دہلی میں کجریوال حکومت کے تقررات لیفٹننٹ گورنر کی جانب سے کالعدم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-21

دہلی میں کجریوال حکومت کے تقررات لیفٹننٹ گورنر کی جانب سے کالعدم

نئی دہلی
پی ٹی آئی
عام آدمی پارٹی حکومت کے خلاف اپنے ٹکراؤ میں شدت پیدا کرتے ہوئے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ نے آج اس کی جانب سے گزشتہ4دن کے دوران کیے گئے تمام تقررات کو منسوخ کردیا اور زور دے کر کہا کہ عہدیداروں کے تبادلے اور تعیناتی کے معاملات میں وہی واحد اتھاریٹی ہیں ۔ چیف منسٹر اروند کجریوال کے نام اپنے ایک مکتوب میں لیفٹننٹ گورنر نے عام آدمی پارٹی حکومت کے عہدیداروں کو لکھے گئے اس مکتوب کو چیلنج کیا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ چیف منسٹر یا اور کسی وزیر سے منظوری حاصل کئے بغیر لیفٹننٹ گورنر کی ہدایات پر عمل نہ کریں ۔ نجیب جنگ نے کہا کہ عہدیداروں کے تبادلون اور تعینانی کا اختیار صرف ان کے پاس ہے۔ نجیب جنگ نے عام آدمی پارٹی حکومت کی عہدیدارون کو ان ہدایات کی بھی مخالفت کی کہ وہ فائلیں ان کے دفتر کے ذریعہ نہ بھیجیں ۔ انہوں نے کہا کہ اہم پالیسی مسائل پر فیصلہ کرنے کا انہیں اختیار دیا گیا ہے ۔ نجیب جنگ نے اپنے ایک مکتوب میں گورنمنٹ آف این سی ٹی آف دہلی ایکٹ کے اصولوں اور قواعد کے علاوہ دہلی حکومت کے تجارتی اصولوں اور قواعد کی وضاحت کی ۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی حکومت سے کہا کہ وہ اصولوں پر کاربند رہے۔ نجیب جنگ نے کہا کہ عام آدمی پارٹی حکومت کی جانب سے گزشتہ چار دن کے دوران کیے گئے تبادلے اور تعیناتی جائز نہیں ہے، کیونکہ ان سے منظوری نہیں لی گئی ہے ۔ کجریوال نے پیر کے دن جاری کردہ ہدایات میں عہدیداروں بشمول چیف سکریٹری سے کہا تھا کہ وہ لیفٹننٹ گورنر کی ہدایات پر عمل کرنے سے پہلے ان سے اور دیگر وزراء سے مشورہ کریں ۔ گزشتہ روز کجریوال اور نجیب جنگ دونوں ہی اپنی جنگ کو صدر جمہوریہ کے دربار میں لے گئے اور ایک دوسرے پر دستور کی خلاف ورزی اور اپنے حدود سے تجاوز کرنے کا الزام عائد کیا۔آج کجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی سے کہا کہ وہ شہر کی حکومت کوآزادانہ طور پر کام کرنے دیں۔ انہوں نے مرکز پر الزام عائد کیا کہ وہ نجیب جنگ کے ذریعہ دہلی کی حکومت چلانے کی کوشش کررہا ہے ۔ مودی کے نام اپنے ایک خط میں کجریوال نے نجیب جنگ کی جانب سے کئے گئے تبادلون اور تعینانی کا تذکرہ کیا اور کہا کہ منتخبہ حکومت کو سینئر عہدیداروں میں کام کی تقسیم اپنی مرضی سے کرنے کی اجازت دینی چاہئے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ شکنتلا گیملن کے کارگزار چیف سکریٹری کی حیثیت سے تقرر کے مسئلہ پر عام آدمی پارٹی حکومت اور نجیب جنگ کے درمیان مکمل جنگ چھڑ گئی تھی ۔ کجریوال نے الزام عائد کیا تھا کہ لیفٹننٹ گورنر، دہلی انتظامیہ کو اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کررہے ہیں ۔

Delhi battle intensifies as Jung cancels Kejriwal's appointments

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں