دہشت گردی کو بڑھاوا دینے را پر پاکستان کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-07

دہشت گردی کو بڑھاوا دینے را پر پاکستان کا الزام

اسلام آباد
رائٹر
پاکستانی فوج کے مطابق کور کمانڈرس کے اجلاس میں ہندوستانی خفیہ ادارے را کی جانب سے ملک میں دہشت گردی کے واقعات کو مبینہ طور پر شہ دینے کا سختی سے نوٹس لیا گیا ہے۔ کور کمانڈز کانفرنس منگل کو جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔ کانفرنس کے بعد فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اجلاس میں ملک کی سیکوریٹی کا جائزہ لیا گیا اور دہشت گردی کے واقعات میں ہندوستانی خفیہ ایجنسی کے ملوث ہونے کے معاملہ پر بھی غور کیا گیا۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایاجائے گا ۔ گزشتہ دنوں آرمی چیف راحیل شریف نے کور کمانڈر کراچی سے بھی ملاقات کی تھی جس میں شہر میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں خفیہ ہاتھ ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں آپریشن ضرب عضب میں ہونے والی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا ہے اور انہوں نے شہری علاقوں میں بھی جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ فوج کے سربراہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سینکڑوں پاکستانیوں نے اپنی جان گنوائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف سرگرم ہیں اور ان کے خلاف آپریشن منطقی انجام تک جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن کے قیام کے لئے سیاسی وابستگی سے قطع نظر تمام دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ آرمی چیف نے کہا کہ فوج ہر قیمت پر عوام کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔

Pakistan accuses intelligence agency RAW of 'whipping up terrorism'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں