لکھنو میں ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لئے انوکھے ڈرون - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-13

لکھنو میں ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لئے انوکھے ڈرون

لکھنو
پی ٹی آئی
اگلی دفعہ جب آپ اپنے سر پر ایک مکڑی جیسی شئے کو منڈلاتے دیکھیں تو چوکنا ہوجائیں، کیونکہ یہ آپ کی آنکھوں میں مرچی پھینک سکتی ہے ۔ آسمان میں اڑتی چھوٹے ہیلی کاپٹر جیسی یہ شئے وہ ڈرون ہوسکتی ہے جو لکھنو پولیس ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لئے استعمال کرے گی ۔ چیف منسٹر اکھلیش یادو نے لکھنو پولیس کے زیر اہتمام14اسپیشل پولیس آفیسرس کو تہنیت پ یش کرنے کی ایک تقریب میں آج ایسے تین ڈرونس کی شروعات کی ۔ تقریب میں پبلک سی سی ٹی وی پراجکٹ "نظر ایک امید" اور سٹی سرویلینس پراجکٹ" درشنی کا بھی آغاز کیاگیا ۔ 3تا12لاکھ روپیوں کے ان ڈرونس میں آکٹا کاپٹر شامل ہیں جس میں آٹھ کیمرے لگے ہوئے ہوتے ہیں جو مختلف زایوں سے تصویر کشی کرتے ہیں۔ ان میں ایک چیمبر بھی ہوتا ہے جسمیں مرچ کا پاؤڈر بھرا ہوتا ہے جسے بے قابو ہجوم کو منتشر کرنے کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس یشسودی یادو نے اخباری نمائندوں کو یہ بات بتائی ۔ حاضرین محفل سے وہ خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر اکھلیش سنگھ یادو نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سے نہ صرف نظم و ضبط پر قابو پانے میں بلکہ ٹریفک کے انتظام اور جرائم کے کنٹرول میں بھی مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے بعد عام آدمی کا رویہ بدل جائے گا ، کیونکہ اسے پتہ چل جائے گا کہ وہ کیمرے کی نظر میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے مزید شہروں میں عنقریب جدید کنٹرول روم قائم ہوں گے ۔ یادو نے کہا کہ کرپشن اور نظم وضبط اپوزیشن جماعتوں کے پسندیدہ مسائل ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ دنیا میں کہیں جرائم کا پوری طرح خاتمہ ہوگیا ہے اور پولیس اسٹیشن بند ہوگئے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ہمیں ناموافق حالات میں پولیس کے اچھے کام کی ستائش کرنی چاہئے ۔ جہاں تک کرپشن کا سوال ہے اس پر عوام کی مدد کے بغیر قابو نہیں پایاجاسکتا ۔ ٹکنالوجی کے استعمال سے بھی کرپشن کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے ۔ اسمارٹ سٹی سرویلنس پراجکٹ کے تحت تقریباً280کیمرے70چوراہوں پر دن رات نظر رکھیں گے ۔ ایس ایس پی نے کہا کہ پانچ ہزار کیمرے مختلف عام مقامات پر پہلے ہی نصب کیے جاچکے ہیں جنہیں پولیس کے سی سی ٹی وی کنٹرول روم سے جوڑ دیا گیا ہے ۔

Police in Lucknow use drones for crowd control

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں