مسلمانوں سے حق رائے دہی چھیننے کے ریمارکس سے حکومت کا اظہار بےتعلقی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-22

مسلمانوں سے حق رائے دہی چھیننے کے ریمارکس سے حکومت کا اظہار بےتعلقی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
حکومت نے اپنی حلیف جماعت شیو سینا کے ان ریمارکس سے مکمل دوری اختیار کرلی ہے جن میں مسلمانوں سے ان کا حق رائے دہی چھین لینے کی بات کہی گئی تھی ۔ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے واضح کردیا کہ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت ایسے خیالات کی تائید نہیں کرتی جو ذات پات، یا نسل اور مذہب کی بنیاد پر امتیازات کو پروان چڑھاتے ہوں۔ لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران اس مسئلہ پر اپوزیشن کی جانب سے جواب طلب کئے جانے پر سنگھ نے کہا کہ دستور ہند ا پنے تمام شہریوں کو یکساں حقوق فراہم کرتا ہے اور میں یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ یہ حکومت ذات پات، نسل اور مذہب کی بنیاد پر شہریوں کے درمیان امتیاز پیدا کرنے والے کسی بھی قسم کے خیالات کی تائید نہیں کرتی ہے ۔ یہ مسئلہ کانگریس کے ایم آئی شاہنواز نے اٹھایا اور سینا کے ترجمان، سامنا کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا جس نے مسلم طبقہ کے حق رائے دہی پر پابندی لگانے کی تجویز رکھتے ہوئے اداریہ لکھا۔ شاہنواز نے پرشور ہنگامہ کے بیچ کہا کہ حکومت کو ان افراد کو سزا دینا چاہئے جو دستور کے خلاف جاتے ہیں ۔ اس طرح کی باتیں بار بار سامنے آرہی ہیں۔ اگر اس طرح کی باتوں کا سلسلہ جاری رہا تو امن کیسے برقرار رہے گا ۔ کانگریس کے لیڈر ملکارجن کھرگے نے اخبار پر مکمل پابندی لگادینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس طرح کے اداریوں کا حکمراں جماعت سے تعلق ہونے کی وجہ سے ملک بھر میں مذہب کے نام پر زہر پھیل رہا ہے اور ایسی حرکتیں ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کا موجب ہوں گی ۔ شاہنواز نے کہا کہ راجیہ سبھا میں شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ نے پارٹی ترجمان میں ایک اداریہ کے ذریعہ مسلمانوں کو حق رائے دہی سے محروم کردینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا میں بی جے پی ارکان کے بشمول حکمراں اتحاد کے ارکان اس طرح کے پھوٹ پیدا کرنے والے بیانات مسلسل دے رہے ہیں ، حتی کہ ان میں سے ایک نے اقلیتی طبقہ کے افراد کی جبری نس بندی کرنے کی بات کردی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں