افغانستان کو ہندوستان کی حمایت کا عہد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-29

افغانستان کو ہندوستان کی حمایت کا عہد

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ہندوستان نے آج افغانستان کے پڑوسیوں کی جانب سے مثبت اور تعمیری رسائی کے لئے ایک مضبوط زمین تیار کی ہے جس میں تشدد کے خاتمہ میں مدد بھی شامل ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور افغان صدر اشرف غنی نے آج سلامتی اور رابطہ کے بشمول کئی اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ اراضی اور سیاسی رکاوٹوں کے باوجودہند۔ افغان کے درمیان شراکت داری میں ہوئے فروغ پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نریند رمودی نے کہا کہ افغانستان کے دستور کے فریم ورک کے اندر افغان زیر قیادت افغان عمل ، بغیر کسی تشدد کے سائے کے دونوں ملکوں کے مشترکہ مفاد میں ہے۔ غنی کے ساتھ باہمی تعلقات اور اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر جامع مذاکرات کے بعد مودی نے دورہ کنندہ قائد کے ساتھ مشترکہ صحافتی اعلامیہ میں کہا کہ انہوں نے افغانستان میں امن و استحکام کے ان کے ویژن کو ہندوستانی حمایت کا پیغام دے دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغان زیر قیادت اور افغانی عمل کی کامیابی میں دونوں کا مشترکہ مفاد ہے۔ یہ تشدد کے سایہ کے بغیر افغانستان کے دستور کے اندر ہونا چاہئے ۔ اسے گزشتہ14سالوں کی سیاسی ، اقتصادی اور سماجی ترقی کو مستحکم بنانا چاہئے اور اسے خواتین کے بشمول سماج کے تمام طبقات کے حقوق اور مفادات کا تحفظ کرنا چاہئے ۔پاکستان کا نام لئے بغیر جس پر سابق افغان حکومت نے افغانستان میں تشدد کی حمایت کا الزام عائد کیا تھا ، مودی نے کہا کہ اس عمل کی کامیابی کے لئے پڑوسیوں کا مثبت اور تعمیری کردار درکار ہے جس میں تشدد کی حمایت کا خاتمہ بھی شامل ہے۔ اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ ہندوستان افغانستان سے اپنی دوستی اور خیر سگالی کی بے حد قدر کرتا ہے ، وزیر اعظم نے کہا کہ متحدہ ، مستحکم ، جمہوری اور خوشحال افغانستان کی تعمیر میں ہندوستان افغانستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری دوستی کی ذمہ داری ہے اور علاقائی امن و ترقی کے ہمارے عہد کی بنیاد بھی ہے اور یہ ذمہ داری منتقلی اقتدار کے دور یا تبدیلی کی دہائی تک محدود نہیں رہے گی بلکہ یہ ایک مستقل عہد ہے ۔
افغان صدر اشرف غنی نے آج کہا کہ رابندر ناتھ ٹیگور کی مشہور مختصر کہانی "کابلی والا" نے افغانستان کی وہ پہچان بنائی جو کئی بلین امریکی ڈالر خرچ کرکے بھی نہیں بنائی جاسکتی تھی۔ اشرف غنی نے جو کل نئی دہلی پہنچے، دہشت گردی کو خطہ کو در پیش بڑا چیلنج قرار دیا اور کہا کہ ان کی حکومت نے افغانستان کو دہشت گردی کا قبرستان بنانے کا تہیہ کرلیا ہے ۔ انہوں نے ہندوستانی جمہوریت کی بھرپور ستائش کی ۔انہوں نے ٹیگور اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط پر تبادلہ خیال کیا۔ کابلی والا میں ٹیگو نے ایک افغان باشندہ کی کہانی بیان کی ہے جو کچھ روپے کمانے اور اپنا قرض چکانے کے لئے ہندوستان کا سفر کرتا ہے ۔

India, Afghanistan vow to work together to fight terror, boost trade

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں