یمن سے 349 ہندوستانیوں کو بحفاظت باہر نکالا گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-02

یمن سے 349 ہندوستانیوں کو بحفاظت باہر نکالا گیا

ہندوستانی بحریہ کے جہاز آئی این ایس سمترا کے ذریعہ جنگ زدہ ملک یمن کے جنوبی مغربی شہر عدن سے 349ہندوستانیوں کو باہر نکالا گیا ہے ۔ انہیں اب جبوتی کی طرف لایاجارہا ہے ۔ جہاں سے انہیں بذریعہ طیارہ وطن واپس لایاجائے گا ۔۔ملکتی وزیر برائے امور خارجی وی کے سنگھ یمن سے ہندوستانیوں کو بحفاظت باہر نکالنے کے لئے شروع کی گئی مہم’’ آپریشن راحت‘‘ کی نگرانی کے لئے پہلے ہی جبوتی پہنچے ہوئے ہیں۔ وزارت دفاع نے آ ج یہاں بتایا کہ ہندوستانی بحریہ کا جہاز آئی این ایس سمترا پہلے سے ہی صومالی بحری قزاقوں سے نمٹنے کے لئے خلیج عدن میں11مارچ سے تعینات تھا ، جس کو اب آپریشن راحت میں لگا گیا ہے ۔ 349ہندوستانیوں کو جبوتی پہنچانے کے بعد وہ پھر سے عدن کی طرف روانہ ہوگا، تاکہ مزید ہندوستانیوں کو یمن کی راجدھانی صنعا سمیت مختلف علاقوں سے عدن کے راستے سے باہر نکالاجاسکے ۔ اس کے علاوہ آئی این ایس ممبئی اور آئی این ایس ترکش بھی ممبئی سے30مارچ کو روانہ ہوچکا ہے جو جلد ہی یمنی ساحل پر ہندوستانیوں کو باہرنکالنے کی کارروائی میں شامل ہوگا ۔ یہ جنگی جہاز اس مہم کے ساتھ ہی دو مسافر بردارجہازوں کو بھی صومالی بحری قزاقوں سے تحفظ فراہم کریں گے ۔ یہ مسافر بردار جہاز بھی 30مارچ کو کوچی سے جبوتی کے لئے روانہ ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ ہندوستانی بحریہ نے اس مہم کے لئے تین جہازوں کو تعینات کیا ہے۔ حکومت ہند نے پہلے ہی یمن میں سلامتی کی صورتحال ابتر ہونے کی وجہ سے ہندوستانیوں کو جلد از جلد یمن سے باہر نکل جانے کا مشورہ دے دیا ہے ۔

Another batch of over 300 Indians evacuated from Yemen

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں