نہیں آتی ہیں تو تحویل اراضی بل کو پاس کرانے کے لئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس طلب کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ اس بل کے خلاف ووٹ دینے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ووٹوں کے نمبروں سے ہی اس کا فیصلہ ہوگا اور پارلیمنٹ مین ہمارے نمبروں کی اکثریت واضح ہے ۔ جیٹلی نے یہ تبصرہ مودی سرکار کے26مئی کو ایک سال مکمل ہونے کی مناسبت سے منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کیا ہے ۔ وزیر خزانہ نے یہ اشارہ بھی دیا کہ جی ایس ٹی بل کے پاس ہونے کے بھی قوی امکانات ہیں ، جو پہلے ہی لوک سبھا میں پاس ہوچکا ہے ، کیونکہ علاقائی چھوٹی پارٹیاں اس بل پر حکومت کی حمایت کرنے لگی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کے ایک سال کے اندر ملک میں مایوسی کا ماحول مثبت امیدوں میں تبدیل ہوچکا ہے اور بہت امکان ہے کہ ہندوستان دوہرے اعداد کی شرح ترقی کے ہدف کو حاصل کرلے گا، بشرطیکہ سرعت رفتاری سے فیصلہ سازی کی راہ میں رکاوٹیں نہ پیدا کی جائیں ۔ جیٹلی نے راجیہ سبھا میں اہل ترین بلوں کے پاس ہونے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے پر کانگریس پر سیدھا حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اصل اپوزیشن پارٹی کانگریس ترقی اور معاشی فروغ کے خلاف محاذ آرائی کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اسی طرح اہم بلوں کو پاس کرنے تاخیر کریں گے اور اس میں رکاوٹیں ڈالیں گے تو ہمیں یہ یقین کرلینا چاہئے کہ10فیصد شرح ترقی کے حصول کا ہمارا سفر مزید طویل ہوجائے گا۔
وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا کہ سابقہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) سرکار کے ذریعہ2013میں بنائے گئے تحویل اراضی قانون کی وجہ سے دیہی بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر میں رکاوٹیں آئی ہیں اور اسی لئے وہ قانون دیہات کے لوگوں کے خلاف ہے ، کیونکہ انہیں توانائی، پانی، سینچائی اور روڈ کے تعمیراتی پروجیکتوں کے فوائد سے محروم کردیا گیا ہے ۔ جیٹلی نے راجیہ سبھا میں پھنسے ہوئے اہم بلوں کو پاس کرانے کے لئے آئین میں تبدیلی کی ضرورت کو بھی خارج از امکان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیون کے رکاوٹیں ڈالنے کے رویے کے باوجود حکومت زیادہ تر بلوں کو پاس کرانے میں کامیاب ہوگئی ہے ۔ اگر40مجوزہ بلوں میں سے کوئی ایک کو روک دیاجاتا ہے تو یہ کوئی بڑا دخل یا رکاوٹ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر مودی سرکار کے ایک سال کے حصولیابیوں کا اثر نہ صرف ملک میں بلکہ عالمی پیمانے پر محسوس کیاجارہا ہے ۔ حکومت نے ملک میں کرپشن کو کنٹرول کیا ہے اور فیصلہ سازی کے عمل میں شفافیت لانے میں کامیاب ہوئی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کانگریس کی زیر قیادت سابقہ حکومت کی تمام معاشی و مالیاتی پالیسیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ان میں کوئی شفافیت اور صفائی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک میں خالص سرمایہ داری کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے اور یہ حکومت ترقی اور معاشی فروغ کی حامی ہے اور سماجی تحفظ سے متعلق ہمارے پروگرام سب سے زیادہ مضبوط ہیں ۔
UPA's land Act was against rural areas: Jaitley
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں