مسلم مسائل کی یکسوئی میں مدد کے لیے وزیر اعظم مودی کا تیقن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-07

مسلم مسائل کی یکسوئی میں مدد کے لیے وزیر اعظم مودی کا تیقن

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج مسلم معاشرہ کے تمام طبقات کے مسائل کی یکسوئی بالخصوص ان کے سماجی حالات بہتر بنانے اور انکی تعلیمی ضروریات کی تکمیل میں مکمل مدد کا وعدہ کیا۔ انہوںنے ان خیالات کااظہار اس وقت کیا جب مسلم رہنماؤں کے ایک وفد نے ان سے ملاقات کی اور فرقہ سے متعلق مسائل اور ان کی تشویش کے بارے میں بات چیت کی ۔انہوںنے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قومی اتحاد کو مضبوط بنانے کے لئے کام کرنے کا وعدہ کیا۔ دفتر وزیر اعظم نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم نے اس وفد کی صبر کے ساتھ سماعت کی اوراسے تیقن دیا کہ وہ مسلم معاشرہ کے تمام طبقات کے مسائل کی یکسوئی کے لئے مکمل مدد کریں گے ۔ انہوںنے مسلم نوجوانوں کو با اختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ قومی تعمیر میں وسیع تر رول ادا کرسکیں ۔ مودی نے ان قائدین کو بالخصوص یہ تیقن دیا کہ وہ درگاہوں، مساجد اورمدارس کے بارے میں ان کی شکایات کا جائزہ لیں گے ۔ ان قائدین نے درگاہوں، مساجد اور مدارس کی املاک سے متعلق مسائل ان کے علم میں لائے تھے جس کے بعد انہوںنے یہ یقین دہانی کرائی تھی ۔ انہوں نے مسلم نوجوانوں کو بالخصوص تعلیم کے شعبہ میں سہولیات فراہم کرنے کے لئے حکومت کا تعاون طلب کیا ۔ وزیر اعظم نے وعدہ کیا کہ وہ مسلمانوں کے سماجی حالات بہتر بنانے اور ان کی تعلیمی ضروریات کی تکمیل میں مکمل معاونت کریں گے ۔مسلم قائدین نے تیز رفتارمعاشی ترقی ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، امن کے فروغ اور قومی سلامتی کو مستحکم کرنے کے مقاصد میں مسلم فرقہ کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ ان قائدین نے بڑھتی ہوئی شدت پسندی اور دہشت گردی کے خطرات کے بارے میں اندیشوںکا اظہار کرتے ہوئے اس چیالنج سے نمٹنے کے لئے عظیم تر اتحاد اور اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ۔ ملک بھر سے تعلق رکھنے والے ان مسلم رہنماؤں کے وفد میں سید سلطان الحسن چشتی مصباحی، حضرت غلام یسین صاحب، شیخ وسیم اشرفی،محمد حامد امام تنظیم اور علامہ تسلیم رضا صاحب شامل ہیں۔ اس دوران جے پور سے موصولہ ایک اطلاع کے مطابق اجمیر کی درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ کے دیوان زین العابدین نے ادعا کیا کہ وہ درگاہ کے اصل سجادہ نشیں ہیںوہ شخص نہیں جس نے مسلمانوں کے ایک وفد کے ساتھ وزیر اعظم مودی سے ملاقات کی اور جس کانام دفتر وزیر اعظم کے بیان میں سجادہ نشیں کی حیثیت سے لیا گیا۔

PM meets top Muslim leaders, promises full support to the community

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں