hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں 2015-apr-01 |
منصف نیوز بیورو
منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ ایم جگدیشور نے کہا کہ شہر کی آبی ضرورتوں کی تکمیل کے لئے کرشنا مرحلہ سوم کو کرشنا مرحلہ دوم سے مربوط کیاجارہا ہے ۔ جس سے شہر کو 45ملین گیالن پانی لایاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مرحلہ سوم کو مرحلہ دوم سے مربوط کرنے کے کاموں کی تکمیل4اپریل کو مکمل ہوگی جس کی وجہ سے4اپریل کو سارے شہر کو پانی کی سربراہی مسدود رہے گی ۔ آج دفتر واٹر ورکس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم جگدیشور نے کہا4اپریل کو پانی کی سربراہی کی مسدودی سے محلہ نارائن گوڑہ، برکت پورہ نلہ، کنٹہ، مشیر آباد، نمبولی اڈہ، اڈیکمنٹ، شیوم ، چلکل، گوڑہ، بوگل کنٹہ، محبوب مینشن، ونئے نگر، آسمان گڑھ، چنچل گوڑہ، بارکس، چند رائن گٹہ، میسارم، یاقوت پورہ، سنتو ش نگر، وشالی نگر، دلسکھ نگر اور ملک پیٹ جو کرشنا واٹر سپلائی مرحلہ اول کے تحت آتے ہیں میں پانی کی سربراہی مکمل طورپر مسدود رہے گی جب کہ میر عالم، مصری گنج ، جہانما ، بہادر پورہ، اعظم پورہ، اور مغل پورہ میں پانی کی سربراہی کچھ حد تک متاثر ہوگی ۔ اسی طرح کرشنا واٹر سپلائی مرحلہ دوم کے تحت آنے والے محلہ جات صاحب نگر ، بالا پور ، میلارد یوپلی، حیدر گوڑہ، اپرپلی، پراشن نگر، تارناکہ لالا پیٹ ، مولا علی، ناچارم، بیراپاگڈو، بوداپل، حبشی گوڑہ، رانتا پور، ملکا جگیری، ڈیفنس کالونی ، سائی ناتھ پوری، گائتری نگر، چانکیہ پوری، بلدیہ بھوگیر، گچی باؤلی، سینک پوری، اپلو گٹہ اور کیالش گری میں پانی کی سربراہی مکمل طور پر مسدود رہے گی نیز محلہ جات لنگم پلی، مار ید پلی، سیتا پھل منڈی، میٹو گوڑہ، بنجارہ ہلز ، سوما جی گوڑہ، ایرہ گوڑہ جوبلی ہلز، یلہ ریڈی، گوڑہ، کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ، باگیہ نگر ، موسی پیٹ میں پانی کی سربراہی کچھ حد تک ( جزوی طور پر) متاثر ہوگی ۔ ایم جگدیشور نے کہا کہ4اپریل کو محکمہ واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے متاثرہ محلہ جات میں500اضافی واٹر ٹینکرس کے ذریعہ پانی سربراہ کیاجائے گا ۔ ہر ٹینکر یومیہ8تا دس ٹرپس کرے گا) انہوں نے کہا کہ کرشنا واٹر سپلائی مرحلہ سوم کی تکمیل کے ذریعہ 45ملین گیالن اضافی پانی حاصل ہوگا جس سے موسم گرما کے دوران شہریان حیدرآباد کو پینے کے پانی کی قلت کا ازالہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآبادکے لئے پینے کے پانی کی جملہ طلب732ملین گیالن ہے جب کہ موجودہ طور پر صرف340ملین گیالن پانی ہی سربراہ کیاجارہا ہے ۔ طلب اور سربراہی میں بہت بڑا فرق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو دریا گوداوری اور کرشنا سے پانی لانے کے لئے کام جاری ہیں۔ ان پراجکٹس کی تکمیل کے بعد262ملین گیالن پانی مزید حاصل ہوگا جس سے طلب اور سربراہی کے درمیان فرق پر بہت حد تک قابو کرلیاجائے گا۔ جگدیشور نے کہا کہ 4اپریل کو پانی کی سربراہی کی مسدودی کی نگرانی کے لئے ایگزیکٹیو ڈائرکٹر ، ڈائرکٹر(ٹیکنیکل) اور ڈائرکٹر دریونیو، وینپر انجینئرس پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ عوام کو کسی بھی پریشانی سے محفوظ رکھنے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے ۔ عوام ان نمبرات9989995690اور9989990824پر ربط قائم کرتے ہوئے اپنے مسائل عہدیداروں کے علم میں لاسکتے ہین ۔ ایم جگدیشور نے کہا کہ کرشنا مرحلہ سوم کو کرشنا مرحلہ دوم سے مربوط کرنے کے بعد علاقہ چار مینار ، جہاں نما ، بہادر پورہ، میر عالم، مصری گنج، آسمان گڑھ، سلالہ بارکس، سنتوش نگر ، ریاست نگر، ہمایوں نگر ، آصف نگر ، بھوجہ گٹہ، گولکنڈہ ، ضیاء گوڑہ ، گھوڑے کی قبر، ہندی نگر ، نارائن گوڑہ چلچل گوڑہ ، ایڈکیمنٹ ، پرشاسن نگر ، بورہ بنڈہ، کارخانہ، ماریڈپلی اور کنٹونمنٹ میں پانی کی سربراہی میں بہتری آئے گی ۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ قبل از وقت پ انی کا ذخیرہ کرلیں ۔ اس موقع پر حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے اعلیٰ عہدیدارایس پربھاکر شرما، ڈاکٹر پی ایس سوریا نارائنا، ایم سیتا نارائنا اور ٹی روندر ریڈی بھی موجود تھے ۔
Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city
Hyderabad Water supply to be affected on April 4
Hyderabad Water supply to be affected on April 4
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں