بدھا پورنیما کے موقع پر اجتماع - میری زندگی پر بدھا کا خاص اثر - وزیراعظم مودی کا دعویٰ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-05

بدھا پورنیما کے موقع پر اجتماع - میری زندگی پر بدھا کا خاص اثر - وزیراعظم مودی کا دعویٰ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
لارڈ بدھا کی یوم پیدائش کے موقع پر آج وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پیام میں کہا کہ رحم دلی کی ان کی تعلیمات میں دنیا میں جاری شورش اور بے چینی کا جواب ہیں ۔ بدھا پورنیما کے موقع پر یہاں منعقدہ ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے بدھا کی جائے پیدائش نیپال میں آئے زلزلہ کا حوالہ دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نیپال ہلاکت خیز زلزلہ کے مصائب سے ابھر کر آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان کے درد کو بانٹنا ہے اور ان کے آنسو پونچنا چاہئے ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ نیپال موجودہ بحران سے باہر نکل آئے گا ۔ نیپال جلد ہی نئی قوت کے ساتھ واپس آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نیپال کا المیہ بہت گہرا ہے ، کوئی بھی اس بات کا اندازہ نہیں لگا سکتا کہ نیپال کو اس بحران سے نکلنے میں کتنا عرصہ لگے گا۔ اس موقع پر ہندوستان اور نیپال میں زلزلہ سے ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی مناتے ہوئے انہیں خراج پیش کیا گیا ۔ بدھا کی جائے پیدائش نیپال ، ہمارا محبوب نیپال ایک گہرے بحران کا شکار ہے ۔ یہ تصور کرنا مشکل ہے کہ یہ کتنے عرصہ چلے گا اور کٹھن مرحلہ کب ختم ہوگا ۔ مودی نے کہا کہ دنیا افراتفری سے گزر رہی ہے اور بدھا کی تعلیمات اس افراتفری سے باہر نکلنے کا راستہ بتاتی ہے ۔ تشدد اپنے عروج پر ہے، دنیا کا بڑا حصہ خون ڈوب چکا ہے ۔ عوام ایک دوسرے کے خون بہار ہے ہیں ، اس طرح کے خونریزی کے حالات میں کس طرح سے رحم دلی کا پیام آتا ہے۔ صرف ایک ہی ذریعہ ہے جو لار ڈبدھا اور ان کی تعلیمات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بدھا جو ایک شہزادہ کے طور پر پیدا ہوئے تھے، دنیا وی اشیا اقتدار اور دولت حاصل کرنے کے بجائے روحانیت کے ذریعہ نجات حاصل کی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے آبائی گاؤں وڈنگر میں بدھا کی شاندار مندر بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے آج کہا کہ بدھا کا ان کی زندگی پر خاص اثر ہے اور ان کی زندگی میں کچھ واقعات مہاتما بدھ سے خود ہی جوڑ دیتے ہیں ۔ اسی اثر کی وجہ سے انہوں نے گجرات میں چیف منسٹر رہتے ہوئے اپنے دفتر اور رہائش گاہ پر بودھا کی مورتی لگائی ۔ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ یہ ایسی حقیقت ہے کہ جس پردھیان نہیں دیاگیا ہے ، نہیں تو ایسے معاملات پر ہمارے ملک میں اب تک میری چمڑی ادھیڑ دی جاتی ۔ ان کا مطلب مختلف مسائل پر تنقید کئے جانے سے تھا۔ انہوں نے کہا جس گاؤں (وڈنگر) میں میرا جنم ہوا وہ بودھا کی تعلیمات کا بڑا مرکز تھا ، چینی سیاح ہیون سانگ بہت وقت تک وہاں رہے تھے ۔ اس نے اپنی کتاب میں اس کا ذکر کیا ہے ، وڈنگر میں ایک بڑا تعلیمی مرکز تھا جس میں بدھ مت کے طالب علم رہتے تھے ۔ مودی نے کہا کہ وہ بچپن میں اس کے بارے میں سنا کرتے تھے ۔ جب وہ گجرات کے چیف منسٹر بنے تو انہوں نے آثار قدیمہ کو اس علاقہ میں کھدائی کرنے کو کہا تھا اور وہاں وہ سب کچھ نکل آیا ، جس کے بارے میں سنا جاتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وڈنگر میں کھدائی کے دوران سونے کی ایک ڈبیا نکلی اور یہ ایم اییون یونیورسٹی میں رکھی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وڈنگر میں بدھا کا ایک بڑا اور شاندار مندر بنانے کی ان کی خواہش ہے جو بین الاقوامی سطح پر بدھ مت کی تعلیم اور توسیع کا مرکز ہوگا ۔ وزیر اعظم نے اپنے دوروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں چین ، سری لنکا اور جاپان میں بدھ مت کے مندروں میں جانے اور مذہبی رہنماؤں سے ملنے کا موقع ملا ۔ مودی نے کہا کہ وہ چیف منسٹر گجرات کے طور پر چین کے دورہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا، میں جب بیرون ملک اور ریاستوں کے دورے پر جاتا ہوں تو اس میں بدھا سے متعلق مقامات پر جانے کا پروگرام بھی ہوتا ہے۔ میری ایک شام لازمی طور پر بدھا کے مندروں یا ان سے متعلق بحث میں گزرتی ہے ۔

Buddha's teachings, answer to world's turmoil: Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں