جیہ للیتا کی وزیر اعلیٰ تمل ناڈو کی حیثیت سے واپسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-24

جیہ للیتا کی وزیر اعلیٰ تمل ناڈو کی حیثیت سے واپسی

چینائی
پی ٹی آئی
اے آئی اے ڈی ایم کے سربراہ جیہ للیتاآج پانچویں مرتبہ ٹاملناڈو کی چیف منسٹر بن گئیں۔ 8ماہ قبل انہیں بد عنوانی کے الزامات پر اقتدار چھوڑنا پڑا تھا ۔ پارٹی حامیوں نے جیہ للیتا کی اقتدار پر واپسی کا جشن منایا ۔ رنگا رنگ تقریب میں67 سالہ قائد کو گورنر کے روشیا نے عہدہ و رازداری کا حلف دلایا۔ پارٹی حامی، اس موقع پر ان کے حق میں نعرے بازی کررہے تھے ۔28وزرا نے بھی حلف لیا ۔ جیہ للیتا کے اقتدار پر واپسی آئندہ سال منعقد شدنی اسمبلی الیکشن سے قبل اے آئی اے ڈی ایم کے کا حوصلہ بلند کرنے کا ذریعہ بنی ہے۔ مدراس یونیورسٹی آڈیٹوریم میں جہاں جیہ للیتانے ٹامل زبان میں خدا کے نام پر حلف لیا، انقلابی قائد زندہ باد کے نعرے بلند ہورہے تھے ۔سبز رنگ کی ایمبرائیڈری والی ساڑی میں ملبوس جیہ للیتا، نعرے بازی کے درمیان ہال میں داخل ہوئیں ۔ جیہ للیتا کو66۔66کروڑ روپیوں کے غیر متناسب اثاثے کیس میں بنگلور کی عدالت نے27ستمبر کو خاطی قرار دیا تھا ، جس کے بعد وہ اسمبلی کی رکنیت اور چیف منسٹری کے عہدہ کے لئے نا اہل قرار پائی تھیں ۔ کرناٹک ہائی کورٹ نے بعد ازاں11مئی کو انہیں الزامات سے بری کردیا۔ تقریب حلف برداری میں کئی ممتاز شخصیتوں بشمول سوپر اسٹار رجنی کانت ، اداکار شرد کمار، مرکزی وزیر پی رادھا کرشنن اور اے آئی اے ڈی ایم کے قائدو ڈپٹی اسپیکر لوک سبھا ایم تنبی دورائے نے شرکت کی۔جیہ للیتا نے اپنی پچھلی کابینہ لگ بھگ برقرار رکھی ہے۔ غور طلب ہے کہ وزراء نے14-14کے دو بیاچس میں حلف لیا جس سے تقرییب مختصر ہوگئی ۔ تقریب حلف برداری میں انڈیا سمنٹس کے این سرینواسن جیسے صنعت کاروں اور بعض مذہبی رہنماؤں نے بھی شرکت کی ۔ اس بار وزرا اور دیگر حامیوں کو مسکراتے دیکھا گیا ۔ گزشتہ سال29 ستمبر کو جب پنیر سلوم کو عارضی چیف منسٹر بنایا گیا تو اس وقت کسی کے چہرہ پر مسکراہٹ نہیں دیکھی گئی تھی ۔ جیہ للیتا کے اقتدار پر واپسی کے اس موقع پر دارالحکومت چینائی میں ریاست کے مختلف مقامات سے پارٹی حامیوں کا ہجوم دیکھا گیا۔ پولیس کو ہجوم سے نمٹنے میں بڑی مشقت کرنی پڑی ۔ اے آئی اے ڈی ایم کے سربراہ اپنی پوئس گارڈن رہائش گاہ سے7کلو میٹر کا فاصلہ طے کرکے حلف برداری کے مقام پر پہنچیں ۔ جامر اور دیگر آلات کا بھرپور استعمال کیا گیا ، کیوں کہ جیہ للیتا کو زیڈ پلس زمرہ کی سیکوریٹی حاصل ہے ۔ کمانڈوز اور سادہ لباس پولیس نے انہیں سیکوریٹی فراہم کرنے اور ہجوم کو کنٹرول کرنے کا کام کیا۔ ریاست بھر سے آئے پارٹی ورکرس نے آتشبازی کی، مٹھائیاں تقسیم کیں اور روایتی موسیقی کا اہتمام کیا۔ ریاست کے مختلف مقامات سے آنے والے پارٹی ورکرس کو بس اسٹیشن ، ریلوے اسٹیشن اور دیگر عام مقامات پر عوام کو چھاچھ تقسیم کرتے بھی دیکھا گیا۔

Jayalalithaa Returns as Tamil Nadu Chief Minister

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں