گیلانی کے پاسپورٹ کا مسئلہ - مرکز سے رجوع ہونے محبوبہ مفتی کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-21

گیلانی کے پاسپورٹ کا مسئلہ - مرکز سے رجوع ہونے محبوبہ مفتی کا اعلان

سری نگر
آئی اے این ایس، پی ٹی آئی
پی ڈی پی نے اپنی حلیف جماعت بی جے پی کے اعتراضات کو نظر انداز کرتے ہوئے آج کہا کہ وہ علیحدگی پسند قائد سید علی شاہ گیلانی کو انسانی بنیادوں پر پاسپورٹ جاری کرے ، حتی کہ نیشنل کانرنس کے قائد عمر عبداللہ نے بھی سوال اٹھایا کہ آخر اسے کیوں مسئلہ بنایاجارہا ہے ، جب کہ انہیں پہلے بھی پاسپورٹ دیاجاچکا ہے ۔ پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ اس مسئلہ سے انسانی نقطہ نظر سے نمٹنا ہوگا اور ہم یہ معاملہ مرکزی وزارت داخلہ کے ساتھ اٹھائیں گے ۔ علیحدگی پسند سخت گیر قائد سید علی شاہ گیلانی نے سعودی عرب میں اپنی علیل دختر سے ملاقات کے لئے پاسپورٹ کی درخواست دی ہے ۔ کئی سرکردہ قائدین نے علیحدگی پسند قائد کو پاسپورٹ جاری کرنے کی سفارش کی ہے ۔ اس مسئلہ پر پی ڈی پی صدر کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے قائد عمر عبداللہ نے کہا کہ آیا یہ حکمراں جماعتوں کے درمیان میچ فکسنگ تو نہیں ہے جس میں محبوبہ مفتی کو جدو جہد کرنے والے کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔ عمر عبداللہ نے ٹوئٹر پر کہا کہ آخر یہ کون سی بڑی بات ہے ۔ گیلانی کو2012میں بھی پاسپورٹ دینے سے انکار کردیا گیا تھا تو پھر محبوبہ مفتی اچانک ایک جہد کار کے طور پر کیوں سامنے آنے کی کوشش کررہی ہیں ۔ ریاست میں بی جے پی کی حلیف جماعت پی ڈی پی نے اس مسئلہ پر کہا کہ گیلانی کو اپنی ملک دشمن سر گرمیوں کے لئے معافی مانگنی چاہئے اور یہ قبول کرنا چاہئے کہ وہ ہندوستانی ہے ۔ عمر عبداللہ نے پاسپورٹ کے مسئلہ پر بی جے پی کے اعترا ض پر سوال اٹھایا ۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ اگر گیلانی اپنے آپ کو ہندوستانی کہتے ہیں تو بی جے پی کو اس پر اعتراض کیوں ہے ۔ ہاں اگر یہ پی ڈی پی اور بی جے پی کی میچ فکسنگ ہے تو اور بات ہے۔ بظاہر درخواست فارم میں شہریت ہندوستانی بتانے کی ضرورت کا حوالہ دیتے ہوئے سابق چیف منسٹر نے کہا کہا گر انہیں2011میں پاسپورٹ مل سکتا تھا تو کوئی وجہ نہیں کہ2015میں انہیں پاسپورٹ نہ ملے ۔ وہ ہندوستانی پاسپورٹ اور شہریت پر سفر کرنے پر خوش ہیں ۔ پی ڈی پی صدر نے آج کہا کہ گیلانی کو2007،2008اور2011میں پاسپورٹ جاری کیا گیا تھا۔ ہم مرکزی وزارت داخلہ سے کہیں گے کہ گیلانی ، ان کی اہلیہ اور لڑکے کو پاسپورٹ جاری کیا جانا چاہئے تاکہ وہ سعودی عرب میں اپنی علیل دختر کی عیادت کرسکیں ۔ ان کی دختر کو اپنے والد سے ملاقات سے محروم نہیں کرنا چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر علیحدگی پسندقائدین بشمول محمد یاسین ملک، شبیر شاہ، میر واعظ عمر فاروق کو پہلے ہی پاسپورٹ دئیے جاچکے ہیں ۔ وہ وقفہ وقفہ سے بیرونی ممال کے دورے کرتے رہتے ہیں۔ وہ مختلف بیرونی ممالک بشمول پاکستان بھی جاتے ہیں ۔ اسی دوران سی پی آئی ایم کے اسٹیٹ سکریٹری محمد یوسف تریگامی نے بھی گیلانی کو پاسپورٹ جاری کرنے کی اپیل کی ہے ۔

Geelani passport: Mehbooba wants centre's nod

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں