کسانوں کی اراضی ہڑپنے سوٹ بوٹ کی سرکار کی کوششیں - راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-13

کسانوں کی اراضی ہڑپنے سوٹ بوٹ کی سرکار کی کوششیں - راہول گاندھی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
راہول گاندھی نے آج این ڈی اے حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے یو پی اے کی جانب سے لائے گئے حصول اراضی قانون کو ختم کردیا ہے اور کہا کہ کانگریس ، کسانوں کی اراضی چھیننے، اس سوٹ بوٹ کی سرکار کی کوششوں کی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر سخت مزاحمت کرے گی ۔ کانگریس کے نائب صدر نے اراضی بل پر مباحث کے دوران لوک سبھا میں کہا کہ یہ حکومت اس بل کو منظور کرنے کی جلدی میں ہے، لی کن یہ اتنی آسانی سے نہیں ہوگا۔ اگر ہم اسے یہاں نہ روک سکیں تو ہم اس کے خلاف باہر سڑکوں پر نکل آئیں گے ۔ انہوں نے اس مجوزہ قانون کا دن دہاڑے ڈکیتی سے تقابل کیا اور کہا کہ ایک ماہر معاشیات نے انہیں بتایا ہے کہ سوٹ پہنے ہوئے چور اب دن دہاڑے حملہ کررہے ہیں۔ مودی حکومت پر راہول کے مسلسل طعنوں پر سرکاری بنچوں کے ارکان نے شدید احتجاج کیا ، راہول نے حصول اراضی بل پر تنقید کرتے ہوئے اسے اراضی حاصل کرنے حکومت کی کوشش قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے صنعت کار دوستوں اور ساز باز کرنے والے سرمایہ داروں کے لئے ایسی اراضی حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے جس کی قیمت دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت ساز باز کرنے والے سرمایہ داروں اور صنعتکار دوستوں کو اراضی حوالے کردینا چاہتی ہے ، کیونکہ یہ سوٹ بوٹ کی سرکار ہے ۔ حکومت کے اس موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہ تیز رفتار ترقی کے لئے نئے قانون کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے آر ٹی آئی درخواست پر دئیے گئے ایک جواب کا حوالہ دیا جس میں کہا گیا تھا کہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ اراضی کی عدم دستیابی کے سبب صرف8 فیصد پراجکٹس متاثر ہوئے ہیں ۔ راہول نے کہا کہ ترقیاتی مقاصد کے لئے اراضی کی کوئی کمی نہیں ، کیوں کہ خصوصی معاشی منطقوں میں40فیصد اراضی غیر مستعمل پڑی ہوئی ہے لیکن این ڈی اے حکومت صرف کسانوں کی زمین حاصل کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔ حکومت کو کسان دشمن اور غریب دشمن قرار دیتے ہوئے راہول نے کہا کہ وہ بنڈیل کھنڈ یا راجستھان کے صحراؤں کی اراضی حاصل کرنا نہیں چاہتی بلکہ وہ نوئیڈا، گڑ گاؤں اور پونے جیسے بڑے شہروں کے قریب واقع اراضی حاصل کرنا چاہتی ہے ، تاکہ پیسہ حاصل کرسکے ، کیوں کہ اس زمین کی قیمت بڑھتی جارہی ہے ۔ انہوں نے کانگریس بنچوں کی تالیوں کے دوران کہا کہ آپ کے قدموں کے نیچے سونا ہے ۔ یہ لوگ اسے چھیننا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے حکومت کو حصول اراضی قانون لانے میں2سال لگے، لیکن این ڈی اے حکومت نے بر سر اقتدار آنے کے چند دن کے اندر اسے ختم کردیا ۔ پہلی ضرب اس کے گلے (بل) پر کلہاڑی سے اس وقت لگائی گئی جب حکومت نے رضا مندی حاصل کرنے کی شق ختم کردی ۔ جب دھڑ نیچے گر پڑا تو اس نے کلہاڑی سے ایک اور ضرب لگائی اور آپ کہتے ہیں کہ اس کا سماج پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔

'Suit-boot ki sarkar' trying to 'grab' farmers' land: Rahul Gandhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں