آندھرا انڈسٹری مشن کا آج آغاز - 46 معاہدوں پر دستخط متوقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-29

آندھرا انڈسٹری مشن کا آج آغاز - 46 معاہدوں پر دستخط متوقع

حیدرآباد
یو این آئی
آندھراپردیش کو عالمی سرمایہ کاری کے ایک مرکز میں تبدیل کرنے اور اسے2050تک بہترین کاروباری منزل کی شکل دینے کے لئے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کل وشاکھا پٹنم میں اپنی حکومت کے انڈسٹری مشن کا آغاز عمل میں لائیں گے ۔اس موقع پر ریاست کی صنعتی پالیسی اور مختلف شعبوں کی پالیسیوں کی بھی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے علاوہ صنعتی پراجکٹس کی اندرون21دن منظوری کے لئے سنگل ڈیسک پورٹل کا بھی آغاز عمل میں لایاجائے گا ۔ حکومت آندھرا پردیش کے جاری کردہ ایک بیان میں یہ بات بتائی گئی ۔ حالیہ سرویز میں اس بات کا اندازہ قائم کیا گیا ہے کہ ہندوستان کی ترقی کی شرح آنے والے دنوں میں امریکہ جیسے عالمی سوپر پاور سے بھی آگے نکل جائے گی اور آندھرا پردیش کا انڈسٹری مشن، مرکزی حکومت کی میک ان انڈیا مہم میں اپنا بھرپور رول ادا کرے گا، جس کے نتیجہ میں نہ صرف ملک بلکہ ریاست کی معیشت میں بھی زبردست قوت اور استحکام حاصل ہوگا ۔ ریاستی حکومت، کل نا صرف ہندوستان بلکہ جاپان، متحدہ عرب امارات اور کینڈا وغیرہ کی46کمپنیوں کے ساتھ46یادداشت ہائے مفاہمت دستخط کرے گی جن کے ذریعہ ریاست میں35745کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی ۔ یادداشت ہائے مفاہمت کے ذریعہ پیٹروکیمیکل، انرجی ، انفراسٹر کچر، الکٹرانکس ، مینو فیکچرنگ، فوڈ پراسیسنگ ، ٹکسٹائلزاور آٹو موبائیل وغیرہ کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی جائے گی، جس کے نتیجہ میں ریاست بھر میں72210روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ یادداہشت ہائے مفاہمت پر دستخط کے علاوہ ریاست میں48یونٹس بھی قائم کئے جائیں گے۔ جو مختلف اضلاع پر پھیلے ہوئے ہوں گے ۔ ان میں ہر ایک کمپنی تین یونٹ قائم کرے گی۔ ان مقامات کی تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع چتور میں17، ضلع کرنول، میں6،ضلع مشرقی گوداوری میں6، ضلع مغربی گوداری میں3، ضلع نیلور میں2، ضلع کڑپہ میں2، ضلع اننت پور میں2،ضلع وشاکھا پٹنم میں2، ضلع گنٹور میں2،ضلع کرشنا میں2، اور ضلع پرکاشم میں ایک کمپنی اپنے یونٹس قائم کررہی ہے ۔ مزید دو کمپنیاں بھی اپنے یونٹ لگار ہی ہیں ، تاہم ان کے مقامات کا اعلان نہیں کیا گیا ۔ بعد ازاں چیف منسٹر چندرا بابو نائیدو ، تقریب میں ایشین پینٹس کو وشاکھا پٹنم یونٹ کے لئے، او این جی سی کے لئے کاکیناڈا یونٹس کے لئے، کربکو کونیلور یونٹ کے لئے اور کرل آن کو چتور یونٹ کے لئے اراضی الاٹمنٹ کے مکتوب حوالے کریں گے۔ تقریب میں بین الاقوامی مندوبین بشمول متحدہ عرب امارات کے سفارتی عہدیدار سعید محمد، قونصل جنرل جاپان ،متعینہ چینائی ماسا نوری ناکانو، قونصل جنرل کینڈا سڈنی فرینک، چیف اگزیکٹیو آفیسر آئی سی بی سی نادرہ حمید، ٹریڈ کمشنر ہائی کمیشن آف کینڈا وکرم جین اور ایچ پی سی ای، جی ایم آر گروپ، ایچ ایس بی سی، سٹی گروپ اور دیگر کئی کمپنیوں کے مندوبین بھی شرکت کریں گے ۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو ،متحدہ عرب امرات کے سفیر اور قونصل جنرل کینڈا سے بھی علیحدہ ملاقاتیں کریں گے اور اس کے بعد ایسوز کمپنی کے اگزیکٹیو سے ملاقات کریں گے ۔ آندھرا پردیش کو الکٹرانکس مینو فیکچرنگ ہب میں تبدیل کرنے کے لئے پیانل مباحث بھی منعقد ہوں گے ۔

AP to sign 46 MoUs with companies, launch Industrial Mission

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں