اترپردیش - بس میں آتشزدگی - 9 افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-22

اترپردیش - بس میں آتشزدگی - 9 افراد ہلاک

امیٹھی( اتر پردیش)
پی ٹی آئی
پیپر پور میں یوپی روڈ ویز کی ایک بس میں آگ لگ جانے سے آج9 افراد ہلاک اور زائد از10 زخمی ہوگئے ۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس ہیرا لال نے بتایا کہ یہ واقعہ آج صبح اس وقت پیش آیا جب اتر پردیش اسٹیٹ روڈ ویز ٹرانسپورٹ کارپوریشن( یو پی ایس آر ٹی سی) کی ایک بس میں جو فیض آباد سے الہ آباد جارہی تھی، موضع رام گائوں کے قریب اس میں آگ لگ گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ بس میں42 مسافر سوار تھے ۔ خوش نصیب مسافرین کھڑکیوں کے شیشے توڑ تے ہوئے بچ نکلنے میں کامیاب رہے ۔ اس بد نصیب بس میں اچانک آگ لگ گئی اور یہ تقریباً100 میٹر آگے جانے کے بعد رک گئی ۔ ایس پی نے بتایا کہ مہلوکین کی شناخت کی کوششیں جاری ہیں جن کی نعشیں خاکستر ہوچکی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو سلطان پور اور پرتاپ گڑھ کے دواخانوں میں شریک کرایا گیا ہے ۔ لال نے بتایا کہ انجن میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگنے کا شبہ کیاجارہا ہے ۔ یوپی ایس آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر مکیش مشرا نے تاہم کہا کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی کہاجاسکتا ہے کہ یہ واقعہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے پیش آیا یا پھر سلنڈر سے ایل پی جی گیس خارج ہونے کی وجہ سے پیش آیا ۔ اس بس میں ایک پکوان گیس سلنڈر موجود تھا جسے بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ اتر پردیش حکومت نے مہلوکین کے رشتہ داروں کے لئے پانچ لاکھ روپے فی کس، شدید زخمیوں کے لئے ایک لاکھ روپے فیس اور معمولی طور پر جھلس جانے والوں کے لئے 50 ہزار روپے فی کس معاوضہ کا اعلان کیا ہے۔ مقامی رکن پارلیمنٹ اور کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے اس واقعہ پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا اور پارٹی کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ زخمیوں کو ہر ممکنہ مدد فراہم کریں ۔ ان کے نمائندے چند رکانت دوبے نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی فی الحال پارلیمنٹ اجلاس میں مصروف ہیں ۔ شاید وہ چند دن بعد زخمیوں کی عیادت کے لئے یہاں آئیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں