عبدالکریم ٹنڈا کے خلاف دو الزامات خارج - دہلی عدالت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-24

عبدالکریم ٹنڈا کے خلاف دو الزامات خارج - دہلی عدالت

نئی دہلی
پی ٹی آئی
لشکر طیبہ کے مبینہ بم ساز عبدالکریم ٹنڈا کو بم دھماکوں دو علیحدہ کیسوں میں دہلی کی عدالت نے الزامات سے راحت دے دی ہے اور کہا کہ بادی النظر میں ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں پائے گئے۔73سالہ ضعیف تنڈا26/11ممبئی حملوں کے بعد پاکستان کو بھیجی گئی ان20افراد کی فہرست میں شامل تھے جنہیں دہشت گرد قرار دیتے ہوئے ہندوستان نے حوالہ کرنے کا پاکستان سے مطالبہ کیا تھا۔ تنڈا کے خلاف گزشتہ ماہ ایک اور عدالت کی جانب سے سخت ترین قانون انسداد دہشت گردی و تخریبی سر گرمیاں اور آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت درج کردہ ایک مقدمہ میں الزامات خارج کردئیے گئے تھے۔ تاہم تین مقدمات میں عدالت کی جانب سے راحت ملنے کے باوجود انہیں مزید عرصہ جیل میں رہنا پڑے گا ، جب کہ ان کے خلاف دہلی میں ایک اور مقدمہ زیر التوا ہے ۔ ایڈیشنل سیشنس جج رتیش سنگھ نے آج جن دو مقدمات میں ان کے خلاف الزامات کالعدم کردئیے وہ کرول باغ، دہلی میں28اکتوبر1997ء کو ایک اور صدر بازار میں یکم اکتوبر1997ء کو دو دھماکوں میں ملوث ہونے کے الزامات تھے ۔ کرول باغ میں ایک اور شخص ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوئے تھے جب کہ صدر بازار میں چند افراد زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس نے دیگر ملزمین کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے چارج شیٹ میں تنڈا کا نام شامل کیا تھا ۔ وکیل صفائی ایم ایس خان نے تنڈا کی پیروی کرتے ہوئے معاون ملزمین کے بیانات کی بنیاد پر کوئی کیس نہیں بنتا جس پر پولیس انحصارکررہی ہے ۔ انہوں نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ جن ملزمین کے بیانات کی بنیاد پر تنڈا کو گرفتار کیا گیا وہ خود بھی قبل ازیں عدالتوں کی جانب سے بری کئے جاچکے ہیں۔ تنڈا کو دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے16اگست 2013کو ہند۔ نیپال سرحد سے گرفتار کیا تھا ۔ پولیس نے الزام لگایا تھا کہ مذکورہ دھماکوں میں تنڈا کا دماغ اصل سازشی تھا ۔ پولیس نے عدالت سے کہا تھا کہ تنڈا ہندوستان میں 40بم دھماکون میں ملوث رہ چکا ہے ۔

Lashkar-e-Taiba Bomb Maker Abdul Karim Tunda Discharged in 2 Cases

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں