جنتا پریوار میں انضمام سے بی جے پی بے چین - جنتادل یو ترجمان کا بیان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-13

جنتا پریوار میں انضمام سے بی جے پی بے چین - جنتادل یو ترجمان کا بیان

پٹنہ
یو این آئی
جنتادل یو نائیٹیڈ( جے ڈی یو) کی بہار اکائی نے جنتا پریوار کے مابین وسیع انضمام کے بارے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرنند کشور یادو کی بیان بازی پر سکٹ رد عمل ظاہر کرتے ہوئے آج کہا کہ جنتا پریوار کے انضمام پر بی جے پی اور ان کے لیڈروں کی بے چینی کافی کچھ کہتی ہے اور اس سے ریاست میں ان کی حالت کا بخوبی اندازہ لگ جاتا ہے ۔ جے ڈی یو کے ریاستی ترجمان نیہورا پرساد یادو نے آج یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنتا پریوار کے اتحاد سے بی جے پی کے لیڈر نند کشور یادو کی بے چینی میں کافی بڑھ گئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے منصب کے وقار کو بھی فراموش کر کے جنتا پریوار کے لیڈروں پر بے بنیاد تبصرے کررہے ہیں۔ انہوں نے طنزیہ لہجے میں کہا کہ ملک کے عوام نے بی ج پی کو ملک کا اقتدار سونپ دیا لیکن بر سر اقتدار آنے کے بعد تقریباً ایک سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود مہنگائی ، بد عنوانی ، بے روزگاری جیسے مسائل جوں کے توں برقرار ہیں ۔ نیہورا پرساد یادو نے کہا کہ بہار سمیت پورے ملک کے لوگ مہنگائی سے پریشان ہیں اور حکومت ان کے دکھ درد اور بوجھ کو ہلکا کرنے کے بجائے ان پر کئی اطراف سے مالی بوجھ ڈال رہی ہے ۔ اب جب صرف دس ماہ کے وقفے میں ان کے پیروں تلے سے زمین کھسکنے لگی ہے ، تو بہار میں زمین تلاش کرنے کے لئے ان کے بڑے چھوٹے لیڈروں نے اپنا پینترا بدل کر کوششیں شروع کردی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈروں کو شاید پتہ نہیں ہے کہ بہار کی سیاسی زمین اب موجودہ چیف منسٹر نتیش کمار ، جے ڈی یو کے صدر اور سابق چیف منسٹر لالو پرساد یادو کے کنٹرول میں ہے ۔ جے دی یو کے ترجمان نے مزید کہا کہ اپوزیشن لیڈر سمیت بہار کے تمام بی جے پی لیڈران ریاست میں جنگل راج کی بات کہتے پھر رہے ہیں ۔ مگر وہ بی جے پی کے لیڈر نند کشور یادو سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ آپ کی پارٹی کے قومی صدر کس بات کے لئے ملک اور بیرون ملک میں مشہور ہیں ؟ کون نہیں جانتا کہ اقتدار کی بھوک میں آپ کی پارٹی نے ایسے لوگوں سے سمجھوتہ کیا جو ملک میں جرائم، عصمت دری، بد عنوانی اور لوٹ مار و قتل کے لئے مشہور ہیں ، جن کے خلاف درجنوں مقدمے چل رہے ہیں ۔ بی جے پی نے صرف ایسے عناصر سے سمجھوتہ ہی نہیں کیا ، بلکہ حکومت کی باگ ڈور بھی ان کے ہاتھوں میں سونپ دی ، انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نتیش کمار کی قیادت میں بہار نے ملک میں ترقی کی مثال قائم کی ہے ۔ ریاست کے عوامی مسائل کو بڑے پیمانے پر حل کیاہے جب کہ اس کے برعکس بی جے پی نے تو ملک میں عوام کے مسائل میں مزید اضافہ کردیا ہے ۔ انہوں نے وارننگ کے لہجے میں کہا کہ وقت آنے پر بہار کے عوام بی جے پی اور اس کے اتحاد کو سبق سکھانے کو بھی تیار ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں