ایران پر مصر کے خلاف سازش رچنے کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-07

ایران پر مصر کے خلاف سازش رچنے کا الزام

قاہرہ
یو این آئی
ایران پر ایتھوپیا میں مصر کے خلاف سازش رچنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، مصر میں32مختلف سیاسی جماعتوں اور41سماجی گروپوں نے ایتھوپیا میں مصر مخالف ایرانی سرگرمیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایران، ایتھوپیا اور مصر کے درمیان طے معاہدوں کو ناکام بنانے کی سازشیں کررہا ہے ۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مصر کی درجنوں سیاسی اور سماجی تنظیموں کے نمائندہ اتحاد الاستقلال کے چیئرمین احمد الفضالی نے اس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایتھوپیا میں ایرانی سرگرمیاں مصر کی قومی سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہیں۔ حال ہی میں یہ اطلاعات بھی منظر عام پر آئی ہیں کہ ایران، ایتھوپیا اور مصر کے درمیان تعلقات بگاڑنے کی سازشیں کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مصری اینٹلی جنس اداروں کو معلوم ہوا ہے کہ تہران، ایتھوپیا میں سرمایہ کاری کی آڑ میں نہ صرف مداخلت کی کوشش کررہا ہے بلکہ مصر اور ایتھوپیا کے درمیان تعلقات کو بگاڑنے کی سازشوں میں سرگرم ہے ۔ اگر ایران اپنی سازشوں میں کامیاب رہتا ہے تو مصر کی آبی سیکوریٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ ایتھوپیا میں ایران کا بڑھتا اثر وفوذ خطہ کے دیگر عرب ممالک کے ساتھ تعلقات پر بھی اثر انداز ہوسکتا ہے ۔ الفضالی کا کہنا تھا کہ افریقی ملکوں کی تعمیر و ترقی میں مصر کا کلیدی کردار رہا ہے لیکن اب ایران ایک سازش کے تحت افریقہ میں اپنا اثرورسوخ بڑھا کر عرب ممالک بالخصوص مصر کا کردار محدود کرنے کے لئے کوشاں ہے ۔ افریقی ممالک میں ایران کی بالا دستی اور اجارہ داری عرب ملکوں بالخصوص مصر کے افریقہ میں مفادات کو نقصان پہنچا سکتا ہے ۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ پر شائع خبر کے مطابق مصری سیاست داں نے ایتھوپیا میں ایرانی سر گرمیوں پر ایک ایسے وقت میں انتباہ کیا ہے کہ جب مصری وزیر خارجہ سامح شکری اپنے خصوصی دورے پر سوڈان اور اریٹیریا روانہ ہورہے ہیں ۔ مبصڑین کے خیال میں مصری وزر خارجہ کا افریقی ممالک کا دورہ ایران کے خطہ میں بڑھتی سر گرمیوں کے تناظر میں ہوسکتا ہے ۔ وزیر خارجہ سوڈان اور ایٹیرا کے دورے کے دوران ان ملکوں کی قیادت سے ایران کی مداخلت پر بات کرسکتے ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں