مسلمان مسجد اقصیٰ کو تنہا نہ چھوڑیں - زیارت کے لئے آئیں - اسلامی تعاون تنظیم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-29

مسلمان مسجد اقصیٰ کو تنہا نہ چھوڑیں - زیارت کے لئے آئیں - اسلامی تعاون تنظیم

اسلامی تعاون تنظیم کے سکریٹری جنرل ایاد امین مدنی نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو مسجد الاقصیٰ کی زیارت کے لئے جانا چاہئے ۔ وہ اسلامی تعاون تنظیم کے42ویں اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ میں نے اس سے قبل بھی عالم اسلام کی توجہ اس جانب مبذول کروائی تھی کہ دنیا بھر کے مسلمان مسجد الاقصیٰ کی زیارت کے لئے جائیں تاکہ قبلہ اول پر اہل اسلام کا حق قائم رہ سکے جس سے اغیار کی یہ کوشش ناکام ہوجائے کہ مسلمان مسجد الاقصیٰ کو چھوڑ چکے ہیں ۔ علاوہ ازیں مسلمانوں کے وہاں جانے سے دنیا بھر کی توجہ بھی وہاں مبذول ہوگی ۔ مدنی نے مزید کہا کہ مسجد الاقصیٰ اہل اسلام کا قبلہ اول ہے اور یہ وہ تیسرا مقام ہے جہاں کی زیارت مسنون ہے جس کے بارے میں واضح حدیث شریف ہے جس کا مفہوم اس طرح ہے کہ 'زیارت کی نیت سے3جگہ جایاجاسکتا ہے۔ ایک مسجد الحرام ، دوسری میری مسجد( مسجد النبوی) اور تیسری( مسجد الاقصیٰ) اس حدیث مبارکہ کی رو سے یہ بات ثابت ہے کہ ہمیں مسجد الاقصیٰ کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے ۔ او آئی سی کے سکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ عالم اسلام کی توجہ مسجد الاقصیٰ کی جانب ہونے سے اغیار کی جانب سے مسلمانوں کے قبل اول کے لئے کی جانے والی سازش بھی ناکام ہوجائے گی ۔ دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم اہل اسلام جب مسجد الاقصیٰ کی زیارت کے لئے جائیں گے تو وہاں کے لوگوں سے ان کی ملاقات ہوگی جس سے انہیں فلسطینیوں کے حقیقی مسائل سے آگاہی ہوگی اور ان کا پیغام بیرونی دنیا تک پہنچ سکے گا۔یمن کے موضوع پر مدنی نے کہا کہ یمنی حکومت کی طلب پر اس بارے میں کام جاری ہے اور او آئی سی کے پلیٹ فارم سے جون کے وسط میں وزرا کی سطح کا اجلاس منعقد کیاجائے گا ۔ انہوں نے یمن میں جاری بحران کے حوالے سے مزید کہا کہ یمن میں مستقل قیام امن اور اہل یمن کی سلامتی کے لئے او آئی سی کوشاں ہے اور ہم وہاں کی منتخب حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کررہے ہیں جبکہ قانونی حکومت کے خلاف بغاوت کو مکمل طور ر مسترد کرتے ہیں ۔

Muslims visit to Jerusalem's Aqsa Mosque, OIC

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں