سوریہ پیٹ تلنگانہ میں پولیس پارٹی پر ڈاکوؤں کی فائرنگ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-03

سوریہ پیٹ تلنگانہ میں پولیس پارٹی پر ڈاکوؤں کی فائرنگ

حیدرآباد
یو این آئی
تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ کے سوریہ پیٹ میں پولیس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس کے سب دو ملازمین پولیس بر سر موقع ہلاک اور مزید دو زخمی ہوگئے۔ زخمی سرکل انسپکٹر اور ہوم گارڈ کو علاج کے لئے حیدرآباد کے کمس اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ یہ سنسنی خیز واقعہ کل رات دیر گئے اس وقت سوریہ پیٹ کے مقامی ہائی ٹیک بس اسٹینڈ کے قریب پیش آیا جب پولیس پارٹی گاڑیوں کی تلاشی لے رہی تھی کیونکہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ اے پی کے ضلع وجئے واڑہ سے حیدرآباد جانے والی بس میں دو ڈاکو ہیں ۔ اس اطلاع کے بعد سر کل انسپکٹر مغلیا اپنے گن مین36سالہ لنگیا ، دوہوم گارڈس35سالہ مہیش اور34سالہ کشور کے ساتھ مل کر بس اسٹینڈ پہنچے اور بسوں کی تلاشی لی ۔ پولیس نے اس مہم کے دوران دو مشکوک افراد کو بس سے نیچے اتار دیا اور ان سے پوچھ گچھ کی جارہی تھی کہ ان افراد نے اچانک پولیس پر فائرنگ کردی جس کے سبب لنگیا اور مہیش موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ سرکل انسپکٹر مغلیا کے علاوہ ایک اور ہوم گارڈ کشور گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔ جنہیں علاج کے لئے حیدرآباد کے کمس اسپتال بھیج دیا گیا۔ ان ڈاکوؤں نے اس واقعہ کے بعد فرار ہونے کے دوران ایک اور کار پر گولی چلادی جس کے سبب مغربی گوداوری کارہنے ولا دورا بابو زخم ہوگیا ۔ ان ڈاکوؤں نے اپنی اہلیہ کے ساتھ جانے والے دورابابو کو کار روکنے کی ہدایت دی۔ نہ روکنے پر کار پر فائرنگ کردی ۔ زخمی حالت میں دورابابو ایریا اسپتال پہنچا۔ نلگنڈہ کے پرائیویٹ اسپتال میں وہ زیر علاج ہے۔ یہ ڈاکو ہندی میں بات کررہے تھے پولیس کو شبہ ہے کہ ان کا تعلق اتر پردیش کے میرٹھ سے ہے ۔ ان کی عمر20تا25سال کے درمیان ہے ۔ دریں اثناء ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ انوراگ شرما نے آج صبح جائے واردات کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ نصف شب کے بعد ہوا جب کہ پولیس ٹیم سرکل انسپکٹر موگلیا کی قیادت میں بسوں کی تلاشی لے رہی تھی ۔ مذکورہ مسلح حملہ آوروں نے فرار ہونے سے قبل چند کاروں پر بھی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں رکن منڈل پریشد ٹیریٹوریل کانسٹی ٹینسی(ایم پی ٹی سی) دورابابو کے کاندھے پر گولی لگی۔ ڈی جی پی نے بایا کہ اس بات کا شبہ ہے کہ حملہ آوروں کا تعلق اتر پردیش یا بہار سے ہے کیونکہ عام طور پر شمالی ہند میں جرائم میں دیسی ساختہ ہتھیاروں کا استعمال کیاجاتا ہے جو اس حملہ میں بھی استعمال کئے گئے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس واردات کی تفصیلات تحقیقات کے بعد ہی معلوم ہوسکیں گی ۔ دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے عناصر کی جانب سے بسوں اور دیگر مقامات پر ڈاکوؤں کی اطلاع پر ریاست تلنگانہ میں بسوں کی تلاشی وسیع تر پیمانے پر کی جارہی ہے ۔ چنانچہ سوریا پیٹ ٹاؤن بس اسٹانڈ پر سرکل انسپکٹر، پولیس جوانوں کے ساتھ بسوں کی تلاشی لے رہے تھے ۔ جنہوں نے شبہ کی بنیاد پر دو مسافرین سے بسوں سے باہر آنے کے لئے کہا اور سوالات کرنا شروع کئے جس پر ان افراد نے اچانک پولیس عہدیداروں پر حملہ کردیا اور ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کانسٹبل لنگیا اور ہوم گارڈ مہیش برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔ علاوہ ازیں سرکل انسپکٹر اور ہوم گارڈ کشور پر بھی حملہ کیا گیا اور اس سے قبل کہ پولیس حملہ کا جواب دیتی مسلح افراد نے راہ فرار اختیار کی موگلیا جنہیں اس واردات میں دو گولیاں لگیں اور کشور کو زخمی حالت میں علاج کے لئے حیدرآباد منتقل کیا گیا یہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ حملہ آوروں کو پکڑنے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور تلاشی مہم میں حیدرآباد سے دو پولیس ٹیمیں بھی شامل ہوئی ہیں۔ جائے واردات پر دستیاب ہوئیں خالی گولیوں کی جانچ کی جارہی ہے۔ یہ گولیاں7.65دیسی ساختہ اسلحہ میں استعمال کی جاتی ہیں اور یہ اسلحہ عام طور پر یوپی اور بہار میں جرائم میں استعمال کیے جاتے ہیں ۔ اس واردات میں ماو نوازوں کے ملوث ہونے سے متعلق سوال کا جواب ڈی جی پی نے نفی می دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ہر رخ سے تحقیقات کررہی ہے اور عنقریب حملہ آوروں کو گرفتار کرلیاجائے گا۔ سوریہ پیٹ میں ہوئے فائرنگ کے واقعہ کے بعد نلگنڈہ میں میں ہائی الرٹ کا اعلان کردیا گیا اور فائرنگ کرنے والے ڈاکوؤں کی تلاشی کے لئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ سرحدوں پر چوکسی میں اضافہ کردیا گیا ۔ پولیس نے قومی شاہراہوں پر تلاشی میں شدت پیدا کردی ہے ۔ دریں اثناء ایس پی نلگنڈہ پربھاکر راؤ کا فوری اثر کے ساتھ تبادلہ کردیا گیا ہے ۔
حیدرآباد
یو این آئی
تلنگانہ کے وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی اور وزیر بجلی جگدیش ریڈی نے فائرنگ واقعہ میں زخمی معاملہ میں زیر علاج سرکل انسپکٹر اور ہوم گارڈ کی اسپتال پہنچ کر عیادت کی ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے مرنے والے کانسٹبل کے کنبے کے لئے25لاکھ روپے اور ہوم گارڈ کے کنبہ کے لئے10لاکھ روپے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سرکل انسپکٹر اور ایک ہوم گارڈ کے طبی اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملہ میں پولیس ناکام نہیں ہوئی ہے ، جگدیش ریڈی نے میڈیا سے کہا کہ پولیس اس واقعہ کے سلسلہ میں ڈاکوؤوں کو پکڑنے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکوؤں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال میں زیر علاج پولیس ملازمین کی صحت کے بارے میں ڈاکٹرس سے معلومات حاصل کی گئی ہیں ۔

Two cops shot dead in line of duty at Suryapet bus station

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں