پی ڈی پی ۔ بی جے پی اتحاد کشمیر کے لئے سنگین خطرہ - نیشنل کانفرنس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-18

پی ڈی پی ۔ بی جے پی اتحاد کشمیر کے لئے سنگین خطرہ - نیشنل کانفرنس

سری نگر
یو این آئی
نیشنل کانفرنس نے پی ڈی پی، بی جے پی اتحاد کو ریاست کے امن کے لئے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں جماعتوں کا گٹھ جوڑ کسی بھی زاویہ سے یہاں کے عوام کے حق میں نہیں ہے ۔ پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال نے کہا کہ جو لوگ مسلمانوں سے ووٹ کا حق چھیننا چاہتے ہیں اور مسلمانوں کی نسبندی کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں مفتی محم سعید نے ان ہی لوگوں کی جماعت کے ساتھ مل کر جموں و کشمیر پر حکومت کرنے کا موقع فراہم کیا ۔ سیلاب زدگان کی حالت زار اور ریاستی حکومت کی لیت و لعل اور تشہیر بازی کی پالیسی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معاون جنرل سکریٹری نے کہا کہ متاثرین کی باز آباد کاری ، امداد کاری اور راحت کاری ایک انسانی مسئلہ ہے ۔ لیکن مفتی محمد سعید کی حکومت اس معاملہ میں سیاسی شہرت حاصل کرنے تگ و دو میں دکھائی دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف مفتی سعید یہ بیانات جاری کررہے ہیں کہ وہ سیلاب پر سیاست نہیں کریں گے اور دوسری طرف متاثرین میں بیس ہزار سے تیس ہزار کی معمولی رقومات کے چیکس اپنے ہاتھوں سے تقسیم کرکے اخبارات اور ذرائع ابلاغ میں خوب تشہیر کروارہے ہیں ۔ یہ سیاست نہیں تو اور کیا ہے ؟ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ سابق نیشنل کانفرنس حکومت نے ہزاروں سیلاب زدگان میں عبوری رقم کے چیک فراہم کئے ، لیکن اس کی تشہیر نہیں کی ۔ عمر عبداللہ حکومت نے متعلقہ عہدیداروں کے ذریعہ گھر گھر چیک پہنچائے ۔ موجودہ حکومت کے چیف منسٹر وزراء اور ارکان پارلیمنٹ و ارکان اسمبلی فوٹو کھنچوانے اور ویڈیو گرافی کے لئے چند لوگوں کو چیک فراہم کر کے عوام کو گمراہ کرنے کی مذموم کوشش کررہے ہیں ۔ معاون جنرل سکریٹری نے کہا کہ ہماری سابق حکومت نے سیلاب زدگان میں عبوری امداد فراہم کی اور اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ مرکز کی طرف سے ریلیف پیکیج ملتے ہی بھرپور معاوضہ فراہم کیاجائے گا تاکہ لوگ اپنے آشیانے پھر سے بسا سکیں ، لیکن الیکشن سے امداد کا دوسرا مرحلہ ٹھپ ہوکر رہ گیا اور اب موجودہ حکومت پر یہ ذمہ داری بنتی تھی کہ متاثرین کو بھرپور مالی مدد فراہم کریں لیکن موجودہ حکومت نے بیس ہزار سے تیس ہزار کے چیک دے کر سیلاب سے متاثرہ تاجروں اور عوام کے زخموں کی نمک پاشی کی ہے ۔

PDP BJP alliance threat to Kashmir - National Conference

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں