دہلی میں معمولی سڑک حادثہ کے انتقام میں بچوں کے سامنے باپ کا قتل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-07

دہلی میں معمولی سڑک حادثہ کے انتقام میں بچوں کے سامنے باپ کا قتل

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ایک 38 سالہ شخص کو سڑک کے حادثہ کے بعد افراد کے ایک گروپ نے اس کے چھوٹے بچوں کے سامنے مار مار کر ہلاک کردیا ۔ اس شخص کی موٹر سائیکل نے کل رات وسطی دہلی کے ترکمان گیٹ علاقہ میں ان کی کار کو ٹکر دے دی تھی ۔ اس واقعہ کے بعد بڑے پیمانہ پر احتجاج کیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ محمد شاہنواز اپنے دو بیٹوں13سالہ فہد اور9سالہ کیف کے ساتھ چاندنی محل علاقہ میں اپنے والدین سے ملاقات کے بعد واپس ہورہا تھا ، جب اس کی ٹووہیلر گاڑی نے رات11:30بجے ترکمان گیٹ کے قریب آئی20کار کو ٹکر دے دی جس کے بعد شاہنواز اور کار میں سوار افراد کے درمیان بحث شروع ہوگئی اور کچھ دیر بعد ان کے تین دوست بھی ایک اسکوٹی پر وہاں پہونچے۔ یہ جھگڑا جلد ہی بد ترین شکل اختیار کرگیا اور پانچوں افراد نے جو سلیم پور علاقہ میں ایک شادی میں شرکت کے بعد واپس ہورہے تھے شاہنواز کومارنا شروع کیا ۔ شاہنواز کو ان پانچ افراد نے15منٹ تک آہنی سلاخوں سے مارا۔ اس واقعہ کے بعد مقامی افراد جن میں برقعہ پوش خواتین بھی شامل تھیں سڑکوں پر آگئیں، اور پولیس کی بے عملی کا الزام لگایا ۔ شاہنواز کی ماں نور جہاں نے کہا کہ دونوں بچوں نے حملہ آوروں سے گڑ گڑا کر منت کی وہ ان کے والد کو چھوڑ دیں ۔ انہوںنے راہرؤں سے مداخلت کی درخواست کی لیکن کسی نے ان کی بات نہیں سنی ۔ بڑا بیٹا فہد بھاگ کر پولیس پوسٹ پر بھی گیا جو سڑک پر کچھ ہی دور پر واقع تھا اور وہاں تعینات پولیس ملازمین سے مدد طلب کی لیکن کوئی بھی بچانے نہیں آیا اور س کے بعد دونوں بچے ہمارے پاس آئے اور ہمارے ارکان خاندان مقام پر پہونچے اور شاہنواز کو ہاسپٹل منتقل کیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا ۔ شاہنواز کے رشتہ داروں نے بتایا کہ تمام پانچ حملہ آورمقامی پراپرٹی ڈیلرس اور غنڈے ہیں ۔ پولیس نے بعد میں ان سے ایک شخص کو گرفتار کرلیا جس کی شناخت محمد وسیم کی حیثیت سے کی گئی جب کہ 4دوسروں کی تلاش جاری ہے ۔

Father beaten to death in front of his two minor children by a group

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں