آئی اے این ایس
آندھرا پردیش سے تلنگانہ میں داخل ہونے والی ہر قسم کی گاڑیوں سے انٹری ٹیکس وصول کرنے حکومت تلنگانہ کے فیصلہ کے خلاف حکومت آندھرا پردیش نے گورنر ای ایل ایس نرسمہن سے شکایت کی ۔ اے پی کے وزیر ٹرانسپورٹ ایس راگھو رائو نے آج راج بھون پ ہنچ کر گورنر سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ حکومت تلنگانہ کے فیصلہ سے اے پی کے ٹرانسپورٹس کو کس قدر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ گورنر نے وزیر سے کہا کہ وہ حکومت تلنگانہ کے ساتھ اس معاملہ پر بات چیت کرکے انہیں جواب دیں گے ۔ راگھو رائو نے بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ حیدرآباد ، دونوں ریاستوں کا مشترکہ دارالحکومت ہے، اس لئے تلنگانہ حکومت کے لئے یہ بات مناسب نہیں ہے کہ وہ اے پی سے تلنگانہ آنے والی گاڑیوں پر ٹیکس عائد کرے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت، جس انداز میں کام کررہی ہے اس سے صرف اور صرف تلگو عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ اگر یہ مسئلہ حل نہیں کیا گیا تو ریاستی حکومت مرکز سے رجوع ہونے پر مجبور ہوجائے گی۔ واضح ہو کہ حکومت تلنگانہ کے فیصلہ پر آندھر ا پردیش کے سینکڑوں خانگی بس آپریٹرس نے اے پی کے مختلف مقامات سے حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر شہروں کے لئے اپنی خدمات معطل کردی ہیں۔ حکومت تلنگانہ نے منگل اور چہار شنبہ کی نصف شب سے ٹیکس وصولی کا آغاز عمل میں لایا۔ حکام نے تا حال15چیک پوائنٹس سے ایک کروڑ روپے ٹیکس وصول کرلیا ہے ۔ اے پی کے تین خانگی بس آپریٹرس نے تلنگانہ حکومت کے فیصلہ کو حیدرآباد ہائی کورٹ میں چیلنج بھی کیا ہے ۔ تاہم ہائی کورٹ نے موٹر وہیکل ٹیکس وصولی کے خلاف حکم التوا جاری کرنے سے انکار کردیا ہے لیکن درخواست گزاروں کو راحت فراہم کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ7اپریل کو عدالت کی جانب سے عبوری احکام کی اجرائی تک ٹیکس کے لئے زر تلافی بانڈس قبول کرے۔ عدالت نے دوسری طرف حکومت تلنگانہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اپنا موقف پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ ٹیکس عائد کرنے کے بعد آندھرا پردیش سے تلنگانہ کو آنے والی ٹریفک میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ خانگی بس آپریٹرس نے جب اپنی خدمات معطل کردیں تو مسافرین اور اشیائے ضروریہ تلنگانہ کو نہیں پہنچ پارہی ہیں ۔ چند آپریٹرس نے ایک ہفتہ کے لئے ٹیکس ادا کردیا ہے کیونکہ انہیں امید ہے کہ انہیں عدالت سے راحت ملے گی ۔ حکومت تلنگانہ نے مختلف زمروں میں گاڑیوں کی تقسیم عمل میں لاتے ہوئے ٹیکس کی وصولی کا آغاز کیا ہے
Andhra complains to Governor over Telangana tax
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں