دہشت گردی سے نمٹنے کی ضرورت - ہندوستانی ہائی کمشنر راگھون متعینہ اسلام آباد کا خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-09

دہشت گردی سے نمٹنے کی ضرورت - ہندوستانی ہائی کمشنر راگھون متعینہ اسلام آباد کا خطاب

ہندوستانی ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ معتمد خارجہ جئے شنکر کے دورہ کے ایک ماہ بعد بھی ہند۔ پاک آئندہ بات چیت کے لئے مسائل کی کوئی ٹھوس فہرست تیار کرنے میں ناکام رہے ہیں ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حقیقی مسائل بشمول دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کی ضرورت ہے ۔ اس امید کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سارک چوٹی اجلاس تک پاکستان کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات میں موجودہ تعطل دور ہوجائے گا، ہائی کمشنر پی سی اے راگھون نے معتمد خارجہ کے دورہ کو مثبت قرار دیا اور کہاکہ اس کی وجہ سے بات چیت پر غور کرنے کا موقع ملا ہے ، تاکہ ہم آگے بڑھ سکیں ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ معتمد خارجہ کے دورہ اسلام آباد کے دوران دونوں ملکوں نے مذاکرات کے احیا کے لئے پیشرفت کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم راگھون نے اس امر پر اظہا تاسف کیا کہ دونوں ملک آئندہ باہمی مذاکرات کے لئے مسائل کی کوئی ٹھوس فہرست تیار نہیں کرپائے ہیں ۔ حالانکہ معتمد خارجہ کے دورہ پاکستان کو ایک ماہ کا عرصہ ہوچکا ہے ۔ یاد رہے کہ بین الاقوامی سرحد اور خط قبضہ پر کشیدگی کے سبب باہمی تعلقات میں تلخی کے بعد معتمد خارجہ جئے شنکر نے گزشتہ ماہ اسلام آباد کا دورہ کیا تھا ۔ راگھون نے کل یہاں ایک خانگی تھنک ٹینک سنٹر فارریسرچ اینڈ سیکوریٹی اسٹیڈیز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال کی سارک کانفرنس موجودہ تعطل کو دور کرنے کا موقع فراہم کرے گی ۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی مسئلہ کا حوالہ دیتے ہوئے جو ہنوز تعلقات کو متاثر کررہا ہے ۔ راگھون نے کہا حقیقی مسائل سے نمٹنے کی ضرورت ہے تاکہ احساسات میں تبدیلی آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی اصل مسئلہ ہے جس کی وجہ سے تعلقات کشیدہ ہوئے ہیں ۔ انہوں نے پاکستانی حکومت سے درخواست کی کہ وہ اس برائی سے نمٹنے کے لئے اقدامات کرے ۔

Pakistan needs to deal with terrorism, says Indian high commissioner

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں