آندھرا اور تلنگانہ میں آر ٹی سی کی ہڑتال ختم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-14

آندھرا اور تلنگانہ میں آر ٹی سی کی ہڑتال ختم

حیدرآباد
پی ٹی آئی
سرکاری آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن( اے پی ایس آر ٹی سی) کے ملازمین نے آج اپنی8روزہ طویل ہڑتال ختم کردی کیونکہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کی حکومتوں نے ان کے مطالبات پر مثبت رد عمل کا اظہار کیا ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے ملازمین کو44فیصد فٹ منٹ کا اعلان کیا جب کہ حکومت آندھرا پردیش جون سے43فیصد فٹمنٹ دے گی ۔ متعلقہ حکومتوں سے کامیاب بات چیت کے بعد تلنگانہ اور آندھرا پردیش دونوں ریاستوں کی اے پی ایس آر ٹی سی ٹریڈ یونینوں کے قائدین نے کہا کہ وہ فوری اپنی پڑتال ختم کررہے ہیں کیونکہ حکومت نے مسائل کی یکسوئی پر آمادہ ہیں ۔ کے سی آر نے کہا کہ نئے تنخواہ ڈھانچہ سے821کروڑ روپیوں کا زائد بوجھ پڑے گا۔1385کروڑ کے بقایے قسطوں میں ادا کئے جائیں گے ۔ احتجاجی یونینوں سے بات چیت کے بعد کے سی آر نے کہا کہ50فیصد بقایا بانڈس کی شکل میں دیاجائے گا اور ماباقی اکتوبر میں دسہرہ سے تین قسطوں میں دیاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال سے حکومت خسارہ میں چل رہی آر ٹی سی کو بچانے کے لئے بجٹ میں کچھ رقم مختص کرے گی۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ کارپوریشن ، بس کرایوں میں کچھ اضافہ کرے گی تاکہ زائد بوجھ سے نمٹا جاسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ احتجاجی ملازمین کے خلاف درج تمام کیسس واپس لے جائیں گے ۔ آندھرا پردیش کے وزیر لیبر و روزگار اچن نائیڈو نے کہا کہ آندھرا پردیش کی آر ٹی سی کا کرایہ بڑھانے کا فوری کوئی ارادہ نہیں ہے ۔ آندھرا پردیش آر ٹی سی کو آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں تقسیم کرنا باقی ہے ۔ دونوں ریاستوں کے درمیان کارپوریشن کی تقسیم کا عمل جاری ہے ۔ آر ٹی سی دونوں ریاستوں میں بڑا سرکاری ٹرانسپورٹ ادارہ ہے جو20ہزار سے زائد بسیں چلاتا ہے ۔ اس کی بسیں79۔83لاکھ کلو میٹر کا احاطہ کرتی ہیں اور156۔78لاکھ مسافروں کو روزانہ ان کی منزال پر پہنچاتی ہیں۔ یو این آئی کے بموجب آندھر اپردیش اور تلنگانہ میں اے پی ایس آر ٹی سی ملازمین نے اپنی8روزہ ہڑتال ختم کردی ۔ ملازمین کے یونین قائدین اور دونوں ریاستوں کی سب کمیٹیوں کے درمیان بات چیت میں سمجھوتہ ہوگیا ۔ اے پی ایس آر ٹی سی کے زائد از ایک لاکھ ملازمین،9مئی کے حیدرآباد ہائی کورٹ کے احکام کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہڑتال جاری رکھے ہوئے تھے۔ عدالت نے ہڑتال کو غیر قانونی قرار دیا تھا اور ملازمین سے کہا تھا وہ فوری اسے ختم کردیں ۔ دونوں حکومتوں نے تنخواہوں میں اضافہ کا ملازمین کا مطالبہ تسلیم کرلیا ہے۔ حکومت آندھرا پردیش کے اپنے آر ٹی سی اسٹاف کو43فیصد فٹمنٹ کے اعلان کے صرف ایک گھنٹہ بعد تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے اپنی ریاست کے آر ٹی سی ملازمین کو44فیصد فٹمنٹ کا اعلان کیا۔ آر ٹی سی یوینی قائدین سے بات چیت کے بعد نیوز کانفرنس میں یہ اعلان کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ان کی حکومت کی پیشکش ملازمین کے مطالبہ سے ایک فیصد زائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اضافی تنخواہ آئندہ ماہ جون سے ملے گی اور50فیصد بقایا نقد دیاجائے گا اور ماباقی50فیصد بانڈس کی شکل میں دیاجائے گا ۔50فیصد کا نقد بقایہ دسہرہ اور اگادی کے درمیان دیاجائے گا۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ4300کنٹراکٹ ملازمین کو باقاعدہ بنایاجائے گا اور انہیں آئندہ جون سے اضافہ شدہ تنخواہ ملے گی ۔ ریاستی سکریٹریٹ کے باہر خوشی کے مناظر دیکھے گئے ۔ آر ٹی سی ملازمین رقص کررہے تھے اور ایک دوسرے کے گلے لگ کر مبارکباد دے رہے تھے۔ آئی اے این ایس کے بموجب آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں سرکاری سڑک ٹرانسپورٹ سرویس چہار شنبہ کو بحال ہوگئی ۔ تقریباً20ہزار بسیں،8 دن بعد سڑکوں پر آگئیں جس سے دونوں ریاستوں کے مسافرین کو راحت ملی ۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے کہا کہ ریاستی دارالحکومت حیدرآباد میں جی ایچ ایم سی، بس کرایوں میں 200کروڑ روپیوں کی سبسیڈی دے گا۔ انہوںنے کہا کہ پچھلی حکومت کی پالیسیوں کے باعث آر ٹی سی کی حالت خراب ہوگئی۔ اس پر1900کروڑ کا قرض ہے ۔ امکان ہے کہ آر ٹی سی کو جاریہ ماہ تقسیم کردیاجائے گا۔ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے لئے علیحدہ کارپوریشن کا قیام عمل میں آجائے گا۔

RTC strike ends in Telangana, AP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں