حکومت تمام عقائد کے شہریوں کے حقوق کا دفاع کرے گی - وزیر اعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-11

حکومت تمام عقائد کے شہریوں کے حقوق کا دفاع کرے گی - وزیر اعظم مودی

پیرس
پی ٹی آئی
ایسے وقت جب کہ ہندوستان میں زعفرانی گروپس کی سر گر میوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ ان کی حکومت تمام عقائد کے شہریوں کے حقوق کا دفاع کرے گی ۔ یہاں یونیسکو کے ہیڈ کوارٹرس پر خطاب کے دوران مودی نے عالمی برادری سے کہا کہ وہ انتہا پسندی اور تشدد کے بڑھتے رجحان پر قابو پانے کے لئے مذہب و ثقافت کی اپنی جڑوں کو مضبوط بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر شہری کی آزادی اور حقوق کا تحفظ و دفاع کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہر عقیدہ ، تہذیب و تمدن کا ہر شہری ہمارے سماج میں مساوی مقام حاصل کرے۔ مودی نے کہا کہ تہذیبیں دنیا کے کئی علاقوں میں تصادم کی وجہ بن رہی ہیں لیکن تہذیبوں کا استعمال لوگوں کو آپس میں جوڑنے کے لئے ہونا چاہئے تقسیم کرنے کے لئے نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں لوگوں کے درمیان مفاہمت اور عظیم تر احترام کے لئے ایک پل کے طور پر استعمال کرنے کی ضرورت ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں ہماری تہذیبوں، روایات اور مذاہب کی جڑوں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم انتہا پسندی، تشدد اور دنیا بھر میں تقسیم کی اس بڑھتی لہر کا سامنا کرسکیں ۔ مودی حکومت پر اپوزیشن جماعتیں ساتھ ہی ساتھ اقلیتی طبقہ آر ایس ایس کے تائیدی گروپس کی جانب سے گھر واپسی جیسے پروگراموں کے لئے تنقیدیں کررہا ہے ۔ مودی نے ماحولیاتی تبدیلی کو عالم چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے آئندہ7برسوں کے دوران1,75,000میگا واٹ صاف اور قابل تجدید توانائی پیدا کرنے کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ ان کے یہ ریمارکس ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب کہ ماحولیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کا ایک اہم اجلاس اس سال کے اواخر میں یہاں منعقد ہونے والا ہے ۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان کے دستور کی بنیادیں سب کے لئے امن اور خوشحالی کے بنیادی اصولوں پر رکھی گئی ہیں۔ قوم کی طاقت کا اندازہ شہریوں میں اتحاد کے ذریعہ لگایاجاتا ہے اور حقیقی ترقی کمزور ترین طبقات کی خود اختیاری کے ذریعہ پہچانی جاتی ہے ۔ ہم نے ایک قدیم ملک میں ایک جدید ریاست بسائی ہے ۔ ایک ایسے سماج کے ساتھ جو غیر معمولی ہم آہنگی رکھتی ہے ۔ مودی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے جن میں بڑی تعداد میں این آر آئیز بھی شریک تھے کہا ایک سال پہلے جب ہم نے اقتدار سنبھالا اس وقت سے ہی ہمارا یہ مقصد رہا ہے کہ تہذیبوں کو جوڑا جائے، تقسیم نہ کیاجائے ۔وزیر اعظم نے ان کی حکومت کی جانب سے ملک کی ترقی کے لئے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہماری ترقی کا اندازہ صرف اعداد و شمار کے ذریعہ نہیں بلکہ یقین اور اور امید کے ساتھ دمکتے چہروں سے لگانا چاہئے ۔ میرے لئے یہ باتیں بہت مطلوب رکھتی ہیں ۔ ہندوستانی دستور کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ عمل خوشحالی اور مساوات کے بنیادی اصولوں پر رکھا گیا ہے ۔ اپنی 20منٹ کی تقریر میں مودی نے گاندھی جی کی کئی باتوں کا حوالہ دیا جب کہ انہوں نے فلاسفر و بندو کا بھی تذکرہ کیا جن کا مجسمہ یونیسکو کی عمارت کے باہر رکھا گیا ہے ۔ مودی نے یہاں آمد کے موقع پر آرو بندو کو خراج عقیدت بھی پیش کیا تھا ۔ حاضرین میں ادانی گروپ کے صدر نشین گوتم ادانی، کانگریس کے سینئر لیڈر کرن سنگھ موجود تھے جو یونیسکو کے عاملہ بورڈ میں شامل ہیں۔ ادکارہ ملیکہ شراوت کو بھی دیکھا گیا۔ قبل ازیں فرانس کے سہ روزہ دورہ پر یہاں پہنچنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا ایلائزی پیلس میں شاندار رسمی خیر مقدم کیا گیا ۔ رسمی استقبالیہ تقریب میں فرانسیسی وزیر خارجہ لارینت فیبئس نے فرانسیسی وفد سے وزیر اعظم نریندر مودی کا تعارف کرایا ۔ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ ہے ۔

Govt. will defend rights of citizens of all faiths: Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں