ترقی پذیر افریقی و عرب ممالک کی ہنرمندانہ صلاحیتوں میں ہندوستان کی مدد - نجمہ ہپت اللہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-09

ترقی پذیر افریقی و عرب ممالک کی ہنرمندانہ صلاحیتوں میں ہندوستان کی مدد - نجمہ ہپت اللہ

FIWE
5ویں انٹر نیشنل وومن انٹر پرینیورس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر ڈاکٹر نجمہ ہپت اللہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی خصوصی توجہ اسکل ڈیولپمنٹ(Skill Development) اور انٹر پرینیورشپ(Entrepreneurship) پر ہے اور یہی وہ نئی انقلابی فکر ہے جس کے ذریعہ ملک اقتصادی ترقی کی نئی سمت کی جانب گامزن ہے اور یہی فکر دیگر ممالک کی ضروریات کو بھی پورا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ فیڈریشن آف انڈین وومن انٹر پرینیورس کی اس تین روزہ سمٹ میں ایتھوپیا ، نائیجریا، بوتسوانا ، سینگل ، مصر، بحرین، قطر ، ابو ظہبی ، پاکستان جیسے دیگر ممالک کے تقریبا400شرکا نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اقلیتی امور ڈاکٹر نجمہ ہپت اللہ نے کہا کہ ترقی کی راہوں کو ہموار کرنے میں آج خواتین کا بہت اہم کردار ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ آج دنیا بھر میں جتنے بھی کاروبار عمل پیرا ہیں ان میں سے تقریباً ایک تہائی کی قیادت خواتین کرتی ہیں اور ان کا عالمی اقتصادیات میں خاطر خواہ حصہ ہے اور جس میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے ۔ مرکزی حکومت کے ذریعہ جاری اقتصادی اقدامات کو بیان کرتے ہوئے وزیر اقلیتی امور نے کہا کہ اسکل ڈیولپمنٹ اور انٹر پرینیورشپ کے ذریعہ ہندوستان نہ صرف اپنے میک ا ن انڈیا پروگرام کو تقویت پہنچا رہا ہے بلکہ ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کی ضرورتوں کے مد نظر انسانی وسائل کو باہنر بناکر ان کی مدد بھی کرسکتا ہے ۔ وزارت اقلیتی امور کی خواتین کو با اختیار بنانے کی اسکیم ’’نئی روشنی‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر موصوف نے سمٹ کے شرکا کو بتایا کہ ان کی وزارت نے گزشتہ دو سال میں97000خواتین کو مخٹلف علاقوں میں تربیت دی ہے اور یہی نہیں بلکہ وزارت نے سال2014-15کے لئے24صوبوں کی66350خواتین کو تربیت دینے کو منظوری دی ہے۔ سمٹ میں عرب اور افریقی ممالک کے سفیر اور کاروباری شعبہ کی خواتین نمائندوں نے شرکت کی۔ فیڈریشن آف انڈین وومن انٹر پرینیورس کی رجنی اگر وال نے تمام شرکاء کی جانب سے وزیر اقلیتی امور ڈاکٹر نجمہ ہپت اللہ کا سمٹ میں شرکت کے لئے شکریہ ادا کیا۔

5th International Women Entrepreneurs Summit by The Federation Indian Women Entrepreneurs (FIWE) in New Delhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں