مودی حکومت سوٹ بوٹ اور لوٹ کی سرکار - راج ببر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-21

مودی حکومت سوٹ بوٹ اور لوٹ کی سرکار - راج ببر

جموں
آئی اے این ایس
بالی ووڈ اداکار اور کانگریسی قائد راج ببر نے چہار شنبہ کے دن اس بات کا الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت حکومت دراصل، سوٹ بوٹ اور لوٹ کی سرکار ہے ۔ صحافی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے راج ببر نے مرکزی حکومت پر اس بات کا الزام عائد کیا کہ اس نے اپنی ایک سالہ حکومت کی تکمیل کے بعد اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا۔ وزیر اعظم مہاراجہ نریندر مودی کے زیر قیادت حکومت دراصل سوٹ بوٹ اور لوٹ کی سرکار ہے ۔ انتخابات کے موقع پر مودی مہاراج نے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ ان کی حکومت، نوجوانوں کے لئے25کروڑ ملازمتوں کے مواقع پیدا کرے گی ،جس کا واضح مطلب یہ ہے کہ ایک سال میں5کروڑ ملازمتون کو فراہم کیا جانا تھا۔ ببر نے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ برائے مہربانی ایک سالہ اقتدار کی تکمیل کے بعد اس بات کی وضاحت کریں کہ آپ نے کس قدر ملازمتیں مہیا کی ہیں؟ گزشتہ سال ٹی وی چینلوں پر دکھائے جارہے بلند بانگ دعوؤں کو کارکردگی کے پیمانوں میں ڈالا جائے تو اس بات کا بھرپور اندازہ ہوجائے گا کہ حکومت کس حد تک کامیاب ہوئی ہے اور حقیقت یہ ہے کہ یہ حکومت تعلیم ، صحت، خواتین کا تحفظ ، اقتصادیات یا سماجی فلاح و بہبود کے بشمول دیگر ہر شعبہ میں اپنی ناکامیاں ہی درج کی ہیں ۔ راج ببر نے کاہ کہ ہمارے ملک میں چین کی در اندازیوں کے حوالہ سے انتخابات سے قبل مودی کی جانب سے وزیر خارجہ کے چینی دورہ پر سخت تنقیدیں کی گئی تھیں اور ان در اندازیوں کا سلسلہ ہنوز باقی ہے اس کے باوجود مودی نے چین کا دورہ کیا ۔ ملکی اقتصادیات پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افراط زر کی شرح آسمان چھو رہی ہیں۔ دالوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہے اور دودھ ، سرسوں، کا تیل ونسپتی اور ہر چیز کی قیمتیں آسمان کو چھور ہی ہیں ۔ پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں گزشتہ کے بالمقابل بہت زیادہ ہیں ۔ ان تمام ضروری اشیا کی قیمتیں گزشتہ حکومت کے بالمقابل بہت زیادہ ہین ۔
سری نگر سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب کانگریس نے آج الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بیرونی ممالک میں گھریلو مسائل اٹھا کر اور یہ تبصرہ کر کے کس طرح عوام پہلے سوچتے تھے کہ انہوں نے ہندوستان میں پیدا ہوکر گناہ کیا ہے، ملک کو رسوا کیا ہے ۔ یہاں پریس کانفرنس میں اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری شکیل احمد نے کہا کہ مودی کی طرح کسی وزیر اعظم نے بیرون ملک ہندوستان کورسوا نہیں کیا۔ جمہوری نظام میں اختلافات ہوتے ہیں لیکن کسی وزیر اعظم نے بیرونی ممالک میں ملک کی توہین نہیں کی ۔ احمد نے استفسار کیا کہ مودی نے کون سے گناہ کیے تھے جو وہ ہندوستان میں پیدا ہوئے ۔ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ مودی اپنے پچھلے جنم میں کون سے گناہ کئے تھے جس کے سبب وہ ہندوستان میں پیدا ہوئے ۔ انہوں نے کانفرنس میں یہ بات کہی جو کانگریس کی جانب سے ان پروگرامس کا حصہ ہے جس میں مودی زیر قیادت مرکزی حکومت کی ایک سال کی تکمیل پر حکومت کو نشانہ بنایاجارہا ہے ۔

Modi government is suit, boot, loot sarkar: Raj Babbar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں