شرائط کی تکمیل کے بعد ہی گیلانی کے پاسپورٹ کی درخواست پر غور - راج ناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-23

شرائط کی تکمیل کے بعد ہی گیلانی کے پاسپورٹ کی درخواست پر غور - راج ناتھ سنگھ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
حکومت نے آج کہا ہے کہ گیلانی کے پاسپورٹ کی درخواست پر وہ اسی وقت غور کرے گی جب بنیادی شرائط کی تکمیل کی جائے گی اور اشارہ دیا کہ وہ پاسپورٹ کی منظوری کے خلاف نہیں ہے۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بتایا کہ شرائط و ضوابط کی تکمیل کے بعد جب یہ درخواست ہمارے پاس آجائے گی تب ہم اس پر غور کریں گے ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ ان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا مرکزی حکومت کشمیری علیحدگی پسند لیڈ رکو پاسپورٹ دینے کے لئے تیار ہے۔ راج ناتھ سنگھ یہاں ایک تقریب کے موقع پر صحافیوں سے بات کررہے تھے۔ کل وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ گیلانی کی پاسپورٹ درخواست کو موجودہ شکل میں منظوری نہیں دی جاسکتی کیونکہ ابھی تک انہوں نے پاسپورٹ کے لئے فیس بھی جمع نہیں کی ہے اس کے علاوہ بائیو میٹرک تفصیلات اور تصویر بھی دینا ضروری ہے ۔ وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ پاسپورٹ ہر ہندوستانی شہری کا حق ہے اور وہ ہر ہندوستانی شہری کو شرائط و ضوابط کی تکمیل کے بعد جاری کیا جاتا ہے ۔ جو بھی شخص پاسپورٹ کی درخواست دیتا ہے اسے ضابطوں کی تکمیل کرنا ضروری ہے۔ جموں و کشمیر میں بر سر اقتدار پی ڈی پی اور بی جے پی میں گیلانی کو پاسپورٹ کی اجرائی کے مسئلہ پر اختلافات پیدا ہوگئے تھے ۔ پی ڈی پی کا کہنا ہے کہ وہ گیلانی کے پاسپورٹ کا معاملہ مرکز سے رجوع کرے گی۔
دریں اثنا سری نگر سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب وادی کشمیر میں حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں کے سربراہان سید علی گیلانی اور میر واعظ مولوی عمرفاروق بدستور اپنے گھروں میں نظر بند ہیں ۔ تاہم افسروں کا کہنا ہے کہ یہ قدم امن وا مان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے احتیاطی طور پر اٹھایا گیا ہے ۔ حریت کانفرنس کے اعتدال پسند گروپ کے چیرمین میر واعظ عمر فاروق کو مرحوم میر واعظ مولوی محمد فاروق اور مرحوم عبدالغنی لون کی برسیوں کے موقع پر کل تاریخی عید گاہ میں منعقد ہونے والی فاتحہ خوانی کی تقریب میں شرکت کرنے سے روکنے کے لئے20مئی کی شام کو نظر بند کردیا گیا تھا ۔ میر واعظ نے دونوں حریت رہنماؤں کی برسیوں کے موقع پر کل تاریخی عید گاہ کے مزار شہدا پر فاتحہ خوانی کی تقریب منعقد کرنے کا اعلان کر رکھا تھا جس کو کشمیر انتظامیہ نے سخت پابندیاں نافذ اور حریت لیڈران کو نظر بند کر کے ناکام بنادیا۔ مرحوم میر واعظ مولوی محمد فاروق کو21مئی1990کو نامعلوم بندوق برداروں نے ان کی نگین رہائش گاہ میں ہلاک کردیا تھا جب کہ مرحوم عبدالغنی لون کو2002میں اس وقت نامعلوم بندوق برداروں نے ہلاک کردیا تھا جب وہ میر واعظ کی12ویں برسی کے موقع پر عید گاہ میں منعقدہ اجتماعی فاتحہ خوانی کی تقریب میں حصہ لینے کے بعد گھر لوٹ رہے تھے ۔ مرحوم مولوی محمد فاروق اعتدال پسند حریت کانفرنس کے موجودہ چیر مین میر واعظ مولوی عمر فاروق کے والد ہیں جب کہ مرحوم عبدالغنی لون ریاستی وزیر سجاد غنی لون اور علیحدگی پسند لیڈر بلال غنی لون کے والد ہیں۔
اعتدال پسند حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ شاہد الاسلام نے یو این آئی کو بتایا کہ میر واعظ بدستور اپنی رہائش گاہ پر نظر بند ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سیکوریٹی فورس اور ریاستی پولیس اہلکاروں کی ایک بھاری جمعیت بدستور میر واعظ کی نگین رہاش گاہ کے باہر تعینات ہے اور انہیں گھر سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ دوسری جانب سخت گیر حریت کانگرنس کے چیر مین سید علی شاہ گیلانی گزشتہ تین ہفتوں سے اپنی رہائش گاہ پر نظر بند ہیں ۔ حریت ترجمان ایاز اکبر نے بتایا کہ سیکوریٹی فورسز اور ریاستی پولیس اہلکاروں کی نفری بدستور مسٹر گیلانی کی رہائش گاہ کے باہر تعینات ہے۔

Govt to consider Geelani's passport application after due formalities: Rajnath Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں