ایشین فاؤنڈیشن ضلع بیڑ کے تحت قرآن سینٹرکا افتتاح - سہ روزہ کورس کا کامیاب انعقاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-01

ایشین فاؤنڈیشن ضلع بیڑ کے تحت قرآن سینٹرکا افتتاح - سہ روزہ کورس کا کامیاب انعقاد

Quran-Centre-Beed
شہر بیڑ میں ایشین فاؤنڈیشن کے تحت قرآن سینٹرکا افتتاح ، سہ روزہ کورس کا کامیاب انعقاد
عالمی تنظیم’’انڈرسٹینڈ قرآن اکیڈمی‘‘ کے ڈائریکٹر محترم ’’عبد الرحیم ‘ سمیت صوبہ مہاراشٹر کے جید علماء اکرام نے کی رہنمائی

قرآن کے پیغام سے واقف ہونے کے لئے قرآن کو سمجھ کر پڑھنا ضروری ہے ۔ قرآن مجید کی درست تلاوت کے لئے تجوید کا سیکھنا بہت ضروری ہے ۔ عربی حروف کی پہچان ، ان کی صحیح ادائیگی اور قراء ت کے بنیادی اصولوں سے واقفیت حاصل کرکے قرآن کو صحت کے ساتھ پڑھا جا سکتا ہے۔قرآنی عربی کو سیکھ کر آپ اپنی مادری زبان میں قرآن کا مفہوم آسانی سے سمجھ سکتے ہیں۔جو لوگ قرآن کی تعلیمات عام کرنے کی کوشش کرتے ہیں اللہ ان کی دنیا تو سنوار ہی دیتا ہے ساتھ ہی ان کو آخرت میں بھی کامیاب کرتا ہے۔ قرآن مجید، انسانیت کے نام اللہ تعالیٰ کا آخری پیغام ہے۔ یہ قرآن اس اللہ کا کلام ہے جو زمین و آسمان کا خالق و مالک اور ہمارا رب ہے۔ اللہ تعالیٰ کا سب سے بڑا انعام اور سب سے عظیم احسان یہ ہے کہ اس نے انسانوں کو اپنا کلام یعنی قرآن مجید عطا فرمایا ہے۔ ہمارا قرآن سے رشتہ جتنا مضبوط ہوگا اتنا ہی ہم اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کر سکیں گے۔اس طرح کا اظہار خیال قاری نثار احمد کلیمیؔ صدر دارالقرات کلیمیہ نے بیڑ میں کیا موصوف ایشین فاؤنڈیشن کی جانب سے شروع قرآن سینٹر کے افتتاحی اجلاس سے مخاطب تھے ۔اس افتتاحی اجلاس سے ،مولانا ڈاکٹر عبد الرشید ندوی (اورنگ آباد ) ،مفتی کلیم رحمانی صاحب (پوسد) ،مولانا علیم الدین صاحب ندوی (اورنگ آباد ) ،مولانا انور الحق اشاعتی (اورنگ آباد ) ،مولانا ڈاکٹر عبد الشکور حسینی ،مفتی جاوید حسینی، مولانا عبد لباقی حسامی و دیگر معززین نے بھی خطاب کیا۔
تفصیلات کے مطابق ایشین فاونڈیشن ، بیڑ دینی تعلیمی اوراصلاحی کاموں کو انجام دینے کے لئے قائم کی گئی ہے ۔ فاونڈیشن کے ذریعے اب تک ضرورت مند امیدواروں کے لئے تعلیمی اسکالرشپ ، مریضوں کی معاشی امداد اور مختلف اسکولوں میں ضرورت مند طلباء کی تعلیمی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے امداد دی گئی ۔ مِلّت اِسلامیہ میں دینی اور اصلاحی کاموں کو فروغ دینے کے لئے اب بیڑ شہر میں قرآن سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔اس قرآن سینٹر کا افتتاح ۲۷؍ مارچ بروز جمعہ بوقت صبح ۳۰:۱۰ بجے عمل میں آیا اس افتتاح کے لئے صوبہ مہاراشٹر کے جید علماء کرام کی شہر بیڑ میں آمد ہوئی۔ افتتاح کے موقع پر ۳ روزہ کورس رکھا گیا جس میں ہم نماز اور تلاوت قرآن میں جو عربی پڑھتے ہیں اسے آسان طریقے سے سمجھنے کے لئے عالمی تنظیم’’انڈرسٹینڈ قرآن اکیڈمی‘‘ کے ڈائریکٹر محترم عالیجناب ’’عبد الرحیم صاحب نے ۳ روزہ کورس پیش کیا جس میں 150سے زائدمرد حضرات اور 450سے زائد خواتین نے شرکت کی اور اس سے مستفید ہوئے۔ اس کورس کی تکمیل کے بعدشرکاء قرآن کے تقریباً ۱۲۵؍ الفاظ اُردو ترجمہ کے ساتھ سیکھ گئے۔ جو قرآن میں تقریباً ۰۰۰،۴۰ بار آئے ہیں، یعنی قرآن کا پچاس فیصد حصہ سمجھنا آسان ہوجائیگا۔ ہم قرآن کو سمجھ کر پڑھیں گے تو قرآن پر عمل کرنا آسان ہوجائیگاعبد الرحیم صاحب نے اپنے اس تین روزہ کورس کی کامیابی کے بعد یہ اعلان کیا کہ فہم قرآن کے لئے اساتذہ تیار کئے جائینگے اور مقصد کے لئے 7روزہ ٹیچرس ٹریننگ کیمپ کا انعقاد قرآن سینٹر بیڑ میں کیا جائے گا ۔
مذکورہ قرآن سینٹر کے افتتاح کے لئے صوبہ مہاراشٹر کے جید علماء کرام شہر بیڑ میںآمد ہوئی اس دوران ان علماء اکرام نے شہر کی مختلف مساجد میں قران کے پیغام پر مبنی خطبہ جمعہ پیش کئے ۔جن میں حافظ و قاری مولانا عارف صاحب (اورنگ آباد ) تکیہ مسجد میں،مولانا ڈاکٹر عبد الرشید ندوی (اورنگ آباد )معراج مسجد میں ،قاری نثار احمد صاحب اقصٰی مسجد میں،مفتی کلیم رحمانی صاحب (پوسد) جامع مسجد میں،مولانا علیم الدین صاحب ندوی (اورنگ آباد ) مسجد بندل پورہ میں،مولانا انور الحق اشاعتی (اورنگ آباد ) اختری مسجد میں اور مفتی انیس الرحمن ندوی مسجد قبا آصف نگر بیڑ میں خطاب کیا۔۔ ۲۸، ۲۹ اور ۳۰؍ مارچ کو قرآن سینٹر، نزد امن لانس زم زم کالونی، بیڑ میں منعقد ہوئے اس کورس کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔اس کورس کی کامیاب تکمیل کے بعد ایشین فاؤنڈیشن کے صدر نصیر احمد خان نے تمام مہمانان مقررین اور شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں قرآن سینٹر کے تمام پروگراموں میں لوگو ں کا اسی طرح سے تعاون حاصل رہے گا۔

A successfull three-day course launched at Quran Centre Asian Foundation Beed Distt.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں