حصول اراضی بل پر پھر آرڈیننس جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-04

حصول اراضی بل پر پھر آرڈیننس جاری

نئی دہلی
پی ٹی آئی
حصول اراضی آرڈیننس جسے حکومت راجیہ سبھا میں اپوزیشن کی مخالفت کی وجہ سے قانونی شکل نہیں دے سکی آج دوبارہ جاری کردیا گیا ۔ اس آرڈیننس کی مدت ختم ہونے صرف ایک دن باقی تھا۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے 31مارچ کو کی گئی کابینہ کی سفارش کی بنیاد پر آرڈیننس پر دستخط کردئے ۔ قبل ازیں جاری کئے گئے آرڈیننس کی مدت کل ختم ہورہی تھی ۔ حالیہ بجٹ سیشن کے دوران اگرچہ اس آرڈیننس کو قانون میں بدلنے کے لئے بل کو لوک سبھا میںمنظور ی مل گئی لیکن راجیہ سبھا میں مودی حکومت بی جے پی کی کم اکثریت کی وجہ سے منظور نہیں کراسکی ۔ اپوزیشن کی مخالفت کو دیکھتے ہوئے حکومت نے اس بل میں9ترامیم شامل کئے تھے ۔ تاہم حکومت کی یہ کوششیں کامیاب نہیں ہوسکیں ۔ آج جاری کئے گئے آرڈیننس کو ملا کرنریندر مودی حکومت نے ابھی تک11آرڈیننس جاری کئے ہیں۔ حکومت نے حصول اراضی بل کا عنوان بدل کر اسے مناسب معاوضہ و شفافیت حصول اراضی و باز آباد کاری و دوبارہ آبادکاری(ترمیم) بل کا نام دیا تھا جسے دسمبر میں جاری کئے گئے آرڈیننس کی جگہ لینے کے لئے لوک سبھا میں پیش کیا گیا تھا ۔ اپوزیشن پارٹیاں صدرکانگریس سونیاگاندھی کی قیادت میں اس کے خلاف زبردست مہم چلارہی ہیں۔

بنگلورو سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب متنازعہ حصول اراضی بل پر جارحانہ اپوزیشن کے حملوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے ان پر جھوٹ پھیلانے کا الزام لگایا۔ اور کہا کہ اپوزیشن اس کے ذریعہ سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ بیجے پی قومی عاملہ اجلاس کے موقع پر یہاں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ وہ کسانوں سے ہمدردی رکھتے ہیں اور ان کے مسائل کو سمجھتے ہیں ۔ حکومت ان کے مفادات کے تحفظ اور انہیں با اختیار بنانے کے عہد کی پابند ہے ۔ جو لوگ جھوٹ پھیلارہے ہیں وہ نہیں جانتے کہ کسانوں مفادات کا تحفظ کیسے کیاجائے ۔ وزیر اعظم نے تاہم حصول اراضی بل کا راست حوالہ نہیں دیا ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سابق حکومتیں کسانوں کو اپنی زمین بیچنے پر مجبور کرتی رہی ہیں ۔ کسانوں کو با اختیار بنانے کا حوالہ دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ وہ آسمان سے نہیں اترے بلکہ دیہاتیوں اور غریب عوام کے درمیان زندگی گزار چکے ہیں ۔ وہ جانتے ہیں کہ جب تک دیہاتوں کو ترقی نہ دی جائے ہندوستان ترقی نہیں کرے گا ۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر پکوان گیس کی سبسیڈی سے امیر طبقہ کو دستبردار ہوجانے کامشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ امیر لوگ جن گیس سلنڈرس سے دستبردار ہوں گے وہ غریبوں کو منتقل کئے جائیں گے جو پکوان کے لئے لکڑی استعمال کرتے ہیں ۔ اگر ایک کروڑ ایل پی جی سبسیڈی لینے سے دستبردار ہوگئے تو اس سے ایک کروڑ غرییب لوگوں کو فائدہ پہنچے گا ۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام ارکان اسمبلی، ارکان پ ارلیمنٹ ، وزراء، آئی اے ایس، آئی پی ایس عہدیداروں، پیش وروں اور پروفیسرس سے خواہش کرتا ہوں کہ ایل پی جی سبسیڈی چھوڑ دیں ۔ مودی نے کہا کہ سبسیڈی سے دستبرداری کی مہم سوچھ بھارت، بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ طرز پر چلائی جائے گی ۔ اس موقع پر مودی نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت تمام وعدے پورے کرے گی اور بیرون ملک پھنسا ہوا کالا دھن واپس لائے گی۔

President Pranab Mukherjee gives nod to land acquisition ordinance

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں