ہڑتال جاری رکھیں گے یا دستبردار ہو جائیں گے - آر ٹی سی سے حیدرآباد ہائیکورٹ کا سوال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-13

ہڑتال جاری رکھیں گے یا دستبردار ہو جائیں گے - آر ٹی سی سے حیدرآباد ہائیکورٹ کا سوال

حیدرآباد
یو این آئی
حیدرآباد ہائی کورٹ نے آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال کے معاملہ کی سنوائی کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کردی ۔ عدالت نے اس مسئلہ پر فریقین کے دلائل کی سماعت کرتے ہوئے کل تک معاملہ کو ملتوی کردیا ۔ ہائی کورٹ نے یونین قائدین کو ہدایت کی کہ وہ اپنے موقف کا کل تک اعلان کریں کہ وہ ہڑتال جاری رکھیںگے یا دستبردار ہوجائیں گے ۔ عدالت نے یونین قائدین کو تجویز پیش کی کہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کی حکومتوں نے اس مسئلہ پر جو سب کمیٹیاں تشکیل دی ہیں ان کے ساتھ اپنے مسائل پر تبادلہ خیال کریں۔ عوامی مشکلات کے پیش نظر عدالت نے ہڑتالی ملازمین کو فوری ڈیوٹی سے رجوع بکار ہوجانے کی بھی ہدایت کی ۔ ہائی کورٹ نے ہفتہ کو رولنگ دی تھی کہ آر ٹی سی کی ہڑتال غیر قانونی ہے اور ہڑتالی ملازمین کو فوری کام پر واپس ہوجانا چاہئے ۔ تلگو دیشم لیڈر سی ایل وینکٹ راؤ اور چتور کے جی محمد غوث کی داخل کردہ درخواستوں پر عدالت نے یہ رولنگ دی تھی جس کے ذریعہ ہڑتال کو چیلنج کیا گیا ۔ دونوں ریاستوں کے ورکروں کی یونینوں نے قبل ازیں اعادہ کیا کہ43فیصد فٹمنٹ کے مطالبہ کی تکمیل تک ہڑتال جاری رکھی جائے گی۔ اس دوران تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین کی ہڑتال 7 ویں دن میں داخل ہوگئی ہے کیونکہ آر ٹی سی یونینوں اور انتظامیہ کے درمیان تعطل کو ختم کرنے کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوگئیں ۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے آر ٹی سی ملازمین، ریاستی سرکاری ملازمین کی طرزپر ان کی تنخواہیں ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہڑتال کررہے ہیں جس سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ دونوں ریاستوں کے کئی بس ڈپوز میں آج بھی بسیں ٹھہری رہیں اور ہڑتالی ورکرس نے آج بھی احتجاج کیا ۔ اس ہڑتال کے سبب آر ٹی سی کو روزانہ کروڑہا روپے کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے ۔ کئی آر ٹی سی ملازمین نے بسوں کو ڈپوز سے باہر آنے سے روک دیا اور بسوں پر سنگباری کے بھی واقعات کی اطلاع ملی ہے ۔ اس ہڑتال کے سبب عوام کو افی دشواریوں کا سامنا ہے ۔ ورکرس کی یونین ، تلنگانہ مزدور یونین 43فیصد فٹمنٹ دینے کے مطالبہ پر ابھی بھی قائم ہے ۔ ہڑتال کی وجہ سے تلنگانہ کے تمام اضلاع میں سینکڑوں بسیں ڈپو سے باہر نہیں نکل پائیں۔ عوام کی سہولت کے لئے خانگی ڈرائیورس کی مدد سے بعض مقامات پر بسیں چلائی جارہی ہیں ۔ تلنگانہ میں مختلف مقامات پر آر ٹی سی ملازمین نے آج بھی دھرنے دیتے ہوئے مطالبات پورے کرنے پر زور دیا ۔ نلگنڈہ ، عادل آباد ، نظام آباد ، رنگا ریڈی ، میدک، حیدرآباد ، محبوب نگر اور کریم نگر، کھمم میں ملازمین کی طرف سے دھرنے دئیے گئے ۔ آندھرا پردیش کے چتور ، گنٹور، تروپتی ، کرنول ، نیلور ،کڑپہ اور اننت پور میں بھی آر ٹی سی ملازمین نے دھرنے دئیے ۔ تلنگانہ میںآر ٹی سی ملازمین نے بعض بس ڈپوز کے پاس صفائی کے کام انجام دئیے ۔

RTC strike to continue on Wednesday, HC gives day's time to unions

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں