فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے انسداد تبدیلئ مذہب بل کو منظوری دی جائے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-29

فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے انسداد تبدیلئ مذہب بل کو منظوری دی جائے

دہلی
یو این آئی
وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج اقلیتوں کو مکمل تحفظ کا تیقن دیتے ہوئے انسداد تبدیلی مذہب بل لانے پر زور دیا اور کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو پارلیمنٹ میں بل منظور کرنے کا فیصلہ لینا چاہئے جس کی وجہ سے کسی بھی مذہب کی تبدیلی کی روک تھام ہوگی۔ ان کی وزارت کے تحت مطالبات زر پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے اپنے ایک گھنٹہ طویل جواب میں راج ناتھ سنگھ نے انسدا د تبدیلی مذہب قانون کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دیگر ممالک میں بھی اقلیتوں نے ایسے بل کی ضرورت ظاہر کی ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بعض اوقات گھر واپسی یا تبدیلی مذہب کے بارے میں اطلاعات ملتی ہیں ۔ میں ریاستی حکومتوں پر زور دیتا ہوں کہ وہ ایسے واقعات کے خلاف سخت کارروائی کریں ۔ میں اس ایوان پر بھی زور دیتا ہوں کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے خاطر انسداد تبدیلی مذہب بل کو منظوری دے ۔ راج ناتھ سنگھ کے اس بیان کا سرکاری بنچوں کے ارکان نے زبردست خیر مقدم کیا ۔ ہندو توا تنظیموں کی جانب سے انسداد تبدیلی مذہب مہم پر جاری تنازعہ کے دوران وزیر داخلہ کا یہ تبصرہ اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی ملک تبدیلی مذہب کی اجازت نہیں دیتا، جس کی وجہ سے آبادیاتی خاکہ تبدیل ہوجاتا ہے ۔ صرف ہندوستان میں ایسا ممکن ہے کیونکہ یہ حقیقی معنوں میں سیکولر ملک ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے اپنی حکومت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر حملوں کے واقعات میں این ڈی اے حکومت کے دور میں کمی آئی ہے ، سوائے چند اکا دکا واقعات کے جن کی تشہیر کی جارہی ہے تاکہ سیاسی فائدہ حاصل کیاجاسکے ۔ اقلیتوں اور سماج کے کمزور طبقات کے مکمل تحفظ کا عہد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے تحفظ کے لئے ہم ہر ممکن قدم اٹھائیں گے ۔ مذہبی مسائل پر ہمیں سیاست نہیں کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ نظم و ضبط ، ریاستی موضوع ہے ۔ اگر کسی واقعہ کی رپورٹنگ کی جاتی ہے تو متعلقہ ریاستی حکومت کو صورت حال سے سختی سے نمٹنا چاہئے ۔ اگر آگرہ یا کیرالا میں ایسا ہوتا ہے تو کیا مرکز کو مداخلت کرنی چاہئے ؟ وزیر داخلہ نے جو آج تصادم کے موڈ میں تھے ، اپوزیشن جماعتوں کے اس الزام کا جواب دینے کی کوشش کی کہ موجودہ دور حکومت میں فرقہ وارانہ واقعات میں کئی گنا اضافہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومتیں قائم کرنے کے لئے نہیں،بلکہ ایک اچھے سماج کی تعمیر کے لئے سیاست کرتے ہیں اور ہندوستان کے جمہوری تانے بانے کو کسی بھی قیمت پر متحد رکھیں گے ۔

Pass Anti Conversion Bill to maintain communal harmony, Rajnath

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں