آسٹریلیا تنازعہ کشمیر پر جانبداری کا خواہاں نہیں - آسٹریلیائی وزیر خارجہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-07

آسٹریلیا تنازعہ کشمیر پر جانبداری کا خواہاں نہیں - آسٹریلیائی وزیر خارجہ

اسلام آباد
پی ٹی آئی
آسٹریلیائی وزیر خارجہ ، جولی بشپ دو روزہ سرکاری دورہ پر پاکستان پہنچیں جہاں انہوں نے وزیر اعظم کے مشیر خارجہ امور و قومی سلامتی ، سرتاج عزیز سے ملاقاات کی ۔ انہوں نے اسی دوران یہ وضاحت کی کہ آسٹریلیا کشمیر جیسے متنازعہ مسئلہ پر جانبداری کا خواہاں نہیں ۔ دورہ کا مقصد باہمی مفادات اور تعلقات میں استحکام جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کرنا ہے ۔ جولی بشپ نے کہا کہ آسٹریلیا کسی کی جانبداری کی بجائے ہندوستان اور پاکستان کو پر امن طریقہ سے باہمی بات چیت کے ذریعہ حل کئے جانے پر زور دیتا ہے ۔ آسٹریلیا۔ ہند سیویل نیو کلیر تعاون سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں توانائی کے بے پناہ ذخائر موجود ہیں اور ہم ساری دنیا کو توانائی برآمد کرنے کے حق میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان ایک معاہدہ پر بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے تاہم یہ وضاحت بھی کردی کہ ہندوستان کو یہ سہولت مہیا تو ضرور کی جائے گی تاہم اس پر سخت کنٹرول بھی ہوگا ۔ بشپ نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے 24ملین ڈالر امداد فراہم کرنے کا وعدہ کیا جس میں فوجی کارروائیوں کے سبب نقل مقامی کرنے والے افراد کی باز آباد کاری کے لئے10ملین ڈالر مختص ہوگا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انسداد عسکریت و انتہا پسندی کارروائیوں میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا ۔ انہوں نے جون میں انسداد دہشت گردی سے متعلق ایک چوٹی اجلاس کے اہتمام کا اعلان بھی کیا ۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان ، آسٹریلیا کے ساتھ معاشی و تجارتی تعلقات میں فروغ کا خواہاں ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف رواں سال کے اختتام تک آسٹریلیا کا دورہ کرنے والے ہیں ، جس کا مقصد تعلقات میں مزید فروغ ہوگا ۔ ریڈیو پاکستان نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد نے آسٹریلیا سے اپنی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی وسیع تر رسائی کی سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی ۔ قبل ازیں بشپ نے اسلام آباد پہنچتے ہی کہا کہ میرے دورہ پاکستان کا مقصد پاکستانی قائدین سے ملاقات اور باہمی شراکت داری میں استحکام کے علاوہ اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال ہے ۔ جولی بشپ وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران سیاسی تعلقات پر خصوصی بات چیت کریں گی ۔ علاوہ ازیں وہ فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف سے ملاقات کے دوران سیکوریتی اور ڈیفنس تعاون پر بات چیت کریں گی ۔ جولی بشپ خواتین کو با اختیار بنانے اور جنسی مساوات سے متعلق ایک فورم سے بھی خطاب کریں گی ۔ آسٹریلیائی وزیر خارجہ اپنی جانب سے مہیا کردہ فنڈ سے تیار ایک پراجکٹ کا افتتاح بھی کریں گی ۔ پاکستانی وزیر خارجہ کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا موجودہ تعلقات میں استحکام و فروغ کے امکانات کا جائزہ لیں گے ۔ خصوصی طور پر تجارت، سرمایہ کاری ، زراعت، تعلیم، اسپورٹس اور ڈیفنس جیسے شعبوں میں تعلقات میں فروغ پر زور دیاجائے گا۔

Australia doesn't want to take sides on Kashmir: Foreign Minister

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں