کشمیری پنڈتوں کے لئے علیحدہ بستیوں کے مسئلہ پر قطعی فیصلہ نہیں لیا گیا - مرکزی وزیر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-11

کشمیری پنڈتوں کے لئے علیحدہ بستیوں کے مسئلہ پر قطعی فیصلہ نہیں لیا گیا - مرکزی وزیر

سری نگر
پی ٹی آئی
مرکز نے آج کہا کہ کشمیری پنڈتوں کے لئے علیحدہ بستیاں بسانے کے مسئلہ پر ہنوز قطعی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے کیونکہ ان کی واپسی کے عمل پر مشاورت جاری ہے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ علیحدگی پسند جو پاکستان کے احکامات پر کام کرتے ہیں ، حکومت پر اثر انداز نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ میں پالیسی کی تفصیلات نہیں بتا سکوں گا کیونکہ ابھی کسی امر کو قطعیت نہیں دی گئی ہے۔ مشاورتی عمل جاری ہے اور جموں و کشمیر کی ریاستی، حکومت وزارت داخلہ اور ہم سب مل کر فیصلہ کریں گے ۔ کرن رجیجو نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ اسے ریاست اور عوام کے مفاد میں ہونا ہوگا لہذا میں کسی مسئلہ پر قطعی فیصلہ تک اس کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ وہ صرف ابتدائی کام کی بنیاد پر کوئی بیان نہیں دے سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ایک بے حد موثر منتخبہ حکومت ہے ۔ جموں و کشمیر کے عوام کی جمہوری عمل میں کثیر تعداد میں شراکت داری کے بعد یہ حکومت قائم کی گئی ہے۔ اب ریاست ، مرکز اور وزارت داخلہ کے درمیان مناسب مشاورت کے عمل سے گزرنا ہوگا۔ میں صرف ابتدائی کام کی بنیاد پر کوئی بیان جاری نہیں کرسکتا۔ کشمیری پنڈتوں کے لئے علیحدہ بستیوں کی تجویز کے خلاف کل علیحدگی پسند وں کی بند کی اپیل کے حوالہ دیتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ ریاست میں کچھ ایسے عناصر ہیں جو ملک کے لئے مسائل پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔ یہ ایسے لوگ ہیں جو عوام کے جذبات پر حاوی ہونا چاہئے ہیں جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہوں گے لہذا میری عوام سے یہ اپیل ہے کہ مل جل کر کام کریں اور ایسے عناصر سے متاثر نہ ہوں جو ملک اور سماج کے لئے مسائل پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔ بظاہر پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کرن رجیجو نے کہا کہ ہم بیرونی افراد کے احکام پر کام کرنے والوں سے متاثر نہیں ہوسکتے۔ جموں و کشمیر کے رہنے والوں اور ہم ہندوستانی شہریوں کو بھی ایک دوسرے سے بات چیت کرنی ہوگی ۔ مذاکرات اور تبادلہ خیال کا عمل جاری ہے ۔ واضح رہے کہ وادی میں کشمیری پنڈتوں کے لئے علیحدہ بستیوں کے مسئلہ پر جموںوکشمیر کے مخلوط حکومت کے شراکت داروں پی ڈی پی اور بی جے پی میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ مفتی محمد سعید نے کہا ہے کہ بے گھر برادری کے لئے کوئی علیحدہ بستیاں نہیں بسائی جائیں گی جب کہ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے یہ واضح کردیا ہے کہ اس پر مرکز کے نقطہ نظر میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔

جموں سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب وادی میں کشمیری پنڈتوں کے لئے علیحدہ بستیوں پر اپنے مخالفین کو رد کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر مفتی محمد سعید نے آج کہا کہ ان کی حکومت در بدر کئے گئے کشمیری پنڈتوں کو واپس لانے کے لئے پابند ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ انہوں نے ان کے تصفیہ کے لئے اسرائیلی طرز کے علیحدہ کلسٹرس کے قیام سے انکار کیا۔ مفتی نے یہاں ریاستی اسمبلی سے مخاطبت میں کہا کہ ہم اس طرح کی علیحدہ بستیاں نہیں بسائیں گے جس طرح اسرائیل نے کیا۔ نہ ہم اس طرح کی بستیاں بنائیں گے نہ ہی کشمیری پنڈتوں کی ویسا رہنے کی خواہش ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پچھلے دور حکومت کے وقت ہم نے ان کے لئے شیخ پورہ اور اننت ناگ و کپواڑہ کے چند مقامات پر کیمپ لگائے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ علیحدہ نہیں رہ سکتے ۔ ہم اس سماج کو واپس لاکر کشمیری سماج سے ہم آہنگ کریں گے ۔

سری نگر سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب اعتدال پسند حریت قائد میر واعظ فاروق نے آج کشمیری پنڈتوں سے درخواست کی کہ وہ اپنی کشمیر واپسی اور باز آباد کاری کے لئے اکثریتی طبقہ کا اعتماد حاصل کریں نہ کہ حکومت کی طرف دیکھیں ۔ یہاں جمعہ کے خطبہ کے موقع پر انہوں نے کہا کشمیری مسلمانوں کی ایما پر میں کشمیری پنڈتوں سے پرجوش درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنے گھروں کو واپسی اور ان کے حق کے مقامات پر واپسی پر خیر مقدم کے لئے کشمیری مسلمانوں کی طرف دیکھیں نہ کہ حکومت کی طرف ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری پنڈت اپنے ان ساتھیوں کی طرف دیکھیں جو یہاں بسے رہے یا پھر واپس آکر آباد ہوگئے ۔ ان سے اس مسئلہ پر مشورہ طلب کریں۔ کشمیری پنڈت اس بات کو سمجھ لیں کہ مرکز میں بر سر اقتدار حکومت اپنے ذاتی ایجنڈہ کی خاطر ان کی تکالیف کا فائدہ اٹھانا چاہتی ہے ۔ آر ایس ایس اور بی جے پی کے فرقہ وارانہ طرز عمل سے یہ ظاہر ہوچکا ہے کہ وہ کھیل کھیل رہے ہیں ۔

No final decision on KP settlement, Union Minister Kiren Rijiju

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں