نیپال زلزلہ کے مہلوکین کو پارلیمنٹ کا خراج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-28

نیپال زلزلہ کے مہلوکین کو پارلیمنٹ کا خراج

نئی دہلی
یو این آئی
پارلیمنٹ نے نیپال اور ملک کے کئی حصوں میں زلزلے سے ہونے والی بھاری تباہی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے تئیں دلی تعزیت ظاہر کی اور پڑوسی ملک کو یقین دہانی کرائی کہ بحران کی اس گھڑی میں ہندوستان پوری طرح کے ساتھ ہے ۔ لوک سبھا میں کارروای شروع ہوتے ہی اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن اور صدر نشین راجیہ سبھا حامد انصاری نے نیپال اور ہندوستان میں زلزلے کے مہلوکین کے تئیں تعزیتی پیغام پڑھا اور دونوں ایوانوں میں ارکان نے مہلوکین کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی مناتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ سمترا مہاجن نے کہا کہ یہ اجلاس نیپال کے عوام، اس کی حکومت اور ہمارے اپنے ملک کے مختلف حصوں اورہمارے پڑوسی ممالک میں تمام متاثرہ لوگوں کے اس دکھ کی گھڑی میں اپنی ہمدردی اور مکمل حمایت کا اظہا ر کرتا ہے ۔ یہ اجلاس بڑی تعداد میں لوگوں کی موت اور وسیع تباہی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے اور غم زدہ خاندانوں کے تئیں دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے ۔ اور زخمیوں کے جلد صحت مند ہونے کی دعا کرتا ہے۔ لوک سبھا کے ارکان نے متاثرین زلزلہ کی ریلیف کے لئے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کا عطیہ دینے کا اعلان کیا ۔ بلا لحاظ پارٹی وابستگی تمام ارکان نے متفقہ طور پر دونوں ممالک کے درمیان طویل تعلقات کا ذکر کیا اور اس آفت سماوی سے متاثر ہونے والے ہر شخص کی زندگی میں خوشحالی لانے کے لئے مدد دینے تیقن دیا ۔ نیپال کے علاوہ ہندوستان میں بھی زلزلہ کے جھٹکوں سے65افراد ہلاک ہوئے ۔ جن میں سے صرف ریاست بہار میں ہی51افرا د ہلاک ہوئے ہیں، جب کہ12افراد اترپ ردیش میں اور دو افراد مغربی بنگال میں ہلاک ہوئے ۔ نیپال میں تقریباً3,200افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ جب کہ ہزارہا زخمی موت وزیست کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ وزیر پارلیمانی امور وینکیا نائیڈو نے لوک سبھا میں بتایا کہ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ہندوستان کا ہر قدم نیپال کی مدد کے لئے اٹھایاجائے گا ۔ ان کا دکھ ہمارا دکھ ہے ۔ راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد حکومت کو چاہئے کہ ملک کے جو علاقہ زلزلہ زون میں آتے ہیں وہاں چوکسی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ قومی آفات سماوی کمیٹی کو چاہئے کہ ہر ریاست اور ضلع سطح پر اپنے حکام کو تعینات کرے۔ سی پی آئی ایم کے ستیا رام یچوری نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایم پی ایل اے ڈی فنڈ کو نیپال کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں استعما ل کرنے کی اجازت دی جائے ۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اسے ایک بہت بڑا حادثہ بتاتے ہوئے کہا کہ ہندوستان بحران کی اس گھڑی میں نیپال اور ملک میں متاثر ہوئے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہے ، اس کے ساتھ ہی انہوں نے نیپال کی سرحد پر امدادی کیمپ قائم کرنے اور لوگوں کو محفوظ نکالنے کی خاطر بسوں کومنظم کرنے کے لئے بہار، اتر پردیش اور اترا کھنڈ کی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا ۔ سنگھ نے راحت کے کاموں کی معلومات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے نیپال میں پھنسے غیر ملکی سیاحوں کو مفت ویزا سہولت مہیا کرانا شروع کردیا ہے اور ابھی تک وہاں سے2500ہندوستانیوں کو نکالا گیا ہے ۔
لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملکار جن کھرگے نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پورا ملک نیپال کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے مصیبت کے وقت ہندوستانی حکومت کے کردار کی تعریف کی اور ساتھ ہی مرکزی حکومت سے کہا کہ وہ ریاستوں کو فورسز کی تشکیل کرنے کی ہدایت دے۔ ترنمول کانگریس کے سوگت رائے نے نیپال زلزلہ سانحہ میں راحت اور بچاؤ کاموں کے لئے مرکزی حکومت کی تعریف کی لیکن ساتھ ہی کہا کہ ابھی ملک کے زلزلے سے متاثرہ ریاستوں کے لئے بہت کچھ کئے جانے کی ضرورت ہے۔ سماج وادی پارٹی کے ملائم سنگھ نے سانحہ میں ہلاک ہونے والوں کے تئیں گہرا غم اور تعزیت ظاہر کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے ارکان کی طرف سے ایک دن کی تنخواہ ریلیف فنڈ میں دیے جانے کا مشورہ دیا۔ نیپال کی سرحد سے متصل بہار ریاست کے جدیو کے جے پرکاش یادو، لوک جن شکتی پارٹی کے چراغ پاسوان اور کوشیلندر کمار نے زلزلے کی وجہ سے مچی تباہی کے لئے اسے قومی آفت قرار دینے اور بہار کو خصوصی پیکیج دینے کا مطالبہ کیا ۔ بیجو جنتادل کے بھر تہر مہتاب نے مرکزی حکومت کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ فوری قدم اٹھا کر ہندوستان نے ستائش کا م کیا ہے۔ انہوں نے انڈر14خواتین فٹ بال ٹیم کو وطن واپس لانے کے لئے بھی مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا جسمیں اڑیسہ کی کئی کھلاڑی شامل ہیں۔ مہیتاب نے کہا کہ جس طرح ہندوستان نیپال کے ساتھ کھڑا ہوا ہے ، ہندوستان کو اسی طرح تبت کے ساتھ بھی کھڑا ہونا چاہئے ، جو اس زلزلے سے کافی متاثر ہوا ہے ۔ اکالی دل کے پریم سنگھ چندوماجرا، قومی لوک سمتا پارٹی کے ارون کمار ، کانگریس کے این کے پریم چندرن، بی جے پی کے یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی پڑوسی ملک کے متاثرہ لوگوں کے ساتھ یکجہتی جتائی اور کئی ارکان نے موثر راحت اور بچاؤ کے کام کے لئے قومی آفت انتظامی ٹیم( این ڈی آر ایف) کی تعریف کی ۔

Nepal earthquake: Lok Sabha MPs to donate salary

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں