پرانے شہر حیدرآباد کو نئے شہر کے مماثل ترقی دینے وزیراعلیٰ کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-21

پرانے شہر حیدرآباد کو نئے شہر کے مماثل ترقی دینے وزیراعلیٰ کا اعلان

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
چیف منسٹر تلنگانہ کے چند ر شیکھر راؤ نے پرانے شہر حیدرآباد کو نئے شہر کے مماثل ترقی دینے کا اعلان کیا۔ آج دبیر پور ہ میں منعقدہ سوچھ حیدرآباد پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے انہوں نے عوام سے علاقہ کے مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد ایک تاریخی و عظیم تہذیب کا حامل شہر ہے ۔ اس شہر میں عوام بلا لحاظ مذہب و ملت و ذات پات امن و امان کے ساتھ زندگی بسر کررہے ہیں۔ انہوں نے شہرکی گنگا جمنی تہذیب کو ملک بھر کے لئے مثالی قرار دیتے ہوئے ہر قیمت پر تحفظ کرنے اور شہرکو مزید ترقی یافتہ بناتے ہوئے عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کا وعدہ کیا۔ کے چندر شیکھر راؤ نے علاقہ کے عوام کو در پیش پینے کے پانی کا مسئلہ حل کرنے تالاب کی کھدائی عمل میں لانے کا تیقن دیا اور کہا کہ آج شام ہی تالاب کی کھدائی کے لئے احکامات جاری کردئیے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے تالاب کو حضرت عباس کے نام سے موسوم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ وہ بہت جلد دوبارہ پرانے شہر کا مسلسل تین چار دن دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کریں گے ۔ اور مسائل سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے انہیں حل کرتے ہوئے اس علاقہ کے عوا م کے معیار زندگی کو بلند کرنے کی کوشش کریں گے ۔ ان کی تمام تر کوشش شہر حیدرآباد کے اس حصہ کے سنہرے ماضی کا احیا کرن اور مسائل سے پاک علاقہ میں تبدیل کرنا ہے ۔ انہوں نے علاقہ میں گندے پانی کی نکاسی کے لئے اسٹرام واٹر ڈرین کی تعمیر کے لئے آج ہی احکامات جاری کرنے کا تیقن دیا ۔ بعد ازاں علاقہ سعید آباد کے ایرہ کنٹہ شمشان گھاٹ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے ایرہ کنٹہ تالاب کو مشن کاکتیہ میں شامل کرتے ہوئے تالاب کا احیاء کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ، رکن اسمبلی ٹی کرشنا ریڈی ، کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر، حیدرآباد سومیش کمار کے علاوہ سیاسی قائدین و سرکاری عہدیداروں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ یو این آئی کے بموجب چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج یہاں کہا کہ شہر حیدرآباد جو اپنی گنگا جمنی تہذیب کے لئے جانا جاتا ہے ، پوری دنیا کے لئے ہندو مسلم اتحاد اور مذہبی رواداری کی مثال بننا چاہئے ۔ سوچھ حیدرآباد مہم کے تحت پرانے شہر کے دبیر پورہ میں ایک پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ علاقہ میں1200کروڑ کی لاگت سے ایک ذخیرہ آب تعمیر کیاجائے گا ۔ انہو ں نے تیقن دیا کہ اس کی تعمیر6ماہ میں مکمل ہوجائے گی اور جلد ٹنڈرس طلب کیے جائیں گے اور کام کا آغاز ہوجائے گا ۔ راؤ نے کہا کہ وہ2-3دن کے لئے پرانے شہر کا علیحدہ دورہ کریں گے ۔ تاکہ یہاں کے شہریوں کو در پیش مسائل سے آگاہ ہوسکیں ۔

دریں اثنا اعتماد نیوز کے بموجب چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پرانا شہر میں برقی سربراہی کو موثر بنانے اور کئی علاقوں میں برقی سب اسٹیشنس کے جو کام عرصہ سے زیر التوا ہیں ان کی جلد تکمیل کرنے کا یقین دلایا ہے ۔ کے چند ر شیکھر راؤ کے دورہ کے دوران بیرسٹر اسد الدین اویسی رکن پارلیمنٹ حیدرآباد و صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے سب اسٹیسنس کے زیر التوا کاموں کی جانب توجہ مبذول کروائی ۔ انہوں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ چنچل گوڑہ میں133 KVبرقی سب اسٹیشن کی تعمیر کے لئے وہ مسلسل نمائندگی کررہے ہیں، حکومت پرنٹنگ پریس سے اراضی لیتے ہوئے یہاں برقی سب اسٹیشن قائم کرسکتی ہے ۔جس سے چیف منسٹر نے اتفاق کیا ۔ صدر مجلس نے کشن باغ میں بھی133 KVسب اسٹیشن کی تعمیر کے لئے اقدامات کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ کشن باغ میں جہاں پر جی ایچ ایم سی کا پارک تعمیر کیاجارہا ہے وہاں اراضی دستیاب ہے، اسی علاقے میں ڈھائی ہزار گز اراضی پر سب اسٹیشن قائم کیاجاتا ہے تو بہادر پورہ اسمبلی حلقہ کے تمام علاقوں میں برقی مسائل کی یکسوئی ہوجائے گی ۔ رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے چیف منسٹر کو بتایا کہ مجلس کی نمائندگی پر پیٹلہ برج علاقہ میں25کروڑ روپے لاگت سے برقی سب اسٹیشن کا پراجکٹ منظور ہوا ہے ، محکمہ پولیس کی جانب سے اس پراجکٹ کے لئے اراضی فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔ انہوں نے چندر شیکھر راؤ پر زور دیا کہ وہ اس مسئلہ پر مداخلت کریں اور وہاں پر برقی سب اسٹیشن کی تعمیر کو یقینی بنائیں ۔ چیف منسٹر نے صدر مجلس سے کہا کہ وہ ان تمام مسائل کا خود جائزہ لیں گے اور پراجکٹس کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں گے ۔

CM KCR whirlwind visit to Old City as part of Swach Hyderabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں