سلمان خان کی سزا - سوشل میڈیا کے بے حس تبصروں پر تنازعہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-07

سلمان خان کی سزا - سوشل میڈیا کے بے حس تبصروں پر تنازعہ

ممبئی
پی ٹی آئی
بالی ووڈ نے2002ء کے ہٹ اینڈ رن کیس میں سلمان خان کو سزا دئیے جانے پر اداکار سے یکجہتی کا اظہار کیا جس کے دوارن گلو کار ابھیجیت بھٹا چاریہ اور اسٹار فلم ایکٹر کی دوست فرح خان علی نے بے گھر افراد کے خلاف اپنے بے حس تبصرے کے ذریعہ ایک تنازعہ پیدا کردیا۔ ابھیجیت نے ٹویٹر پر کئی پیامات لکھتے ہوئے کہا کہ "سڑکیں کاروں اور کتوں کے لئے ہوتی ہیں ۔ لوگوں کے سونے کے لئے نہیں ہوتیں۔" سوپر اسٹار کی تائید کرتے ہوئے ابھیجت اور فرح نے جو ایک جویلری ڈیزائنر ہے ٹویٹر پر اپنے پیامات میں اداکار کی موجودہ حالت کے لئے بے گھر افراد کو ذمہ دار ٹھہرایا ۔ لیکن سوشیل میڈیا پر ان تبصروں کے لئے ان پر تنقید کی گئی اور ان تبصروں کو بے حسی قرار دیا گیا ۔ ابھیجت نے ٹویٹر پر لکھا"کتا روڈ پر سوئے گا تو کتے کی موت مرے گا ۔ روڈس غریب کے باپ کی نہیں ہیں۔" میں ایک سال تک بے گھر تھا لیکن میں کبھی سڑک پر نہیں سویا۔" ایک اور ٹویٹر میں ابھیجیت نے کہا کہ ممبئی کے روڈ اور فٹ پاتھ پر سونے کا شوق ہے ؟" کیوں نہیں تمہارے گاؤں میں تو گاڑیاں ہی نہیں ہوتیں کہ تمہیں ہلاک کرسکیں ۔" ابھیجیت نے بعد میں اپنے متنازعہ تبصرے کے تعلق سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کہنے کا مطلب یہ تھا کہ انسان ایک کتے کی موت مرنے کا مستحق نہیں ہوتا ۔ انہوں نے اپنے متنازعہ ٹویٹس سے دستبردار ہونے کے مطالبات کو مسترد کردیا ۔ اس دوران جئے پور کے ایک سماجی کارکن سورج سونی نے جوٹوارہ پولیس اسٹیشن میں تحریری شکایت درج کراتے ہوئے اس تبصرہ کے لئے گلو کار کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست کی ۔ جوٹوارہ پولیس اسٹیشن ہاؤز آفیسر شیو کمار بھردواج نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہم نے اب تک ایف آئی آر درج نہیں کیا ۔ ہم اس شکایت پر تحقیقات کررہے ہیں۔ درخواست گزار نے کہا کہ گلو کار نے اپنے تبصرہ کے ذریعہ کئی افراد کے جذبات کو ٹھیس پہونچائی ہے اور ان کے خلاف قانونی کاروائی ضروری ہے ۔ فرح نے سلمان خان کو سزا کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے ٹوئیٹر پر یہ لکھا کہ یہ ایسا ہی کہ ٹرین ڈرائیور کو اس لئے سزا دی جائے کہ کسی نے پٹریاں پار کیں اور ایسا کرتے ہوئے ہلاک ہوگیا ۔ کسی کو روڈ پر یا فٹ پاتھ پر نہیں سونا چاہئے ۔
دریں اثناء ممبئی سے آئی اے این ایس کی علیحدہ اطلاع کے بموجب سوپر اسٹار سلمان خان کو2002کے لاپرواہ ڈرائیونگ کیس میں آج خاطی پائے جانے کے بعد ٹوئٹر استعمال کرنے والوں نے ان کی حمایت میں پیامات پوسٹ کیے ۔ جب کہ دیگر نے اس فیصلہ پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ ایڈیشنل سیشن جج جی ڈبلیو دیش پانڈے نے سلمان خان کو ستمبر2002میں پیش آئے حادثہ میں بیشتر الزامات کے تحت خاطی پایا۔ اس حادثہ میں ایک شخص ہلاک اور دیگر4زخمی ہوگئے تھے ۔ اس فیصلہ کا طویل عرصہ سے انتظار کیاجارہا تھا جس پر ٹوئٹر استعمال کنندوں نے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا ۔Zole's Androidنامی شخص نے کہا سلمان تم نے جو کچھ کیا ہے وہ ایک غلطی تھی لیکن صبر سے کام لو کیوں کہ جن افراد اور بچوں کی تم نے مدد کی ہے ان کی دعائیں اور اللہ کی رحمت تمہارے ساتھ ہے ۔ امیت تچا ہل نے کہا کہ اس فیصلہ سے مجھے قدرے مایوسی ہوئی ہے ۔ اگر یہ اتنا ہی سیدھا سادا معاملہ تھا تو فیصلہ کے لئے13سال کا طویل عرصہ کیوں درکار ہوا۔ مستانہ محمد نے کہا سلمان خان کو سزا پر مجھے بے حد دکھ ہوا ہے ۔ انہوں نے کئی لوگوں کی زندگی کو بہتر بنایا ہے ۔ میرے دل اور دماغ کے درمیان جنگ جاری ہے ۔ ارون کمار پاٹھک نے سلمان خان کیس میں سنائے گئے فیصلہ پر سوال کیا کہ کیا ہم گناہ کرنے کے بعد فلاحی کام کرتے ہوئے اس کی تلافی کرسکتے ہیں؟ وکلاء نے کیا خوب نکتہ پیش کیا ہے ۔ سمیر نے کہا کہ بعض لوگ ابھی بھی مجرم کی تائید کررہے ہیں، قانون سب کے لئے یکساں ہے۔ ہرش دیو نے کہا میں اس بات پر یقین نہیں کرسکتا کہ لوگ ایک ایسے شخص کے لئے رو رہے ہیں اور دعائیں کرہے ہیں جو قاتل ہے۔ کمار گووند ن نے کہا کہ اگر سلمان کے پاس کارآمد لائسنس ہوتا۔ وہ نشہ میں نہ ہوتے اور ڈرائیونگ نہ کررہے ہوتے تو اسی صورت میں میری ہمدردی ان کے ساتھ ہوتی۔ ریسنیہال نامی لڑکی نے کہا کہ میں کبھی سلمان خان سے نفرت نہیں کرسکتی لیکن غلطی کی سزا تو بھگتنی پڑے گی۔

2002 hit-and-run case: Controversial celebrity tweets

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں